جمعہ : 25 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بریگزٹ میں طویل التوا، یورپی یونین کی رکن ریاستیں متفق نہ ہو سکیں[/pullquote]

یورپی یونین کی رکن ریاستوں کے نمائندوں کے اجلاس میں اُس برطانوی درخواست پر غور کیا گیا، جس میں یونین چھوڑنے کی تاریخ میں توسیع مانگی گئی ہے۔ آج کے اجلاس میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا اور برطانوی انخلا کے معاملے کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ برطانیہ نے اکتیس اکتوبر کو طے شدہ انخلا کی تاریخ میں توسیع کی درخواست کی ہے۔ یورپی کمیشن کی خاتون ترجمان کے مطابق یورپی رہنماؤں کی کسی ہنگامی سمٹ کا فی الحال کوئی امکان موجود نہیں ہے۔ فرانس نے مختصر التوا کی تجویز پیش کر رکھی ہے۔ دوسری جانب جرمنی اور دوسری کئی ریاستیں التوا کی کم سے کم مدت تین ماہ تجویز کر رہے ہیں۔

[pullquote]کیلیفورنیا کی جنگلاتی آگ شدید ہوتی ہوئی[/pullquote]

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلوں میں آگ پھیلتی جا رہی ہے۔ شمالی کیلیفورنیا میں لگی جنگلاتی آگ کی شدت اتنی زیادہ ہے کہ پہاڑی علاقوں پر آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ کم از کم انچاس رہائشی عمارتیں جل کر راکھ ہو چکی ہیں۔ کیلیفورنیا کے مقام سانتا کلاریٹا میں جنگلاتی آگ چوبیس اکتوبر کو لگی تھی۔ اس نے انتہائی تیزی کے ساتھ پھیلنا شروع کر دیا اور قریبی انسانی بستیوں کے لیے خطرے کا سبب بن گئی۔ حکام نے پچاس ہزار افراد کو فوری طور پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔

[pullquote]لبنانی مظاہرین نے دارالحکومت میں خیمے نصب کر دیے[/pullquote]

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں مظاہرین نے خیمے نصب کر کے اپنے احتجاجی عمل کو طول دے دیا ہے۔ یہ مظاہرین ٹریفک کے نظام میں بھی خلل ڈالنے میں مصروف ہیں۔ اپنے احتجاج سے یہ حکومت پر دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں کہ وہ مستعفی ہو جائے۔ جمعہ پچیس اکتوبر کو بھی تمام بینک اور تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں۔ مظاہرین نے کچھ دیر کے لیے بیروت اور صیدا کے ملانے والی شاہراہ کو بھی بند کر کے اُس پر ٹائروں کو جلانا شروع کر دیا تھا لیکن لبنانی فوج نے مداخلات کر کے شاہراہ کی بندش کا خاتمہ کیا۔

[pullquote]امریکا شامی تیل کے کنوؤں کی حفاظت کے لیے فوجی بھیجے گا[/pullquote]

امریکی محکمہ دفاع شام کے مشرقی حصے میں موجود تیل کے کنوؤں کی حفاظت کے لیے اضافی فورسز تعینات کرے گا۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق یہ فوجی یہ بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس وقت کرد ملیشیا کے کنٹرول میں موجود تیل کے کنویں واپس داعش یا دیگر دہشت گرد عناصر کے قبضے میں نہ چلے جائیں۔ یہ تعیناتی امریکی پارٹنرز اور کرد سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے مشاورت سے ہو گی۔ قبل ازیں امریکا نے شام کے شمالی حصے سے امریکی فورسز کو نکال لیا تھا جسے کرد ملیشیا نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

[pullquote]برطانوی وزیراعظم کی بارہ دسمبر کو قبل از وقت الیکشن کی تجویز[/pullquote]

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے اکتیس اکتوبر کو یورپی یونین سے نکلنے پر اصرار ختم کرتے ہوئے بارہ دسمبر کو قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بریگزٹ کے معاملے میں برطانوی سیاستدانوں میں پائے جانے والا تعطل کا حل نئے انتخابات میں پوشیدہ ہے۔ برطانیہ میں اگلے انتخابات کا سال سن 2022 ہے لیکن جانسن قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں۔ کئی چھوٹی سیاسی پارٹیوں نے بھی مدت سے پہلے الیکشن کی حمایت کی ہے۔ برطانوی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے لیڈر نے بھی کہا ہے کہ وہ یورپی یونین کے بریگزٹ میں التوا کے فیصلے کا انتظار کریں گے۔ ابھی تک بورس جانسن کو بریگزٹ کے حوالے سے ملکی پارلیمنٹ میں خاصی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

[pullquote]چین اور امریکا کے تجارتی مذاکرات[/pullquote]

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں چین اور امریکا کے درمیان تجارتی تنازعات کو حل کرنے کا مذاکراتی راؤنڈ آج جمعہ پچیس فروری کو ہو گا۔ توقع ہے ان مذاکرات میں امریکا چین کو پیشکش کرے گا کہ وہ امریکی زرعی مصنوعات کی خرید میں اضافہ کرے۔ اس کے جواب میں بیجنگ حکومت اپنی مصنوعات کی امپورٹ پر امریکی درآمدی ٹیکس میں کمی یا منسوخی کا مطالبہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات میں امریکا کی نمائندگی خصوصی تجارتی مندوب رابرٹ لائٹ ہائزر اور وزیر خزانہ اسٹیون منوچن کریں گے جب کہ چین کے نائب وزیراعظم لیُو ہِی چینی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ہیں۔ فریقین تجارتی ڈیل کے پہلے مرحلے کو حتمی شکل دینے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]ترکی، شامی مہاجرین کو زبردستی شام میں واپس بھیج رہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل[/pullquote]

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ ترکی میں پناہ لیے ہوئے شامی مہاجرین کو ترک حکومت زبردستی شام میں واپس بھیج رہی ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق شام کے شمالی حصے میں ترک آپریشن کے آغاز سے کئی ماہ قبل ہی ترکی نے مہاجرین کو شمالی شام میں واپس بھیجنا شروع کر دیا تھا۔ اس تنظیم کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ترکی یہ سلسلہ ترک کرے اور ان شامی مہاجرین کو واپسی کی اجازت دے جنہیں پہلے وہاں بھیجا جا چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق 3.6 ملین شامی مہاجرین ترکی میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

[pullquote]نیٹو کے وزرائے دفاع کا اجلاس، شام میں ترک فوجی آپریشن پر تنقید[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے وزرائے دفاع نے ترکی کے شمالی شام میں شروع کیے گئے فوجی آپریشن پر تنقید کی ہے۔ جمعرات کو شروع ہونے والے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شمالی شام کے کردوں کے خلاف ترک فوجی آپریشن کو غیر معمولی فوقیت حاصل رہی۔ دفاعی اتحاد کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے ترک فوجی ایکشن پر ہونے والی گفتگو کو کھلی اور فرینک قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزراء میں اتفاق رہا کہ داعش کے خلاف فوجی کارروائیوں میں متحد رہنا ضروری ہے۔ شمالی شام میں سکیورٹی زون کے قیام کی جرمن تجویز کو نیٹو اجلاس کے پہلے دن زیادہ پذیرائی حاصل نہیں ہوئی۔

[pullquote]تھائی مسلمانوں نے ’ٹاک بئی قتل عام‘ کی پندرہویں برس منائی[/pullquote]

تھائی لینڈ میں ٹاک بئی قتل عام کی پندرہویں برسی کے سلسلے میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ اس واقعے میں گرفتار شدہ مظاہرین فوجی ٹرکوں میں مارے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے تھائی مسلمانوں کی تعداد پچاسی بتائی جاتی ہے۔ یہ گرفتاریاں ملائے مسلمانوں کی حکومت کے خلاف ایک جلوس میں شریک افراد کی گئی تھیں۔ اس جلوس کے قریب تیرہ سو افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔ ان افراد کو فوجی ٹرکوں میں ٹھونس کر حراستی مراکز کی جانب لے جایا گیا اور درجنوں افراد دم گھٹنے سے موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔ تھائی مسلم علاقے میں جاری علیحدگی پسندی کی تحریک میں اب تک سات ہزار انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

[pullquote]جنوبی کوریا نے ای سگریٹ پینے پر سخت انتباہ جاری کر دیا[/pullquote]

جنوبی کوریائی حکومت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ای سگریٹ کے استعمال سے اجتناب کریں کیونکہ یہ اُن کی صحت کے لیے سخت نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ جنوبی کوریائی وزیر صحت نے ای سگریٹ پینے کو انسانی زندگی کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں ای سگریٹ نوشی سے پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصانات کا ذکر بھی کیا۔ سیئول حکومت نے یہ بھی کہا کہ ای سگریٹ کے پینے سے نظام تنفس کے عارضوں کے بارے میں طبی تحقیق جلد مکمل کر لی جائے گی۔ دوسری جانب امریکی طبی حلقوں نے کم از کم تینتیس افراد کی موت کو ای سگریٹ نوشی کا نتیجہ خیال کیا ہے۔

[pullquote]بریگزٹ میں التواء: یورپی یونین آج غور کرے گی[/pullquote]

یورپی یونین کی رکن ریاستوں کے نمائندے آج برطانیہ کے اکتیس اکتوبر کے مجوزہ انخلا میں التواء کی درخواست پر غور کریں گے۔ برسلز کے سفارتی ذرائع کے مطابق بدھ کو بظاہر بریگزٹ کی تاریخ کو آگے بڑھانے پر رکن ریاستوں میں اتفاق رائے ہو چکا ہے لیکن کسی حتمی مدت کا تعین نہیں ہوا۔ آج جمعے کے اجلاس میں یہی معاملہ اہمیت اختیار کیے ہوئے ہے۔ فرانس نے مختصر التوا کی تجویز پیش کر رکھی ہے۔ دوسری جانب جرمنی اور دوسری کئی ریاستیں التوا کی کم سے کم مدت تین ماہ تجویز کر رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے