منگل:10 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی صدر اگلے ہفتے جاپان کا دورہ کریں گے[/pullquote]

جاپانی نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی انیس دسمبر کو جاپانی دارالحکومت ٹوکیو پہنچیں گے۔ ٹوکیو پہنچ کر ایرانی صدر میزبان وزیراعظم شینزو آبے کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں علاقائی معاملات پر گفتگو کرنے کے ساتھ ساتھ امریکی پابندیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کو بھی زیر بحث لایا جائے گا۔ شینزو آبے نے پیر نو دسمبر کو کہا تھا کہ ان کی حکومت ایران کے ساتھ رابطے میں ہے تا کہ امریکا کے ساتھ جوہری معاملات پر بحرانی صورتحال کو بہتر کیا جا سکے۔ یاد رہے جاپانی وزیراعظم رواں برس جون میں ایران کا دورہ کر چکے ہیں۔

[pullquote]چیک جمہوریہ: ہسپتال میں شوٹنگ، چھ ہلاک[/pullquote]

چیک جمہوریہ میں ایک مسلح شخص نے چھ افراد کو ایک ہسپتال میں داخل ہو کر ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والے انتظار گاہ میں بیٹھے ہوئے تھے۔ بعد میں گولیاں مارنے والے نے خود کو بھی سر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ہسپتال میں گولیاں چیک جمہوریہ کے مشرقی شہر اوسٹراوا میں چلائی گئیں۔ چیک حکام کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں کہ حملہ آور نے یہ واردات کیوں کی ہے۔ سن 2015 کے بعد چیک جمہوریہ میں شوٹنگ کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے۔ اُس وقت اروسکی براڈ نامی شہر میں آٹھ افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]بین الاقوامی عدالت انصاف میں میانمار کے خلاف نسل کشی کے الزامات کی سماعت[/pullquote]

اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں میانمار میں روہنگیا اقلیت کی نسل کشی کے الزامات کی سماعت کی گئی۔ اس عدالتی کارروائی میں میانمار کے وفد کی قیادت امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی انگ سان سوچی نے کی۔ اجلاس میں شرکت سے قبل سوچی نے میڈیا کے ساتھ کوئی گفتگو نہیں کی۔ سماعت کے دوران وکیل استغاثہ نے اپنے ابتدائی دلائل میں میانمار کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ روہنگیا برادی کی ہلاکتوں کے سلسلے کو فوری طور پر روکے۔ یہ درخواست افریقی ملک گیمبیا نے دے رکھی ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ کی کابینہ میں تبدیلیاں لائی جا سکتی ہیں، کیری لام[/pullquote]

خصوصی اختیارات کے حامل چینی علاقے ہانگ کانگ کی انتظامی لیڈر کیری لام نے واضح کیا ہے کہ فوری طور پر انتظامی کابینہ میں تبدیلیوں کا امکان نہیں لیکن ایسا ممکن ہے۔ ایسی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ بیجنگ حکومت ہانگ کانگ کی کابینہ میں رواں برس کے اختتام سے قبل تبدیلیوں کی توقع کر رہی ہے۔ کیری لام چینی حکومت کے ساتھ صلاح مشوروں کے لیے رواں ہفتے کے آخر میں بیجنگ پہنچیں گی۔ اُن کے ایجنڈے کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئی۔ سٹی اسمبلی کے انتخابات کے باوجود ہانگ کانگ کے شہریوں کے مظاہروں کا سلسلہ ختم نہیں ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آج منگل دس دسمبر کو بھی احتجاج کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

[pullquote]قطری امیر سالانہ خلیجی سمٹ میں شرکت نہیں کریں گے[/pullquote]

خلیجی ریاست قطر کے امیر شیخ حمد تمیم بن حمد الثانی گلف کوآپریشن کونسل کے سالانہ سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ اس اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی بادشاہ نے دی تھی۔ یہ کانفرنس منگل گیارہ جون کو سعودی عرب کی میزبانی میں منعقد ہو گی۔ سمٹ میں قطری وزیراعظم اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ خلیجی تعاون کونسل کے رکن ملکوں میں بحرین، کویت، سعودی عرب، عمان، قطر اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

[pullquote]مصری وسل بلؤر کو غیرحاضری میں پانچ برس کی سزائے قید سنا دی گئی[/pullquote]

ایک مصری عدالت نے خود ساختہ جلا وطنی اختیار کرنے والے تاجر کو اُن کی غیر حاضری میں پانچ برس قید کی سزا سنائی ہے۔ اسپین میں مقیم محمد علی نامی وسل بلؤر نے السیسی حکومت کی مبینہ بدعنوانیوں پر مبنی ویڈیوز جاری کی تھیں۔ ان ویڈیوز میں انہوں نے ملکی عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ صدر عبد الفتاح السیسی کی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور انہیں اقتدار سے فارغ کر دیں۔ السیسی نے محمد علی کے لگائے گئے کرپشن الزامات کی تردید کی تھی۔ علی کی ویڈیوز ریلیز ہونے کے بعد ستمبر میں مصر کے بعض شہروں میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے لیکن انہیں کچل دیا گیا تھا۔

[pullquote]فینش پارلیمنٹ کے اجلاس میں نئے وزیراعظم کا انتخاب منگل کو ہو گا[/pullquote]

فن لینڈ کی پارلیمنٹ آج منگل کو اپنے ایک اجلاس میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی چونتیس سالہ خاتون رہنما سانا مارین کو نیا وزیراعظم منتخب کرے گی۔ مارین نے ایک روز قبل پارٹی الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔ وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد وہ دنیا کی کم عمر ترین وزیراعظم ہوں گی۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی فینش پارلیمان کے سب سے بڑے سیاسی اتحاد کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ اِس اتحاد نے سانا مارین کو منصب وزارت عظمیٰ کے امیدوار کی حمایت بھی کر دی ہے۔ قوی امکان ہے کہ سانا مارین کی کابینہ میں کلیدی وزارتوں پر خواتین براجمان ہو سکتی ہیں۔ مارین اپنے ملک کی تیسری خاتون وزیراعظم ہوں گی۔

[pullquote]نیوزی لینڈ: جزیرے پر آتش فشاں پھٹنے سے تیرہ ہلاکتوں کا امکان[/pullquote]

نیوزی لینڈ کی پولیس کے مطابق وائٹ آئیلینڈ پر آتش فشاں پھٹنے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد تیرہ تک ہو سکتی ہے۔ ایک روز قبل حکام نے کم از کم پانچ انسانی جانوں کے ضائع ہونے کی تصدیق کی تھی۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن نے جزیرے پر ہونے والی ہلاکتوں کو ایک بڑا المیہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لاپتہ افراد میں گیارہ آسٹریلین شہری ہیں۔ آتش فشاں کی راکھ اور لاوے سے جھلسنے والے آسٹریلوی شہریوں کی تعداد تیرہ بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کو مختلف شہروں کے برن سینٹرز میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ پولیس نے اس واقعے کی فوجداری تفتیش شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]صدر ٹرمپ کے مواخذے کی شِقوں کا اعلان منگل کو ہو سکتا ہے[/pullquote]

امریکی کانگریس کی ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت والے ایوانِ نمائندگان آج کسی وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کم از کم دو شقوں کا اعلان کر سکتے ہیں۔ ان شقوں پر ایوانِ نمائندگان کی عدالتی کمیٹی نے پیر کے روز دس گھنٹے کے طویل اجلاس میں غور و خوص کیا۔ ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے پیر کی شام ان شقوں پر اظہار خیال کرنے سے گریز کیا۔ ایک تقریب میں شریک پیلوسی نے یہ ضرور کہا کہ ٹرمپ کے اقدامات سے انتخابی عمل اور قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز مواخذے کے خلاف کئی ٹویٹ کیے۔ ان کے حلیف مواخذے کے عمل کو لغو اور بے بنیاد قرار دیتے ہیں۔

[pullquote]چلی کا فوجی مال بردار طیارہ لاپتہ[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک چلی کا ایک فوجی مال بردار طیارہ پیر نو دسمبر کی شام لاپتہ ہوگیا ہے۔ اس طیارے پر اڑتیس افراد سوار تھے۔ یہ مال بردار طیارہ انٹارکٹکا میں واقع چلی ایئر بیس پر لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کے لیے جا رہا تھا۔ چلی فضائیہ کے ایک بیان کے مطابق ہرکولیس سی 130 نامی مال بردار طیارہ جنوبی شہر پُونٹا ایریناس سے روانہ ہوا۔ اس پر اکیس مسافر اور عملے کے سترہ افراد سوار تھے۔ روانگی کے تقریباً ایک گھنٹے بعد کنٹرول روم کے ساتھ اس طیارے کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ حکام کے مطابق لاپتہ طیارے اور مسافروں کا پتہ لگانے کے لیے تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس عمل میں ریسکیو ٹیمیں بھی شریک ہیں۔

[pullquote]آسٹریلوی این جی او کے لیے ایشیائی انسانی حقوق کا ایوارڈ[/pullquote]

رواں برس کا ایشیا ڈیموکریسی اور ہیومن رائٹس ایوارڈ کا حقدار ڈپلومیسی ٹریننگ پروگرام کو ٹھہرایا گیا ہے۔ ڈپلومیسی ٹریننگ پروگرام (DTP) ایک آسٹریلین غیر سرکاری تنظیم ہے جو تائیوان میں مقیم ہے۔ گزشتہ انتیس برسوں سے یہ تنظیم انسانی حقوق کے حوالے سے سرگرم عمل ہے۔ ڈی ٹی پی ایشیا اور بحر الکاہل کے علاقے میں جمہوری اقدار کی ترویج اور انسانی حقوق کی نگرانی کے لیے متعدد تربیتی پروگرام کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایک خصوصی تقریب میں تائیوانی صدر سائی اِنگ وین نے ڈپلومیسی ٹریننگ پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پیٹرک ارل کو یہ ایوارڈ دیا۔ گزشتہ دس برسوں سے ایک غیرمنافع بخش تنظیم تائیوان فاؤنڈیشن برائے جمہوریت یہ ایوارڈ دے رہی ہے۔ اس ایوارڈ کے ساتھ ایک لاکھ ڈالر کا انعام بھی دیا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے