وزیراعظم کی تقریر سے نہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم بند ہوا، نہ کرفیو ختم ہوا:سراج الحق

لاہور: جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 27 ستمبر کی تقریر سے نہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم بند ہوا اور نہ کرفیو ختم ہوا۔

لاہور میں جماعت اسلامی کی جانب سے آزادی کشمیر مارچ کیا گیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مارچ میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔

مارچ کے شرکاء ناصر باغ سے ریلی کی شکل میں مال روڈ تک پہنچے جہاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں سراج الحق کا وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی 27 ستمبر کی تقریر سے نہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم بند ہوا اور نہ کرفیو ختم ہوا، وزیرا‏عظم کی تقریر ان کا پیچھا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 370 اے کا خاتمہ اچانک نہیں ہوا بلکہ یہ مودی کے منشور کا حصہ تھا، کشمیریوں کی بستیاں برباد اور قبرستان آباد ہوگئے ہیں لہٰذا وزیراعظم کو اب تقریروں کے بجائے کوئی عملی اقدام کرنا ہوگا، افسوس ہے کہ حکمرانوں نےکشمیریوں کی محبت کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا۔

ان کا کہنا ہے کہ کشمیری سری نگر میں پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں مگر افسوس ہے کہ حکمرانوں نے کشمیریوں کی محبت کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا، 16 اکتوبر کو کشمیری مائیں اور بہنیں اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عمران خان اقوام متحدہ گئے لیکن امریکہ کے خوف کی وجہ سے ڈاکٹر عافیہ پر ایک لفظ نہیں بولے، اگر وزیر اعظم نے کوئی عملی اقدام نہ کیا تو قوم معاف نہیں کرے گی۔

ملکی معاشی حالات پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت، عدالتوں، میڈیا اور ہر محکمے کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 27 ستمبر کو خطاب کیا تھا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کا مکروہ بے نقاب کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے