وزیراعظم کی اشیائے خورد و نوش اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے اور جان بچانے والی اور کینسر کی ادویات کی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت کردی۔
کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے پر زیرو ٹالرنس کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں اْتار چڑھاوٴ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے مہنگائی کنٹرول کے حوالے سے جمعہ کو چاروں وزرائے اعلی کو بھی طلب کیا ہے، وزرائے اعلیٰ سے بنیادی اشیا کی قیمتیں مستحکم کرنے سے متعلق غور کیا جائے گا، جب کہ صوبوں کی پرائس کمیٹیوں کو فعال کیا جائے گا۔

فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے جان بچانے والی اور کینسر کی ادویات کی قیمتوں پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے، جان بچانے والی اور اینٹی کینسر ادویات کی قیمتوں کو فوری طور پر کم کیا جائے گا جب کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ 89 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی سمری بنائی جارہی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے، سی ڈی اے کو مکمل خود مختار ادارہ بنایا جارہا ہے، اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس اور لنگر خانوں پر پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ منصوبے کی منظوری دی گئی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دھرنے کا مقصد مال بچانا ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے مال بچانے کا ٹھیکہ مولانا کو دے دیا ہے، اگر مولانا کے پاس عوامی پذیرائی ہوتی تو وہ پارلیمنٹ سے باہر نہ ہوتے، آزادی مارچ سے متعلق تو شہباز شریف اور نواز شریف بھی ایک پیج پرنہیں یہ کھوکھلے نعروں سےعوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، مارچ اور دھرنے سے متعلق لائحہ عمل صوبائی حکومتوں پر چھوڑا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے