پاکستان آکر ٹیسٹ نہ کھیلنے کی وجہ بتائی جائے، پی سی بی کا بنگلادیشی بورڈ کو خط

بنگلادیش کی جانب سے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔

پی سی بی بنگلہ دیش کے جواب سے غیر مطمئن ہے جس کے بعد اُس نے دوبارہ خط لکھ کر ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے کی وجہ دریافت کی ہے۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے گزشتہ بدھ کو لکھے گئے خط کا جوب دیا ہے جس میں بتایا ہے کہ وہ اس وقت ٹیسٹ میچز نہیں کھیل سکتے البتہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے پانچ دن کیلئے پاکستان آسکتے ہیں۔

خط میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان آکر ٹیسٹ نہ کھیلنے کی وجہ نہیں بتائی جس کے بعد پی سی بی نے بنگلا دیش کو دوبارہ خط لکھا ہے اور ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ دریافت کی ہے۔

پی سی بی نے خط میں تحریر کیا ہے کہ بنگلادیش کی دو ٹیمیں حال ہی میں پاکستان میں سیریز کھیل چکی ہیں، پاکستان اور سری لنکا کی سیریز ہوچکی ہے تو پھر اب ایسی کیا وجہ ہے کہ بنگلادیش ٹیسٹ میچز نہیں کھیل سکتا؟ اگر سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات ہیں تو آزادانہ کنسلٹنٹ سے پوچھا جاسکتا ہے، آئی سی سی سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ اگلے برس مارچ میں بنگلا دیش میں ورلڈ الیون اور ایشیا الیون کے درمیان میچز کے لیے پاکستان کے کھلاڑیوں کو ایشیا الیون میں شامل نہیں کیا جا رہا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ دعوت نامہ ملا تھا لیکن پاکستان سُپر لیگ کے سبب کھلاڑیوں کو بھیجنا ممکن نہیں۔

[pullquote]بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار[/pullquote]

کئی ماہ کی ٹال مٹول کے بعد بالآخر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا۔

چیئرمین بی سی بی ناظم الحسن نے باضابطہ طور پر اس بات کا اعلان کیا ہے کہ بنگلا دیش کی کرکٹ تیم پاکستان کے خلاف سیریز ابھی نہیں کھیل سکتی۔

بنگلہ دیش میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ناظم الحسن نے بورڈ اجلاس اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی جس کے بعد اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی بہتر صورتحال کے باوجود کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان جانے پر رضامند نہیں۔

بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نے مزید کہا کہ ان کی سیکیورٹی ٹیموں نے پاکستان کا دوہ کیا ہے اور صورتحال تسلی بخش بتائی ہے لیکن ہم ابھی حکومتی گرین سگنل کے منتظر ہے، بعض سینیئر کھلاڑیوں سے بھی جاننا چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں گے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف بھی پاکستان میں لمبا عرصہ رہنا نہیں چاہتا،اس لیے فوری طور پر پاکستان جا کر ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل سکتے۔

خیال رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کا جنوری میں پاکستان کا دورہ شیڈول ہے جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں، ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہیں۔

گذشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیر مین احسان مانی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ پاکستان اب ہوم سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلے گا، بنگلادیش کو ثابت کرنا ہوگا کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہے اور امید ہے کہ وہ پاکستان نہ آنے کا کوئی جواز نہیں ڈھونڈیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بنگلادیش کی ٹیم نہیں آئی تو معاملہ آئی سی سی ڈسپیوٹ میں بھی جاسکتا ہے لیکن فی الحال بات چیت جاری ہے اس لیے مزید تبصرہ نہیں کرسکتے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کامیابی سے مکمل کی ہے جس میں پاکستان نے 0-1 سے کامیابی حاصل کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے