کشمیر کیلئے ہماری تحریک سمندر کی شکل اختیار کر جائے گی: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے حقوق کے لیے ہماری تحریک سمندر کی شکل اختیار کر جائے گی۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں انسانی ہاتھوں کی رنجیر بنائی گئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور وزیراعظم کے مشیر و معاونین خصوصی سمیت عوام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کر رہا ہے لیکن اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے کشمیر کے معاملے پر بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی کا مقصد کشمیر کے لوگوں کو پیغام دینا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بار بار دنیا کو پیغام دیں گے کہ 80 لاکھ انسانوں کو بھارت کی فوج نے کرفیو میں بند کر رکھا ہے، گھروں میں عورتیں، بچے، بوڑھے بیمار سب بند ہیں، کشمیری عوام حق نہ ملنے پر احتجاج کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی میڈیا ہانگ کانگ کے احتجاج کی کوریج کرتا ہے لیکن کشمیر کے مظالم کو نہیں دکھاتا، کشمیر میں ظلم پر عالمی میڈیا میں کوریج نہ ہونے کے برابر ہے، ملکوں کے لیے پیسا انسانوں سے زیادہ اہم بن گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، اقوام متحدہ نے بھی مقبوضہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا حق دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انسان کے ہاتھ میں صرف کوشش کرنا ہے،کامیابی اللہ دیتا ہے، ہم سب مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کبھی یورپی یونین اور سلامتی کونسل میں اس طرح بات نہیں ہوئی جیسے اب ہوئی۔

ان کا کہنا تھا غیر قانونی طور پر بھارت نے اپنا آئین بدل دیا ہے، مودی سمجھتا ہے کشمیر کے لوگ بھیڑ بکریوں کی طرح آرام سے مان جائیں گے لیکن جیسے ہی مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے گا لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکلیں گے کیونکہ کشمیری عوام میں موت کا خوف ختم ہو گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری تحریک کشمیریوں کے انسانی حقوق کے لیے ہے، آہستہ آہستہ بات دیگر ممالک میں پھیلتی جا رہی ہے، ہماری یہ تحریک سمندر کی شکل اختیار کر جائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے