آفریدی اور حفیظ کی فٹنس کیمپ میں شرکت سے معذرت

لاہور: قومی ٹیم کے سابق قائدین محمد حفیظ اور شاہد آفریدی نے انجری کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام نیشنل کرکٹ اکیڈمی(این سی اے) میں لگائے جانے والے فٹنس کیمپ میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایبٹ آباد میں فوج کی زیر نگرانی بوٹ کیمپ سے قبل کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کیلئے این سی اے میں ایک فٹنس کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا تھا جس کا انعقاد آٹھ سے 12 مئی تک ہو گا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر پیغام میں اپنی عدم دستیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پی سی بی کو بتا دیا تھا کہ وہ ٹخنے میں معمولی تکلیف محسوس کر رہے ہیں اس لیے فٹنس کیمپ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔

اسٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ میں انگلش کاؤنٹی میں ہیمپشائر کی نمائندگی کیلئے مکمل فٹنس حاصل کرنا چاہتا ہوں لہٰذا میں جیسے ہی سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گا، فٹس ٹیسٹ دے دوں گا۔

واضح رہے کہ انضمام الحق کی زیر سربراہی پاکستان کرکٹ کی نئی سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے سلسلے میں این سی اے میں فٹنس کیمپ لگانے کا اعلان کیا تھا تاہم دورے کے لیے اعلان کردہ ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شاہد آفریدی کا نام شامل نہیں تھا جہاں انضمام کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کیلئے آفریدی کا نام شامل نہیں کیا گیا۔

اس فٹنس کیمپ میں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کی شرکت لازمی ہے لیکن اگلے دو سال تک آفریدی کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات انتہائی کم ہونے سبب ہو سکتا ہے کہ انہوں نے کیمپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہو۔

دوسری جانب سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی انجری کے سبب کیمپ میں شریک ہونے سے معذرت کر لی ہے جبکہ مصباح الحق عمرے کی ادائیگی کے سبب کیمپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

ڈان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ گھنٹے کے پٹھوں میں انجری ہے اور یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کب تک فٹنس حاصل کر پاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ گھٹنے کی انجری کو چھ ہفتے گزر چکے ہیں، بحالی کا عمل جاری ہے لیکن ابھی تک سو فیصد ریکوری نہیں ہوئی لہٰذا فٹنس کیمپ میں شرکت نہیں کر سکوں گا۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ ایبٹ آّباد میں ہونے والے بوٹ کیمپ میں جائیں گے اور کوشش کریں گے کہ دورہ انگلینڈ سے قبل مکمل فٹنس حاصل کر سکیں۔

یاد رہے کہ 12 مئی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس کیمپ کے اختتام کے بعد 13 مئی سے فوج کی زیر نگرانی ایبٹ آباد میں طویل بوٹ کیمپ کا آغاز ہو گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے