اتوار: 08 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نئی دہلی کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی، درجنوں افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک فیکٹری میں آتشزدگی کی وجوہات جاننے کی خاطر تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ آج اتوار کی صبح اس حادثے کے نتیجے میں کم از کم 43 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس چار منزلہ فیکٹری میں اتوار کو علی الصبح اس وقت آگ لگی، جب مزدور اور فیکٹری کا دیگر عملہ وہاں سو رہا تھا۔ نئی دہلی کے صدر بازار میں واقع اس فیکٹری میں پلاسٹک کے کھلونے بنائے جاتے تھے۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں انسانی حقوق کی خاطر بڑا مظاہرہ[/pullquote]

ہانگ کانگ میں اس ویک اینڈ پر بھی ہزاروں افراد نے حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی ہے۔ گزشتہ کئی مہینوں سے یہ مظاہرین ہر ویک اینڈ پر مرکزی اقتصادی گڑھ میں احتجاج کرتے ہیں۔ آج ہیومن رائٹس واچ ڈے کے موقع پر ہونے والے اس احتجاج کو حکومتی منظوری حاصل تھی۔ سیاہ لباس میں ملبوس مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ ٹھیک چھ ماہ قبل ہونے والے ایک ایسے ہی مظاہرے میں ایک ملین مظاہرین نے شرکت کی تھی۔ جمہوریت نواز گروپ کی طرف سے حالیہ ڈسٹرکٹ کونسل الیکشن میں کامیابی کے بعد یہ پہلا بڑا مظاہرہ تھا۔

[pullquote]مصر: جزیرہ نما سینائی میں ایک حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

مصری حکام نے بتایا ہے کہ جزیرہ نما سینائی میں ایک حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اتوار کی صبح جنگجوؤں نے رفح نامی شہر میں قائم ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملہ کر دیا۔ اس کارروائی میں دو دیگر پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تینوں اہلکار جبری طور پر بھرتی کیے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں ایک جنگجو ہلاک ہوا جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔ فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]پینشن اصلاحات ضرور ہوں گی، فرانسیسی حکومت[/pullquote]

فرانسیسی حکومت نے کہا ہے کہ طے شدہ پینشن اصلاحات کے منصوبے کو عملی جامہ ضرور پہنایا جائے گا۔ وزیر اعظم ایڈوار فیلپ نے کہا ہے کہ البتہ نیا سسٹم مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا اور عوام کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ دوسری طرف ان مجوزہ اصلاحات پر مزدور یونینز کی طرف سے ہڑتال اور مظاہروں کے نتیجے میں اتوار کے دن بھی ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم رہا۔ سن دو ہزار سترہ کے صدراتی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے سیاستدان ایمانویل ماکروں نے پینشن اصلاحات اور ملکی اقتصادیات کو لبرلائز کرنے کا نعرہ لگایا تھا۔

[pullquote]شمالی کوریا کا ’اہم تجربہ‘[/pullquote]

شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سوہائی سیٹیلائٹ لانچنگ اسٹیشن سے ’ایک انتہائی اہم‘ تجربہ کیا ہے۔ یہ وہی لانچنگ اسٹیشن ہے، جس کے بارے میں امریکی حکام نے کہا تھا کہ پیونگ یانگ حکومت اسے بند کرنے کا وعدہ کر چکی ہے۔ شمالی کوریا حکومت نے اس تجربے کو کامیاب قرار دیا لیکن یہ نہیں بتایا کہ یہ کس قسم کا ٹیسٹ تھا۔ ماہرین کے مطابق بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ شمالی کوریا نے اس مرتبہ میزائل کے بجائے راکٹ انجن کا تجربہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ ایسے تجربات کی وجہ سے امریکا اور شمالی کوریا میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

[pullquote]غزہ پٹی میں حماس جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر اسرائیلی فضائی حملے[/pullquote]

فلسطینی حکام نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے حماس کے زیر انتظام غزہ پٹی میں تازہ حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اتوار کو علی الصبح یہ جوابی کارروائی حماس کے جنگجوؤں کی طرف سے اسرائیل پر تین راکٹ داغے جانے کے بعد کی گئی۔ حماس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے شمالی غزہ میں دو علاقوں پر بمباری کی۔ انتیس نومبر کو بھی اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔ اس کی وجہ ایک روز قبل ان جنگجوؤں کی طرف سے راکٹ حملے کیے جانا بتائی گئی تھی۔

[pullquote]ایرانی صدر نے نئے مالی بجٹ کو مزاحمتی قرار دے دیا[/pullquote]

ایران کی حکومت نے نئے مالی سال کے لیے بجٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر حسن روحانی نے پارلیمان میں بجٹ پیش کرتے ہوئے اسے امریکی پابندیوں کے تناظر میں ‘مزاحمتی بجٹ‘ قرار دیا۔ حسن روحانی نے کہا کہ یہ بجٹ اس بات کا اظہار ہے کہ ملک پر پابندیوں کے باوجود تہران حکومت اپنے مالی انتظامات کو بطور احسن سنبھال سکتی ہے، بالخصوص تیل کی تجارت کے حوالے سے۔ عالمی مالیاتی فنڈ کے اندازوں کے مطابق عالمی پابندیوں کی وجہ سے اس سال ایران کی معاشی ترقی میں 9.5 فیصد کمی ہو گی۔

[pullquote]برلن قتل کیس، جرمن وزیر دفاع کا روس سے مطالبہ[/pullquote]

جرمن وزیر دفاع آنے گریٹ کرامپ کارین باؤر نے ماسکو حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ جارجیا کے سیاسی کارکن کے قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں زیادہ تعاون کرے۔ انہوں نے اس معاملے پر ماسکو اور برلن حکومت کے باہمی تعلقات میں کشیدگی پیدا ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اس کارکن کو تئیس اگست کو برلن میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ شبہ ہے کہ اس واردات میں روسی خفیہ ایجنسیاں ملوث تھیں۔ جرمن حکمران سیاسی جماعت سی ڈی یو کی سربراہ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو اس سلسلے میں کریملن کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظر ثانی کرنا چاہیے۔

[pullquote]’میں اسرائیل کا بہترین دوست ہوں‘، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بطور سرابراہ ریاست خود کو اسرائیل کا بہترین دوست قرار دیا ہے۔ انہوں نے ہفتے کی شب فلوریڈا میں اسرائیلی امریکن کونسل نیشنل سمٹ میں کہا کہ ان سے قبل وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کا اتنا بہترین دوست کوئی نہیں رہا، کیونکہ انہوں نے اپنے وعدوں کو وفا کیا ہے۔ ٹرمپ نے اس تناظر میں اسرائیل میں امریکی سفارتخانے کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان سے قبل امریکی صدور نے اسرائیل کے ساتھ صرف زبانی وعدے کیے مگر ان پر عمل نہ کیا۔

[pullquote]نئی دہلی، فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 43 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ پچاس افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے تاہم ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس پانچ منزلہ فیکٹری میں اتوار کی علی الصبح اس وقت آگ لگی، جب مزدور اور فیکٹری کا دیگر عملہ وہاں سو رہا تھا۔ نئی دہلی کے صدر بازار میں واقع اس فیکٹری میں پلاسٹک کے کھلونے بنائے جاتے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس آتشزدگی کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں مظاہروں کا سلسلہ جاری[/pullquote]

ہانگ کانگ میں اس ویک اینڈ پر بھی ہزاروں افراد حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شریک ہیں۔ گزشتہ چھ مہینوں سے یہ مظاہرین ہر ویک اینڈ پر مرکزی اقتصادی گڑھ میں احتجاج کر رہے ہیں۔ آج بروز اتوار کو ہونے والے احتجاج کو حکومتی منظوری حاصل ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ شام تک لاکھوں افراد اس مارچ میں شریک ہو جائیں گے۔ حکومت مخالف مظاہرین میں جوان اور بزرگ افراد کے ساتھ ساتھ خواتین اور طالب علم بھی شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے