اتوار : 11 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]حدیدہ میں شدید لڑائی، کم از کم 61 افراد ہلاک[/pullquote]

یمنی بندرگاہی شہر حدیدہ میں حکومتی فورسز اور ایران نواز حوثی باغیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ طبی اور عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ اس شہر پر قبضے کی لڑائی میں اب تک کم از کم 61 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ درجنوں کو زخمی حالت میں ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ بحیرہ احمر کے کنارے پر واقع اس شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 43 حوثی باغیوں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی ہیں، جب کہ صدر منصور ہادی کے حامی نو جنگجو بھی ہلاک شدگان میں شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شیعہ باغی زخمی ہونے والے جنگجوؤں کو صنعا اور اِب شہروں میں منتقل کر رہے ہیں۔

[pullquote]ابوظہبی کے ولی عہد سعودی عرب میں[/pullquote]

سعودی شاہ سلمان نے ہفتے کے روز ابوظہبی کے ولی عہد کی میزبانی کی۔ سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق اس ملاقات میں یمنی تنازعے خصوصاﹰ حدیدہ سے حوثی باغیوں کو پسپا کرنے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زیاد اس اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، جو ریاض کے دورے پر ہے۔ یہ دورہ ایک ایسے موقع پر کیا جا رہا ہے، جب امریکا کی جانب سے شام میں فائربندی کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ دونوں رہنماں نے خطے کی تازہ ترین صورت حال اور مسائل سے متعلق بات چیت کی۔

[pullquote]بھارت مندر میں داخلہ، پانچ سو سے زائد خواتین نے خود کو رجسٹرڈ کروا لیا[/pullquote]

ہندو روایت پسندوں اور پولیس کے درمیان ایک مندر میں خواتین کے داخلے کے موضوع پر کشیدگی برقرار ہے۔ اگلے ہفتے سے اس مندر میں خواتین داخل ہونا چاہتی ہیں، تاہم سخت گیر نظریات کے حامل ہندوؤں کو اس پر شدید اعتراضات ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 560 خواتین نے اس مندر میں داخلے کے لیے اپنا نام لکھوایا ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے ستمبر میں اپنے ایک فیصلے میں کہا تھا کہ کیرالا ریاست کے جنوب میں قائم اس مندر میں خواتین کو داخل ہونے کی اجازت ہونا چاہیے۔ اس سے قبل صرف دس برس سے کم بچیاں اور پچاس برس سے زائد خواتین اس مندر میں داخل ہو سکتی تھیں۔

[pullquote]کیلی فورنیا کے جنگلات میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی[/pullquote]

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شمال میں جنگلاتی آگ مسلسل پھیل رہی ہے۔ ہفتے کی شب مقامی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس آگ کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ فائر بریگیڈ کے محکمےکے مطابق ہفتے کے روز مختلف مقامات سے مزید 14 لاشیں برآمد کی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں عام شہریوں کے علاوہ تین فائرفائٹرز بھی شامل ہیں۔ اس آگ کو بجھانے کی کارروائیوں میں چار ہزار سے زائد فائرفائٹرز مصروف ہیں۔ جمعرات سے اب تک اس علاقے میں قریب ساڑھے چھ ہزار مکانات جل کر خاکستر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ اور ماکروں کی فرانس میں ملاقات[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دوسرے سرکاری دورہ فرانس پر پیرس میں ہیں۔ وہ رواں ہفتے پہلی عالمی جنگ کےخاتمے کی یادگاری تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔ ٹرمپ ایک ایسے موقع پر فرانس پہنچے ہیں، جب امریکا اور یورپ کے درمیان دفاع کے موضوع پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔ چند روز قبل فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں نے کہا تھا کہ یورپی یونین کو امریکا، روس اور چین سے تحفظ کے لیے یورپی فوج قائم کرنا چاہیے۔ ماکروں کے اس بیان کو صدر ٹرمپ نے ’ہتک آمیز‘ قرار دیا تھا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یورپ کو اس سے قبل نیٹو کے لیے اپنے واجبات ادا کرنا چاہییں۔

[pullquote]آسٹریلیا: چاقو حملہ آور ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے متاثر تھا[/pullquote]

آسٹریلوی حکام کے مطابق میبلورن میں مشتبہ چاقو حملہ آور ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے متاثر تھا، تاہم حکام نے یہ نہیں کہا ہے کہ وہ اس دہشت گرد گروہ سے رابطے میں تھا۔ صومالیہ میں پیدا ہونے والے حسن خلاف شائر علی نے جمعے کی دوپہر میلبورن میں چاقو کے وار کر کے ایک شخص کو ہلاک جب کہ دیگر دو کو زخمی کر دیا تھا۔ یہ حملہ آور پولیس کی گولی سے زخمی ہو گیا تھا اور اسے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسلامک اسٹیٹ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، تاہم اپنے اسے دعویٰ کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا تھا۔ آسٹریلوی حکام کے مطابق ابھی اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیشی اپوزیشن انتخابی اتحاد کی کوششوں میں[/pullquote]

بنگلہ دیشی اپوزیشن اس کوشش میں ہے کہ وہ دسمبر میں ہونے والے انتخابات میں مشترکہ طور پر اپنے امیدوار میدان میں اتارے۔ بنگلہ دیش میں 23 دسمبر کو انتخابات کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جاتیا اوئیکیا فرنٹ کے نام سے 20 جماعتیں مل کر ایک اتحاد قائم کر رہی ہیں۔ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابات سے قبل ملک میں عبوری حکومت قائم کی جائے تاہم حکمران جماعت عوامی لیگ نے اس مطالبے کو غیردستوری قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ بی این پی کی سربراہ اور سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کرپشن کے الزامات کے تحت جیل میں ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے