اتوار : 15 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نامور بھارتی سیاستدان پاکستان کے حق میں بول پڑے[/pullquote]

بھارتی سیاسی جماعت نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار بھی پاکستان کے حق میں بول پڑے ہیں۔ممبئی میں پارٹی کارکنوں سے خطاب میں شرد پوار کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستان میں لوگ ناخوش ہیں بلکہ بھارت کی ایک خاص پارٹی کا پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف بنائے گئے بیانیے کا مقصد سیاسی فائدہ تھا۔شرد پوار کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا اور وہ خود پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے گواہ ہیں۔سابق یونین وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی مانتے ہیں کہ اگر وہ بھارت میں اپنے رشتہ داروں سے نہیں مل سکتے تو کسی بھی بھارتی سے اپنے رشتہ دار ہی کی طرح برتاؤ کرتے ہیں۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر بھی بھارتی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ شرد پوار کے بیان کے بعد بھارتی میڈیا نے ان کے خلاف محاذ کھول دیا ہے اور ان پر پاکستانیوں کے حق میں بیان دینے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔شرد پوار بھارتی ریاست ممبئی کے وزیراعلیٰ اور مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں، اس کے

[pullquote]ہانگ کانگ ميں احتجاجی مظاہرہ پر تشدد رنگ اختيار کر گيا[/pullquote]

ہانگ کانگ ميں حکومتی پابندی کے باوجود آج بروز اتوار ہزاروں افراد احتجاج کے ليے سڑکوں پر نکلے۔ چند مظاہرين کی جانب سے سرکاری عمارات کے کمپليکس پر دھاوا بولنے کی کوشش کے بعد حالات بگڑ گئے اور مظاہرين کو منتشر کرنے کے ليے پوليس نے آنسو گيس کے شيل برسائے اور تيز دھار پانی بھی استعمال کيا۔ چند مظاہرين نے پوليس پر پتھراؤ کيا اور پيٹرول بم برسائے۔ ہانگ کانگ ميں جمہوريت نواز مظاہرين کئی ہفتوں سے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہيں۔ ايک متنازعہ بل پر شروع ہونے والا احتجاج جمہويت کے ليے باقاعدہ ايک تحريک کی شکل اختيار کر چکا ہے۔

[pullquote]وادی اردن کے ايک علاقے ميں يہودی بستی قائم کرنے کا اعلان[/pullquote]

اسرائيلی کابينہ نے مغربی کنارے ميں واقع وادی اردن ميں ايک اور يہودی آبادی قائم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ميووت يريشو نامی علاقے کے حوالے سے يہ فيصلہ اتوار کو کابينہ کے خصوصی اجلاس ميں کيا گيا۔ يہ پيش رفت اسرائيل ميں اليکشن سے دو روز قبل ہوئی ہے۔ وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو نے چند روز قبل ہی اعلان کيا تھا کہ اليکشن جيتنے کی صورت ميں وہ وادی اردن کو اسرائيلی سرزمين ميں ضم کر ليں گے۔

[pullquote]سعودی تنصيبات پر حملہ: ايران نے امريکی الزام مسترد کر ديا[/pullquote]

ايران نے امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو کے الزامات کو مسترد کر ديا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے اتوار کو اپنے بيان ميں کہا کہ پومپيو کے الزامات بلا جواز اور بے بنياد ہيں اور اسی ليے ان کی کوئی اہميت نہيں۔ قبل ازيں امريکی وزير خارجہ نے سعودی عرب ميں تيل کی دو اہم تنصيبات پر ہفتے کو ہونے والے ڈرون حملوں کی ذمہ داری ايران پر عائد کی تھی۔ يمن ميں سعودی عسکری اتحاد کے خلاف برسرپيکار حوثی باغی ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکے ہيں۔

[pullquote]سعودی تنصيبات پر حملے[/pullquote]

يمن کے حوثی باغيوں نے سعودی عرب ميں قائم خام تيل پراسيس کرنے والی دو فیکٹریوں پر ڈرون حملے کيے۔ جن دو پلانٹس پر حملہ کیا گیا ہے ان میں دنيا کی سب سے بڑی تنصيب بھی شامل ہے۔ ہفتے کی رات کيے گئے حملوں کے نتيجے ميں آئل فيلڈز پر آگ بھڑک اٹھی اور تقريباً پچاس فيصد پيداوار بھی رک گئی۔ بعد ازاں سعودی وزير توانائی شہزادہ عبدالعزيز بن سلمان نے بتايا کہ خريس آئل فيلڈ اور ابقيق نامی پراسيسنگ يونٹ پر لگنے والی آگ پر قابو پا ليا گيا ہے۔ نقصانات کی حتمی رپورٹ آئندہ اڑتاليس گھنٹوں ميں متوقع ہے۔ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملوں کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بذريعہ ٹيلی فون رابطہ کيا اور انہيں اپنے تعاون کی يقين دہانی کرائی۔

[pullquote]امريکی اہداف ہمارے ميزائلوں کی رينج ميں ہيں، ايرانی کمانڈر[/pullquote]

ايرانی پاسداران انقلاب کے ايک کمانڈر امير علی حاجی زادے نے دھمکی دی ہے کہ امريکی اڈے اور ايئر کرافٹ کيريئرز ايرانی ميزائلوں کی رينج ميں ہيں۔ ايرو اسپيس فورس کے سربراہ کے بقول ان کا ملک ہميشہ ہی سے مکمل جنگ کے ليے تيار ہے۔ حاجی زادے کا يہ بيان ايک ايسے موقع پر سامنے آيا ہے جب امريکا، سعودی عرب ميں ہوئے حملوں کا الزام ايران پر عائد کر رہا ہے۔

[pullquote]افغان دستوں کی کارروائی، درجنوں جنگجو ہلاک[/pullquote]

امريکی افواج کی حمايت سے افغان دستوں نے وسيع تر کارروائی کرتے ہوئے طالبان کے درجنوں جنگجوؤں کو ہلاک کر ديا ہے۔ وزارت دفاع کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بيان کے مطابق ہفتے کی رات شمالی اور مغربی علاقہ جات ميں کی گئی مختلف کارروائیوں ميں کم از کم اڑتيس جنگجوؤں اور دو سينئر ارکان کو ہلاک کر ديا گيا۔ ہلاک شدگان ميں مولوی نورالدين بھی شامل تھا، جسے طالبان نے صوبہ سمنگن کا گورنر مقرر کر رکھا تھا۔ طالبان نے البتہ اس خبر کی ترديد کی ہے۔ اٹھائيس ستمبر کو ہونے والے صدارتی اليکشن سے قبل افغانستان ميں ان دنوں سکيورٹی آپريشنز عروج پر ہيں۔

[pullquote]افغانستان کے کئی حصوں ميں بجلی کی سپلائی متاثر[/pullquote]

افغانستان کے قريب گيارہ صوبوں ميں بجلی کی ترسيل منقطع ہو گئی ہے۔ بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی بريشنا کے مطابق شمالی صوبہ بغلان ميں تين کھنبوں يا پولز کو دھماکا خيز مواد سے اڑا ديا گيا، جو اس بندش کی وجہ بنا۔ بريشنا کے مطابق حکومت مخالف عناصر اس کارروائی کے پيچھے ہيں۔ بجلی کی بندش سے کابل بھی متاثر ہے۔ سپلائی بحال کرنے کے ليے کام شروع کر ديا گيا ہے۔ جس صوبے ميں يہ کارروائی کی گئی، وہاں طالبان کافی متحرک ہيں تاہم فی الحال اس بارے ميں ان کا کوئی بيان سامنے نہيں آيا ہے۔

[pullquote]افغانستان ميں ريڈ کراس کی سرگرمياں بحال[/pullquote]

امدادی تنظيم ريڈ کراس نے افغانستان ميں اپنی سرگرمياں بحال کر دی ہيں۔ افغانستان ميں تنظيم کی ترجمان رويا موسوی نے اس کی تصديق کر دی ہے۔ يہ پيش رفت افغان طالبان کی جانب سے اس ادارے پر عائد پابندی کے خاتمے کے بعد سامنے آئی ہے۔ طالبان نے اتوار کے دن ہی اس فيصلے کا اعلان کيا اور يہ بھی کہا کہ اس کے جنگجو ريڈ کراس کے عملے کو تحفظ فراہم کريں گے۔ طالبان کی جانب سے حفاظت کی يقين دہانی نہ دينے کے نتيجے ميں اپريل سن 2018 ميں اس ادارے نے افغانستان میں اپنی تمام تر سرگرمياں روک دی تھيں۔

[pullquote]سرحد پر فائرنگ کے واقعات، افغان اور بھارتی سفير طلب[/pullquote]

پاکستانی دفتر خارجہ نے ہفتے چودہ ستمبر کے روز افغان سفير کو طلب کيا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق افغان سرزمين سے جنگجوؤں نے پاکستانی حدود کی طرف فائرنگ کی، جس پر احتجاج کے ليے سفير کو طلب کيا گيا۔ پاکستان کا دعوی ہے کہ جنگجوؤں نے جمعے کی شب سرحد پر تعينات ايک فوجی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر ديا جب کہ ہفتے کو پيش آنے والے ايک اور واقعے ميں ايک اور مقام پر کھڑے فوجيوں کو نشانہ بنايا گيا، جس ميں تين فوجيوں کی ہلاکت واقع ہوئی۔ دريں اثناء ہفتے کے روز ہی پاکستان ميں بھارتی سفير کو بھی طلب کيا گيا۔ اس طلبی کا مقصد بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے بالاکوٹ ميں ايک چاليس سالہ عورت کی ہلاکت پر احتجاج تھا۔

[pullquote]بھارت ميں کشتی ڈوبنے کا واقعہ، درجنوں لاپتہ[/pullquote]

بھارت کی جنوبی رياست آندھرا پرديش ميں مسافروں سے بھری ايک کشتی ڈوب گئی ہے۔ حادثے ميں اب تک بارہ افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے جبکہ پينتيس افراد ابھی تک لاپتہ ہيں۔ تقريباً ساٹھ مقامی سياحوں سے بھری يہ کشتی گودواری دريا ميں آج اتوار ہی کے دن غرق ہوئی۔ اس وقت ريسکيو کی سرگرمياں جاری ہيں۔ فی الحال يہ واضح نہيں کہ کشتی کيوں ڈوبی۔

[pullquote]اسامہ بن لادن کا بيٹا حمزہ بن لادن ہلاک، وائٹ ہاؤس[/pullquote]

وائٹ ہاؤس کی جانب سے ہفتے چودہ ستمبر کی رات اعلان کيا گيا ہے کہ دہشت گرد نيٹ ورک القاعدہ کے مقتول سربراہ اسامہ بن لادن کا بيٹا حمزہ بن لادن پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے ميں انسداد دہشت گردی کے ايک آپريشن ميں مارا گيا ہے۔ اس بارے ميں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے بيان جاری کيا گيا تاہم اس تناظر ميں کوئی تفصيلات نہيں بتائی گئيں کہ حمزہ بن لادن کی ہلاکت کب اور کيسے ہوئی۔ چند امريکی اہلکاروں کا البتہ کہنا ہے کہ ہلاکت سی آئی اے کی کارروائی کے نتيجے ميں ہوئی۔ حمزہ بن لادن دہشت گرد تنظيم کی صفوں ميں اہم مقام حاصل کر چکا تھا۔

[pullquote]تيونس ميں صدارتی انتخابات[/pullquote]

تيونس ميں آج بروز اتوار صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس انتخابی عمل کے لیے تقريباً سات ملين ووٹرز حق رائے دہی کے اہل ہيں۔ مرکزی اميدواروں ميں نبيل کاروئی، عبدالفتح مورو اور موجودہ وزير اعظم يوسف شاہد شامل ہيں۔ اليکشن سے قبل انتخابی مہم کے دوران اميدواروں کی جانب سے ايک دوسرے پر ذاتی نوعيت کے الزامات کے سبب حالات کافی کشيدہ رہے۔ تيونس ميں رائے عامہ کے جائزوں پر رواں سال جولائی سے پابندی عائد ہے تاہم کافی سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ ابتدائی نتائج اتوار اور پير کی درميانی شب متوقع ہيں۔

[pullquote]جہادی طرز کے تشدد کے خاتمے کے ليے منصوبے پر اتفاق[/pullquote]

مغربی افريقی ممالک کے رہنماؤں نے جہادی طرز کے تشدد کے خاتمے کے ليے کئی بلين ڈالر کے ايک منصوبے کا اعلان کيا ہے۔ برکينا فاسو ميں ہفتے کو منعقدہ سمٹ ميں فيصلہ کيا گيا ہے کہ سن 2020 سے سن 2024 کے درميان اس منصوے پر عملدرآمد کيا جائے گا۔ يہ پيش رفت ’اکنامک کميونٹی سمٹ آف ويسٹرن افريقن اسٹيٹس‘ کے اجلاس ميں ہوئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے