اتوار : 16 جون 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]خليج عمان ميں آئل ٹينکروں پر حملہ، الزامات کا سلسلہ جاری[/pullquote]

سعودی عرب اور ايران نے ایک دوسرے کو خليج عمان ميں دو آئل ٹينکروں پر حملوں کے لیے ذمہ دار ٹہرایا ہے۔ ايرانی پارليمان کے اسپيکر علی لاريجانی نے اتوار کو کہا کہ ان حملوں ميں امريکا کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ اس سے پہلے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امريکی موقف کی تائيد کرتے ہوئے حملوں کی ذمہ داری ايران پر عائد کی تھی۔ ادھرمتحدہ عرب امارات کے قريبی سمندر ميں متاثرہ ٹينکروں کا معائنہ جاری ہے۔

[pullquote]لاطينی امريکا کے کئی ممالک تاريکی ميں ڈوب گئے، بجلی غائب[/pullquote]

لاطينی امريکا کے کئی ممالک میں اتوار کے روز بجلی کی ترسيل متاثر ہونے کے بعد نظام زندگی درہم برہم ہوگيا۔ يوروگوائے اور ارجنٹائن ميں ملک گير سطح پر بجلی کی سپلائی منقطع ہوئی جبکہ برازيل اور چلی کے بھی کچھ حصے متاثر ہوئے۔ فی الحال يہ واضح نہيں کہ اس وسيع پاور بريک ڈاؤن کی وجہ کیا تھی۔ کچھ مقامات پر بجلی بحال ہونا شروع ہوگئی ہے لیکن حکام کا کہنا کہ مکمل بحالی ميں کئی گھنٹے لگ سکتے ہيں۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں اتوار کے دن بھی مظاہرے[/pullquote]

ہانگ کانگ میں حکومت نے مشتبہ افراد کی چين حوالگی سے متعلق ايک متنازعہ بل پرعوام سے معافی مانگ لی ہے۔ اتوار کو ایک سرکاری بيان ميں کہا گیا ہے کہ ہانگ کانگ کی چیف ایگزیٹو کيری ليم نے اس مجوزہ قانون پر عوام سے معذرت طلب کی اور بہتر عوامی خدمت کی یقین دہانی کرائی۔ اس متنازعہ بل پر شديد عوامی مظاہروں کے بعد حکومت نے گزشتہ روز مجوزہ قانون معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن اس کے باوجود اتوار کے روز ہزارہا مظاہرین نے احتجاج کيا اور سربراہ حکومت کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

[pullquote]ليبيا ميں قيام امن کے ليے نيا منصوبہ[/pullquote]

ليبيا ميں اقوام متحدہ کی حمايت يافتہ حکومت کے سربراہ فياض سراج نے دارالحکومت طرابس میں قيام امن کے ليے نئی تجاویز پیش کی ہیں۔ سراج نے عالمی ادارے کی ثالثی ميں ايک فورم کے انعقاد کا مشورہ ديا، جس ميں تمام سياسی و سماجی قوتوں کو مدعو کيا جائے گا۔ ليبيا ميں باغی ليبيئن نيشنل آرمی کے حاميوں نے گزشتہ ماہ سے دارالحکومت پر چڑھائی شروع کر رکھی ہے، جس سے ملک میں آٹھ سال سے جاری کشيدگی میں نیا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

[pullquote]جی ٹوئنٹی پلاسٹک کے کوڑے پر قابو پانے کے لیے متفق[/pullquote]

اہم اقتصادی ممالک کے گروپ جی ٹوئنٹی نے پلاسٹک کے کوڑے پر قابو پانے کے حوالے سے ایک ڈیل پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ کوڑا بالخصوص آبی آلودگی کا ایک بڑا سبب قرار دیا جاتا ہے۔ اتوار کے دن ٹوکیو میں ان ممالک کے نمائندوں نے البتہ اس اہم چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کیں۔ جی ٹوئنٹی کے وزراء برائے توانائی اور ماحولیات کی اس دو روزہ کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں کا سالانہ بنیادوں پر جائزہ ليا جائے گا۔

[pullquote]ایس چار سو روسی میزائل دفاعی نظام جلد ہی ترکی پہنچا دیا جائے گا[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے توقع ظاہر کی ہے کہ روسی ایس چار سو میزائل دفاعی نظام کی ترسیل کا عمل جولائی کے وسط سے شروع ہو جائے گا۔ ترک این ٹی وی نے ایردوآن کے حوالے سے اتوار کے دن بتایا کہ جی ٹوئنٹی سمٹ کے موقع پر وہ اس پروگرام کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو بھی کریں گے۔ امریکا نے انقرہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے روس سے یہ نظام خریدا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ واشنگٹن ترکی کو ممکنہ پابندیوں کی دھمکی بھی دے چکا ہے۔

[pullquote]شام میں ترک فوج کے ٹھکانے پر حملہ[/pullquote]

ترک وزارت دفاع نے کہا ہے کہ شامی صوبے ادلب میں قائم اس کی ایک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اتوار کے دن جاری کیے گئے بیان کے مطابق شامی فورسز کے زیر کنٹرول علاقے سے مارٹر فائر کيے گئے اور شیلنگ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس حملے سے کوئی ہلاک نہیں ہوا لیکن املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ انقرہ حکومت کے مطابق ترک افواج نے بھی جوابی کارروائی کی۔ یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ کب کیا گیا ہے۔

[pullquote]یمنی ڈرون طیارہ مار گرایا ہے، سعودی عرب[/pullquote]

سعودی فورسز نے یمنی باغیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی نے اتوار کو بتایا کہ ہفتے کے شب بغیر پائلٹ کے اس طیارے نے جنوبی شہر ابھا کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ بیان کے مطابق اس ڈرون کو تباہ کر دیا گیا اور یہ کہ اس کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ ایران نواز حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ یمن میں سعودی عسکری اتحاد کی بمباری کے جواب میں یہ کارروائی کی گئی۔ یہ شیعہ باغی ماضی میں بھی سعودی عرب میں حملوں کی کوشش کر چکے ہیں۔

[pullquote]بھارت نے 28 امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دیے[/pullquote]

بھارت نے 28 امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دیے ہیں۔ یہ فیصلہ امریکا کی طرف سے رواں ماہ کے آغاز میں بھارت کو دی جانے والی تجارتی مراعات کے خاتمے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ نئی دہلی میں بھارتی وزارت خزانہ کی طرف سے ہفتے کی شب امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کیا گیا اور آج اتوار سے اس پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ یکم جون کو امریکا نے بھارت کو حاصل خصوصی مراعاتی تجارتی حیثیت کا خاتمہ کر دیا تھا، جس پر نئی دہلی کی طرف سے برہمی کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔

[pullquote]اسرائیلی وزیر اعظم کی اہلیہ کو سزا[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو کو حکومتی فنڈز کے ناجائز استعمال پر سزا سنا دی گئی ہے۔ یروشلم کے ایک مجسٹریٹ نے اتوار کے دن فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سارہ نے الزامات کو تسلیم کرتے ہوئے استغاثہ کے ساتھ ایک ڈیل کر لی ہے اور وہ تقريباً پندرہ ہزار ڈالر کا جرمانا ادا کرنے پر رضا مند ہیں۔ سارہ پر الزام تھا کہ انہوں نے حکومتی فنڈز مہنگے کھانے پکوانے پر استعمال کيے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کو بھی بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔

[pullquote]روس میں آزادی صحافت کے لیے بڑا احتجاجی مظاہرہ[/pullquote]

روسی دارالحکومت ماسکو میں آج اتوار کے دن ایک بڑی احتجاجی ریلی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ توقع ہے کہ اس مظاہرے میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس ریلی میں پولیس کے جابرانہ رویے کے خلاف اور آزاد میڈیا کے حق میں آواز بلند کی جائے گی۔ روسی پولیس کی طرف سے تحقیقاتی جرنلسٹ ایوان گولنوف کے خلاف ناجائز ایکشن اس احتجاج کا سبب بنا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنان اور صحافیوں نے اس ریلی کو ’سب کے لیے انصاف‘ سے منسوب کیا ہے۔ اس ہفتے میں یہ دوسرا احتجاج ہے لیکن اس مرتبہ منتظمین نے اس ریلی کی باقاعدہ اجازت حاصل کی ہے۔

[pullquote]نیوزی لینڈ میں زلزلہ، سونامی کا خطرہ نہیں[/pullquote]

نیوزی لینڈ میں واقع کرمادک جزائر میں اتوار کے دن زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ اس زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تاہم کچھ دیر بعد اسے واپس لے لیا گیا۔

[pullquote]اوپیک کا اجلاس متوقع طور پر جولائی میں ہو گا[/pullquote]

سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے امید ظاہر کی ہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی نمائندہ تنظیم اوپیک جولائی کے پہلے ہفتے میں ویانا میں ایک اجلاس کا انعقاد کرے گی۔ ٹوکیو میں جی ٹوئنٹی کے وزرائے توانائی اور ماحولیات کی کانفرنس کے موقع پر انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس اجلاس میں تیل کی پیداوار میں کمی کے حوالے سے کیے گئے معاہدے کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کر لیا جائے گا۔ مشرق وسطیٰ میں جاری موجودہ کشیدگی کے تناظر میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے