انڈیا:’ڈانس روکنے‘ پر خاتون کو گولی مار دی گئی

انڈیا میں ایک شادی کی تقریب کے دوران سٹیج پر ایک ڈانسر کو گولی مارنے کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔

مبینہ طور پر انھیں یہ گولی اس وقت ماری گئی جب وہ ڈانس کرتے کرتے رک گئیں۔ ہسپتال میں ان کا علاج جاری ہے۔

اس واقعے کی ویڈیو میں خاتون کو سٹیج پر ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ خاتون رکتی ہیں تو گولی کی آواز سنائی دیتی ہے، پھر خاتون اپنے چہرے پر ہاتھ رکھتی ہیں اور زمین پر گر جاتی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے گولی مارنے والے کی شناخت کر لی ہے اور وہ مفرور ہے۔

یہ واقعہ یکم دسمبر کو ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں میں پیش آیا تھا۔ تاہم اس واقعے کی خبر میڈیا میں اس وقت آئی جب اس کی ویڈیو شیئر کی جانے لگی۔

پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ ’مشتبہ شخص مفرور ہے لیکن ہم پراعتماد ہیں کہ ہم اسے جلد گرفتار کر لیں گے‘۔

[pullquote]انڈیا میں شادیوں کے موقع پر پرتشدد واقعات[/pullquote]

انڈیا میں شادیوں کے موقع پر تشدد کے واقعات پہلے بھی رپورٹ کیے گئے ہیں جہاں مہمانوں کی جانب سے اسلحے سے ہوائی فائرنگ کرنے کا رحجان بھی ہے اور ایسے میں کسی سے مخالفت ہو تو تشدد کے واقعات بھی پیش آتے ہیں۔

سنہ 2016 میں ریاست پنجاب میں ایک شادی میں ایک حاملہ خاتون کو اس وقت گولی مار دی گئی جب وہ ڈانس کر رہی تھیں۔ وہ پیٹ میں گولی لگنے سے ہلاک ہوگئی تھیں۔

کئی واقعات حادثاتی ہوتے ہیں۔

نومبر 2016 میں ہریانہ میں ایک شادی کی تقریب کے دوران خاتون کی ’جش میں فائرنگ‘ کے نتیجے میں تین افرد ہلاک ہوگئے تھے۔

سنہ 2018 میں پنجاب کی پولیس نے ایک شخص کو شادی سے پہلے منعقد ہونے والی ایک تقریب میں اپنے ہمسائے کو غلطی سے گولی مارنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

اس شخص نے اپنی بیٹی کی شادی کے جشن میں ہوائی فائرنگ کی لیکن غلطی سے ایک گولی ان کی خاتون ہمسائی کے ماتھے پر لگی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے