اہم عالمی خبریں | 14.03.2017

[pullquote]برطانوی پارلیمان نے بریگزٹ بل منظور کر لیا[/pullquote]

برطانوی پارلیمان نے بریگزٹ بل کی منظوری دے دی ہے، جس کے باعث اب برطانیہ کا یورپی یونین سے اخراج کا مرحلہ شروع ہو سکے گا۔ متوقع طور پر آج اس بل کو قانونی شکل دے دی جائے گی۔ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے اس بل کی حتمی منظوری کے بعد آرٹیکل پچاس کے تحت برسلز سے بریگزٹ پر مذاکرات شروع کرنے کے قابل ہو جائیں گی۔ برطانوی عوام نے ایک ریفرنڈم میں یورپی یونین سے الگ ہونے کے حق میں فیصلہ دیا تھا تاہم اس عمل میں کچھ قانونی مسائل حائل ہیں۔ البتہ گزشتہ روز برطانوی پارلیمان کی طرف سے منظوری کے بعد یہ عمل اب آسان ہو گیا ہے۔

[pullquote]آستانہ مذاکرات، شامی حکومت کا ترکی پر الزام[/pullquote]

شامی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ ترکی کی وجہ سے شامی باغیوں نے آستانہ امن عمل میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں آج پیر سے شامی امن مذاکرات کے سلسلے کا تیسرا دور شروع ہو گیا ہے۔ تاہم شامی باغیوں نے اس کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ باغیوں کا کہنا ہے کہ روسی جنگی کارروائیوں اور شامی فورسز کی طرف سے سیزفائز کی خلاف ورزیوں کے بعد اس امن عمل کی کوئی اہمیت نہیں رہی۔ تاہم آج آستانہ میں موجود شامی حکومت کے وفد نے کہا کہ باغیوں کے بائیکاٹ کی ذمہ داری انقرہ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

[pullquote]حمص میں بم دھماکے میں ایک شہری ہلاک، دو زخمی[/pullquote]

شامی شہر حمص میں آج ہونے والے ایک دھامکے میں ایک شامی شہری ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ سرکاری ٹیلی وژن نے اسے ایک دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا۔ دمشق حکومت کے مطابق حمص کی جنوب مشرقی علاقے وادی الذبح میں یہ بم حملہ دہشت گردوں نے کیا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بھی اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس میں متعدد شہری زخمی یا ہلاک ہو گئے۔

[pullquote]ٹرمپ کے مشیر کی نیتن یاہو اور عباس سے ملاقاتیں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے بین الاقوامی امور جیسن گرین بلَٹ نے یروشلم میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے مغربی اردن میں یہودی آبادی کے منصوبے کے علاوہ دیگر علاقائی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ جیسن گرین بلَٹ آج ہی فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملیں گے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے جمعے کے دن ہی عباس کو امریکا کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔ میڈٰیا کے مطابق ٹرمپ کی کوشش ہے کہ عباس اور نیتن یاہو کی براہ راست ملاقات کا اہتمام کیا جائے۔

[pullquote]موصل کا آپریشن، عراقی فورسز کے لیے مزید کامیابیاں[/pullquote]

عراقی فورسز نے کہا ہے کہ داعش کے زیر قبضہ موصل کے کچھ مزید علاقوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب مغربی موصل کے کچھ علاقوں میں جنگجوؤں کی تلاش اور گولا بارود کی صفائی کا کام کیا جا رہا ہے۔ عراقی فورسز کو اس کارروائی میں مقامی ملیشیا گروہوں کے علاوہ امریکی عسکری اتحاد کا تعاون بھی حاصل ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس کارروائی کی وجہ سے پچیس فروری سے اب تک مغربی موصل سے 68 ہزار افراد فرار ہو چکے ہیں۔ جب یہ فوجی کارروائی شروع کی گئی تھی تو اس وقت موصل کے اس گنجان آباد ترین علاقوں میں ساڑھے سات لاکھ افراد آباد تھے، جن میں سے زیادہ تر ابھی تک وہیں موجود ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں خود کش حملہ، تین مشتبہ افراد گرفتار[/pullquote]

افغانستان میں ایک خود کش کار بم حملے میں ایک خاتون ہلاک جب کہ انیس افراد زخمی ہو گئے۔ پیر کے دن یہ حملہ افغانستان کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی کی ایک بس پر اس وقت کیا گیا، جب اس میں ملازمین سوار تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس دھماکے کی وجہ سے روشن ٹیلی کام کی بس بری طرح متاثر ہوئی۔ ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق پولیس نے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی فیکٹری میں دھماکا، چار افراد زخمی[/pullquote]

اسرائیل میں ایک فائر ورکس فیکٹری میں ہونے والے ایک دھماکے کی وجہ سے چار افراد زخمی ہو گئے۔ طبی حکام نے بتایا کہ اس حادثے میں ایک شخص شدید زخمی بھی ہوا۔ ابھی تک دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ بندرگاہی شہر نتانیا کے قریب واقع اس فیکٹری میں دھماکے کی وجہ سے متعلقہ عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ مقامی میڈیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کچھ لوگ اس عمارت کی ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

[pullquote]آئندہ برس تک چودہ ملین امریکی ہیلتھ کوریج سے محروم ہو جائیں گے[/pullquote]

امریکی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے ہیلتھ پلان کے تحت سن انیس سو اٹھارہ میں چودہ ملین شہری انشورنس کوریج سے محروم ہو جائیں گے۔ اس برس کے بجٹ کا تجزیہ کرنے کے بعد ماہرین نے کہا ہے کہ ری پبلکن پارٹی کے اس ہیلتھ پلان کی وجہ سے سن 2026 تک امریکا میں ایسے افراد کی تعداد چوبیس ملین ہو جائے گی، جن کے پاس ہیلتھ انشورنس نہیں ہو گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد سابق صدر باراک اوباما کے ہیلتھ منصوبے کی جگہ اپنا منصوبہ بنایا ہے تاہم ناقدین کے مطابق اس سے امریکیوں کو علاج معالجے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

[pullquote]اسکاٹ لینڈ کی برطانیہ سے علیحدگی کے لیے ریفرنڈم کا منصوبہ[/pullquote]

اسکاٹ لینڈ کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے نکلنے کے لیے ایک نیا عوامی ریفرنڈم کرائے جانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن کے مطابق یہ ریفرنڈم ممکنہ طور پر برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے سے قبل کرا لیا جائے گا۔ تاہم اس مقصد کے لیے اسکاٹ لینڈ کو لندن حکومت کی منظوری حاصل کرنا پڑے گی اور لندن کی جانب سے ایسی اجازت ملنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔ دو ہزار چودہ میں بھی اسکاٹ لینڈ کے برطانیہ سے اخراج کے لیے ریفرنڈم کرایا گیا تھا جس میں پچپن فیصد اسکاٹش عوام نے برطانیہ میں شامل رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ تاہم بریگزٹ ریفرنڈم میں اسکاٹش عوام کی اکثریت نے یورپی یونین میں شامل رہنے کی حمایت کی تھی۔

[pullquote]عراقی فورسز کی کامیاب پیش قدمی، موصل کا ریلوے اسٹیشن بھی بازیاب کرا لیا گیا[/pullquote]

عراقی فورسز نے منگل کے دن موصل کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کو جہادیوں سے بازیاب کرا لیا۔ عراقی فورسز نے گزشتہ ماہ مغربی موصل کی بازیابی کا آپریشن شروع کیا تھا، جس میں انہیں مقامی ملیشیا گروپوں اور امریکی عسکری اتحاد کا تعاون بھی حاصل ہے۔ داعش کے جنگجوؤں کے قبضے کے بعد سے موصل کے قدیمی علاقے میں قائم یہ ریلوے اسٹیشن غیر فعال تھا۔ عراقی فوج کے ایک بیان کے مطابق ملکی دستے اپنی کامیاب پیشقدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انیس سو چالیس کی دہائی میں تعمیر کردہ یہ ریلوے اسٹیشن عراقی ریلوے نظام میں انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جاتا ہے۔

[pullquote]موزمبیق میں ہیضے کی وبا، بارہ ہزار افراد متاثر[/pullquote]

موزمبیق میں ہیضے کی وبا سے بارہ ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ اس افریقی ملک کی وزارت صحت نے بتایا کہ اس وبا کو پھیلنے سے روکنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ موزمبیق کے تیرہ میں سے چار صوبوں میں یہ وبا پھیل چکی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ہیضے کے باعث دو افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے، تو صورتحال مزید ابتر ہو سکتی ہے۔ موزمبیق میں مسلسل تیسرے برس ہیضے کی وبا پھیلی ہے۔ سن دو ہزار پندرہ میں وہاں اس مرض کے باعث اکتالیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]ترکی نے ہالینڈ کے ساتھ اعلیٰ سطحی سفارتی تعلقات معطل کر دیے[/pullquote]

ترکی کے نائب وزیر اعظم نعمان کرتلموش نے ہالینڈ کے ساتھ اعلیٰ سطحی سفارتی تعلقات معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان ڈچ حکام کی جانب سے ترک وزیر خارجہ کو ہالینڈ آنے کی اجازت نہ دینے کے ردِعمل میں کیا گیا ہے۔ ترکی نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ ہالینڈ کے سفارتکاروں کو ترکی لانے والے کسی بھی جہاز کو ملکی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایردوآن حکومت اگلے ماہ ترکی میں ہونے والے ریفرنڈم کے لیے مختلف یورپی ممالک میں مقیم ترک باشندوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے انتخابی مہم چلا رہی ہے۔ جرمنی، سوئٹزرلینڈ اور ہالینڈ میں ترک رہنماؤں کو انتخابی ریلیاں معنقد کرنے سے روکنے کے بعد ترکی اور ان ممالک کے مابین کشیدگی پائی جاتی ہے۔

[pullquote]شامی اپوزیشن نے آستانہ مذاکرات کا بائیکاٹ کر دیا[/pullquote]

شامی اپوزیشن نے کہا ہے کہ اس کے نمائندے آستانہ امن عمل میں شریک نہیں ہوں گے۔ ان مذاکرات کا اگلا دور منگل سے قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شروع ہو رہا ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ روس شام میں شہری علاقوں پر بمباری کا سلسلہ روکنے کے لیے رضامند نہیں ہے جب کہ وہ شامی فورسز پر یہ دباؤ ڈالنے میں بھی ناکام ہو گیا ہے کہ باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں سیز فائر کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔ باغیوں نے ترجمان اسامہ ابو زید نے بتایا ہے کہ اس صورتحال میں اس امن عمل کا حصہ نہیں بنا جا سکتا ہے۔ سیرئین آبزرویٹری کے مطابق شام کے چھ سالہ خونی تنازعے کے نتیجے میں تین لاکھ بیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے