بابراعظم نے نیوزی لینڈ کیخلاف سنچری کو کیریئر کی بہترین اننگز قرار دے دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دائیں ہاتھ کے بلے باز بابر اعظم راتوں رات سپر اسٹار بن گئے، بابر اعظم کو نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری نے ایک رات میں سپر اسٹار بنا دیا ہے اور وہ اس وقت شہرت کی بلندیوں پر ہیں۔

بھارتی میڈیا انہیں ویرات کوہلی سے ملا رہا ہےاور دنیا بھر کےاخبارات اور میڈیا میں ان کی بیٹنگ کی تعریفیں کی گئی ہیں۔

بابر اعظم اپنی اس اننگز کو اپنے ون ڈے کیریئر کی بہترین اننگز قرار دیتے ہیں اور اس کی وجہ وہ یہ بتاتے ہیں کہ جب پاکستان ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو وکٹ جو پہلے سے سلو تھی وہ ٹرن ہونا شروع ہو گئی اور اس وجہ سے انہوں نے محمد حفیظ کےساتھ یہ طے کیا تھا کہ کوئی چانس نہیں دینا اور اطمینان سے کھیلنا ہے۔

یاد رہے کہ بابر اعظم نے اپنی اس اننگز کے دوران ون ڈے انٹرنیشنل میں 3 ہزار رنز بھی مکمل کیے ہیں ،انہوں نے اب تک ون ڈے انٹرنیشنل میں 10 سنچریاں بنائی ہیں جن میں سے 8 میچوں میں پاکستان ٹیم جیتی ہے۔

اس بارے میں بابر اعظم کہتے ہیں کہ جب آپ کی اننگز ٹیم کے کام آئے اور آپ میچ جتوا کر آتے ہیں تو بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے اور اپنے اندر ایک نیا حوصلہ بھی پیدا ہوتا ہے۔

ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم افغانستان کے خلا ف میچ کھیلنے کیلئے جمعرات کو لیڈز پہنچ گئی ہے جبکہ ٹورنامنٹ میں تمام میچ ہارنے والی افغان ٹیم نے ہیڈ نگلے میں پریکٹس کی۔

ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 12 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ نیوزی لینڈ 11 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے پوائنٹس 7، 7 ہیں لیکن بہتر رن ریٹ کی وجہ سے بنگلادیش پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے جب کہ سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم تقریباً ورلڈکپ سے باہر ہوچکی ہے جس نے 6 میچ کھیلے اور تین پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے جب کہ جنوبی افریقا اور افغانستان کی ٹیمیں ورلڈکپ سے پہلے باہر ہوچکی ہیں۔

ورلڈکپ میں اب مزید 10 میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے ٹیم پاکستان کو ایونٹ میں اپنے باقی دو میچز افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے