بدھ: 11 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانیہ میں بارہ دسمبر کو پارلیمانی انتخابات ہو رہے ہیں[/pullquote]

برطانیہ میں بارہ دسمبر کو پارلیمانی انتخابات ہو رہے ہیں۔ رائے عامہ کے تازہ جائزے کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن کی کنزرویٹو پارٹی کو پارلیمنٹ میں زیادہ نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ کنزرویٹو پارٹی کی نشستوں میں اٹھائیس کا اضافہ ممکن ہے۔ یُو گوو نامی جائزے کے مطابق جانسن کی جماعت کو سن 1987 کے بعد ایک بڑی انتخابی کامیابی حاصل ہونے جا رہی ہے اور حکمران جماعت 339 سیٹیں جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ ایسے اندازے بھی لگائے گئے ہیں کہ ان انتخابات میں بھی کسی پارٹی کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہو گی۔ ان اندازوں پر برطانوی کرنسی پاؤنڈ کی قدر میں گیارہ دسمبر کو کمی واقع ہوئی ہے۔

[pullquote]چین میں سب سے زیادہ صحافی جیلوں میں ہیں، رپورٹ[/pullquote]

امریکی شہر نیویارک میں قائم صحافیوں کی تنظیم نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ صحافی چین کی جیلوں میں ہیں۔ ان میں سے بیشتر کو ریاست کے خلاف کام کرنے اور خبریں گھڑنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ اس بیان میں بتایا گیا کہ ترکی، سعودی عرب، مصر، اریٹیریا، ویتنام اور ایران ایسے ممالک ہیں، جہاں کئی صحافیوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ اس پریس ریلیز کے مطابق چین میں گرفتار صحافیوں کی تعداد اڑتالیس ہے۔ ترکی دوسرا ملک ہے جہاں سینتالیس صحافی اس وقت جیلوں میں ہیں۔ صحافیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے مطابق گزشتہ تین برسوں سے چین اور ترکی میں سب سے زیادہ صحافیوں کو حراست میں لیا گیا۔

[pullquote]آنگ سان سوچی نے اقوام متحدہ کی عدالت کے الزامات کو مسترد کر دیا[/pullquote]

اقوام متحدہ کی بین الاقوامی عدالت انصاف میں روہنگیا مسلم اقلیت کی مبینہ نسل کشی کے مقدمے کی سماعت دوسرے دن بھی جاری رہی۔ اس مقدمے میں میانمار کی نمائندگی نوبل امن انعام یافتہ سیاسی رہنما آنگ سان سوچی کر رہی ہیں۔ سوچی نےگزشتہ روز عدالت انصاف میں تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں نامکمل اور گمراہ کن قرار دیا۔ عدالت میں سوچی نے ملکی فوجی اقدامات کا دفاع کیا اور کہا کہ فوج مسلح باغیوں کے خلاف ملکی دفاع میں مصروف رہی ہے۔ ان کے بقول میانمار کو داخلی تنازعے کا سامنا ہے۔ روہنگیا اقلیت کی مبینہ نسل کشی کی درخواست افریقی ملک گیمبیا نے دائر کر رکھی ہے۔

[pullquote]کینیڈا، میکسیکو اور امریکا کے درمیان تجارتی ڈیل[/pullquote]

میکسیکو، کینیڈا اور امریکا نے تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ یہ ڈیل دو برس پر پھیلے مذاکراتی سلسلے کے بعد طے پائی ہے۔ ابھی اس نئی ڈیل کی توثیق امریکی سینیٹ میں کی جائے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے عمل میں تیزی پیدا ہونے کے بعد سینیٹ میں توثیقی عمل التوا کا شکار ہو سکتا ہے۔ سینیٹ میں اکثریتی سیاسی جماعت ری پبلکن پارٹی کے لیڈر مِچ مک کونل کے مطابق تجارتی ڈیل سینیٹ میں اگلے برس ہی بحث کے لیے پیش کی جائے گی۔ یہ ڈیل پچیس سالہ پرانے سمجھوتے کی جگہ لے گی۔ اس پرانی ڈیل کو صدر ٹرمپ ایک ’تباہی‘ قرار دے چکے ہیں۔

[pullquote]سمندری سرحد پر یورپی عدالت کا اختیار نہیں، یورپی عدالتی مشیر[/pullquote]

یورپی عدالت انصاف کے ایک مشیر نے واضح کیا ہے کہ کروشیا اور سلووینیا کے درمیان سمندری سرحد کے تنازعے پر عدالت فیصلہ نہیں دے سکتی۔ عدالتی مشیر ایڈووکیٹ جنرل پریٹ پیکا مے کے مطابق سمندری سرحدی تنازعات عدالتی دائرہٴ اختیار میں نہیں آتے۔ ان دونوں یورپی ملکوں کے درمیان خلیج پیران پر تنازعہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ سن 2017 میں اعلیٰ یورپی ٹریبیونل فیصلے دینے کے قریب تھا کہ کروشیا نے کارروائی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

[pullquote]ٹرمپ کی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر پر تنقید، مواخذے کی شقوں کا اعلان[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل دس دسمبر کو مواخذے کی شقوں کے اعلان کے بعد ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے اس سارے عمل کو وچ ہنٹ یا محض الزام تراشی قرار دیا۔ ڈیموکریٹک اراکین کے مطابق صدر نے قوم کو دھوکا دیا ہے۔ ایوان نمائندگان کی عدالتی کمیٹی مواخذے کی شقوں پر مزید بحث و تمحیص بدھ گیارہ دسمبر سے شروع کر دے گی۔ اُس کے بعد اسے ایک قرارداد کی صورت میں ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ ایوانِ نمائندگان سے منظوری کے بعد اس کو سینیٹ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ امریکی سینیٹ میں صدر ٹرمپ کی سیاسی جماعت ریپبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔ اس باعث امکان ہے کہ وہ سینیٹ سے بچ جائیں گے۔

[pullquote]امریکا میں فائرنگ کے واقعہ میں چھ افراد ہلاک[/pullquote]

امریکي ریاست نیو جرسی میں پولیس اور مسلح افراد کے درمیان تصادم میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔ جرسی سٹی کے میئر کا کہنا ہے کہ ایک قریبی یہودی مارکیٹ اس حملے کا نشانہ ہو سکتی ہے۔ جرسی سٹی میں چار گھنٹے تک جاری رہنے فائرنگ کے اس تبادلے میں دو مسلح حملہ آوروں کے علاوہ ایک پولیس افسر اور تین عام شہری بھی ہلاک ہوئے۔ جرسی شہر کے پولیس چیف مائک کیلی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تصادم کے واقعات دو مقامات پر پیش آئے۔ پہلے ایک قبرستان کے نزدیک حملہ کیا گیا اور اس کے بعد ایک یہودی سپر مارکیٹ کو نشانہ بنایا گیا۔

[pullquote]افغانستان: امریکی فوجی اڈے کے باہر خودکش حملہ، ایک ہلاک چار زخمی[/pullquote]

افغانستان کے بگرام میں قائم سب سے بڑے امریکی کے قریب آج بدھ کو ایک خودکش دھماکےمیں کم از کم ایک خاتون ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والی خاتون کی عمر پینسٹھ برس تھی۔ پروان صوبے کے گورنر کی ترجمان وحیدہ شاہکار نے بتایا کہ اس فوجی اڈے کے جنوبی داخلی دروازے پر ہوئے اس خودکش حملہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد افغان شہری ہیں۔ ان کے بقول حملہ آوروں اور غیر ملکی فوجیوں کے درمیان تیس منٹ تک تصادم بھی ہوا۔ حملہ آور بظاہر فوجی اڈے کے اندر داخل ہونا چاہتے تھے۔ دھما کے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]پینٹاگون نے سعودی فوجیوں کو عملی تربیت سے روک دیا[/pullquote]

امریکی محکمہ دفاع نے مختلف عسکری مراکز میں ٹریننگ حاصل کرنے والے سعودی فوجیوں کو عملی تربیت سے روک دیا ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ ہفتے فلوریڈا کے ایک عسکری تربیتی مرکز پر سعودی عرب کے ایک فوجی کی فائرنگ کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ اس فائرنگ میں تین زیر تربیت فوجی ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے تھے۔ اس وقت صرف تین سو سعودی فوجی ہوا بازی کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ پینٹاگون کے مطابق سکیورٹی کے تناظر میں کیے گئے اس فیصلے سے تربیت حاصل کرنے والے دوسرے فوجی بھی متاثر ہوں گے۔ یہ لیکچرز میں شریک تو ہوں گے لیکن انہیں عملی تربیت سے دور رکھا جائے گا۔

[pullquote]نیوزی لینڈ: آتش فشاں نے پھر راکھ اگلنا شروع کر دی، نعشوں کی تلاش پھر ملتوی[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے حکام نے بتایا ہے کہ وائٹ آئی لینڈ کے آتش فشاں سے ایک مرتبہ پھر راکھ نکلنا شروع ہو گئی ہے۔ اس راکھ کے ساتھ شدید گرم کیچڑ بھی باہر نکل رہا ہے۔ اس صورت حال کی وجہ سے دو دن گزرنے کے بعد بھی نعشوں کی تلاش شروع نہیں کی جا سکی ہے۔ آتش فشاں کے پھٹنے کی وجہ سے جزیرے پر زلزلے کے زوردار جھٹکے بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ ماہرین ارضیات کے مطابق آتش فشاں کے اندر کا درجہٴ حرارت بہت زیادہ محسوس ہوتا ہے اور یہ صورت حال اگلے چوبیس گھنٹے تک جاری رہ سکتی ہے۔ اب تک اس آتش فشانی جزیرے کی سیاحت کرنے والے چھ سیاحوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

[pullquote]بحرالکاہل کی جزیرہ ریاست میں ریفرنڈم، عوام کا آزادی کے حق میں فیصلہ[/pullquote]

پاپوا نیوگنی میں شامل جزائر بوگین ول نے آزادی کا ریفرنڈم جیت لیا ہے۔ ریفرنڈم کمیشن نے بتایا کہ عوام کی انتہائی بڑی اکثریت نے آزادی کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ آزادی کی حمایت میں ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب اٹھانوے فیصد بتایا گیا ہے۔ صرف تین ہزار تینتالیس افراد نے آزادی کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔ اب ریفرنڈم کے نتائج کی توثیق پاپوا نیوگنی کی پارلیمنٹ سے کی جائے گی۔ اس توثیق کے بعد ہی حتمی آزادی کی تاریخ کا تعین کیا جا سکے گا۔ ریفرنڈم کے انعقاد کی ڈیل سن 1998میں طے پائی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے