بدھ: 2 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

’ایٹا‘ نے حتمی طور پر اپنی تحلیل کا اعلان کر دیا

باسک علیحدگی پسند تنظیم ’ایٹا‘ نے حتمی طور پر اپنی تحلیل کا اعلان کر دیا ہے۔ آن لائن اخبار ’ایل دیاریو‘ کے مطابق سولہ اپریل کو اس تنظیم کی جانب سے ایک مفصل خط موصول ہوا، جس میں ایٹا نے ہر سطح پر قائم اپنے تنظیمی ڈھانچوں اور اپنے سیاسی منصوبوں کو ترک کرنے کے بارے میں بتایا۔ ایٹا نے 1959ء میں شمالی اسپین اور جنوب مغربی فرانس میں ایک خود مختار ریاست کی جنگ کا آغاز کیا تھا۔ 2011ء میں اس تنظیم نے فائر بندی کا اعلان کیا تھا۔ تاہم گزشتہ برس سے ایٹا کے جنگجوؤں نے اپنے ہتھیار حکام کے حوالے کرنا شروع کر دیے تھے۔

لیبیا: الیکشن کمیشن کی عمارت پر حملہ، گیارہ ہلاکتیں

لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں الیکشن کمیشن کی عمارت پر حملے میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دو خود کش بمبار بھی شامل ہیں۔ اس واقعے میں سات شہری زخمی ہیں۔ اس دوہرے خودکش حملے کی ذمہ داری دہشت گرد گروپ داعش نے قبول کر لی ہے۔

آرمینیا میں ہزاروں افراد نے آج بدھ کو

دارالحکومت میں سرکاری دفاتر کو جانے والے تمام تر اہم راستوں کو بند کر دیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق راستوں کی بندش کے باعث ٹرین سروس بند ہو گئی اور ہوائی اڈے جانے والے مسافروں کو اپنا سامان خود اٹھا کر پیدل سفر کرنا پڑا۔ یہ احتجاج ایک ایسے وقت میں شروع ہوا، جب حکمراں جماعت نے حزب اختلاف کے رہنما نکول پاشینیان کو وزیر اعظم کے لیے رائے شماری میں شامل کرنے سے انکار کر دیا۔ اس سلسلے میں آئندہ ووٹنگ آٹھ مئی کو طے ہے۔ آرمینیا گزشتہ ماہ سے سیاسی بحران کا شکار ہے۔

ہولوکاسٹ سے متعلق فلسطینی صدر کے ریمارکس ناقابل قبول، یورپی یونین

یورپی یونین نے کہا ہے کہ نازی دور میں یہودی قتل عام یا ہولوکاسٹ سے متعلق فلسطینی صدر محمود عباس کے حالیہ ریمارکس ناقابل قبول ہیں۔ عباس کے انہی ریمارکس کو آج بدھ کے روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ یورپی یونین کی فارن ایکشن سروس کی طرف سے غیر معمولی حد تک سخت الفاظ میں جاری کردہ ایک بیان میں آج کہا گیا کہ صدر عباس کے حالیہ بیانات سے فلسطینی اسرائیلی تنازعے کے دو ریاستی حل میں بھی کوئی مدد نہیں ملے گی۔ محمود عباس نے تیس اپریل کو اپنی ایک تقریر میں بالواسطہ طور پر کہا تھا کہ نازی دور میں یہودیوں کا قتل عام ان کے اپنے ہی رویوں کا نتیجہ تھا۔

آلودہ ہوا میں سانس لینے سے ہر سال سات ملین انسانی ہلاکتیں

دنیا بھر میں آلودہ ہوا میں سانس لینے کے نتیجے میں ہر سال قریب سات ملین انسان ہلاک ہو جاتے ہیں۔ یہ بات جنیوا میں عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کی طرف سے بتائی گئی۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل تیدروس آدھانوم گیبرائسس نے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا بھر کی حکومتوں کو ایسے مؤثر اقدامات کرنا چاہییں، جن کی مدد سے ہلاکت خیز فضائی آلودگی کا تدارک کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر ہر دس میں سے نو انسان ایسی ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہیں، جس میں مضر صحت مادوں کی شرح خطرناک حد تک زیادہ ہوتی ہے۔

داعش نے عراقی شہر طارمیہ میں ہلاکت خیز حملے کی ذمے داری قبول کر لی

شدت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش نے عراقی شہر طارمیہ میں کیے گئے ہلاکت خیز حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔ عراقی سکیورٹی فورسز کے ذرائع نے بھی تصدیق کر دی کہ بغداد سے پچیس کلومیٹر شمال کی طرف واقع شہر طارمیہ میں منگل یکم مئی کو کیے گئے اس حملے کی ذمے داری داعش نے تسلیم کر لی ہے۔ اس حملے میں کم از کم آٹھ عام شہری مارے گئے تھے۔ داعش نے دعویٰ کیا ہے کہ اس خونریز کارروائی میں بائیس افراد ہلاک ہوئے، جو بغداد حکومت کی حامی سنی مسلم قبائلی ملیشیا کے ارکان تھے۔

جنوبی ایران میں زلزلہ، درجنوں افراد زخمی

ایران کے جنوبی پہاڑی علاقوں میں بدھ کے روز درمیانے درجے کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں تیس سے زائد افراد زخمی ہو گئے اور مواصلات اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو بھی کافی نقصان پہنچا۔ یہ جھٹکے تہران سے قریب سات سو کلومیٹر جنوب کی طرف ریکارڈ کیے گئے۔ ایران میں دو ہزار تین میں آنے والے طاقت ور زلزلے کے نتیجے میں چھبیس ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

امریکا مخلص ہوا تو تعمیری تجارتی مذاکرات ممکن، چینی وزارت خارجہ

چین نے کہا ہے کہ بیجنگ اور واشنگٹن کے تجارتی شعبے میں اختلافات کے خاتمے کے لیے اگر امریکا مخلص ہوا تو دونوں ممالک کے مابین تعمیری مذاکرات ممکن ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے یہ بات آج بدھ کے روز ایک بریفنگ میں کہی۔ دوطرفہ تجارتی تنازعے میں چین نے اپنا یہ موقف ایک ایسے وقت پر پیش کیا ہے، جب اسی ہفتے امریکی وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام کا ایک وفد چین کا دورہ کرنے والا ہے۔

مودی کی فیس بک پر مقبولیت ٹرمپ سے دو گنا، رپورٹ

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی فیس بک پر مقبولیت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے تقریباﹰ دگنی ہے۔ یہ بات ایک ایسی آن لائن جائزہ رپورٹ میں سامنے آئی، جو ابلاغیات کے شعبے کے ایک ادارے نے تیار کی ہے۔ فیس بک پر صدر ٹرمپ کے فالوورز کی تعداد تئیس ملین سے زیادہ ہے جبکہ وزیر اعظم مودی کو تینتالیس ملین سے زائد لوگ فالو کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اردن کی ملکہ رانیہ تیسرے نمبر پر ہیں، جن کے فیس بک فالوورز کی تعداد سولہ ملین ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا پاکستان میں کھیلنے پر غور

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ اس بات پر غور کر رہی ہے کہ آیا نیوزی لینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم کو پاکستان جا کر کھیلنا چاہیے۔ اسی سال ٹی ٹوئنٹی میچوں کی ایک سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے دورے کی دعوت دی جا چکی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو یہ پندرہ سال بعد ہو گا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پچھلی مرتبہ کیویز نے پاکستان کا دورہ 2003ء میں کیا تھا۔ دریں اثناء انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کو جائز قرار دیتے ہوئے انہیں بین الاقوامی میچوں میں دوبارہ بولنگ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

افغانستان میں مارے جانے والے امریکی فوجی کی شناخت ظاہر کر دی گی

امریکی محکمہ دفاع نے افغانستان میں ایک خونریز جھڑپ کے دوران مارے جانے والے امریکی فوجی کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔ پینٹاگون کے ایک بیان کے مطابق ہلاک ہونے والا فوجی ریاست کولوراڈو سے تعلق رکھنے والا بائیس سالہ گابریئل کونڈے تھا، جو مشرقی افغان صوبے کاپیسا کے ضلع تگاب میں پیر تیس اپریل کو ہونے والی لڑائی میں مارا گیا۔ طالبان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس جھڑپ میں متعدد امریکی اور افغان فوجی مارے گئے تھے۔ افغانستان میں اس وقت امریکا کے گیارہ ہزار فوجی تعینات ہیں۔

نائجیریا میں مسجد پر خود کش بم حملے، درجنوں افراد ہلاک

مغربی افریقی ملک نائجیریا کے شہر مُوبی کی ایک مسجد پر کیے گئے دوہرے خود کش بم حملوں میں حکام کے مطابق کم از کم چھبیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ امدادی کارکنوں نے مرنے والوں کی تعداد ساٹھ سے زائد بتائی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ہلاک شدگان میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ پہلا خود کش حملہ اس مسجد پر بم دھماکے کی صورت میں کیا گیا۔ پھر کچھ ہی دیر بعد ایک دوسرے خود کش حملہ آور نے خود کو ایسے نمازیوں، مقامی تاجروں اور عام شہریوں کے ایک ہجوم کے عین وسط میں دھماکے سے اڑا دیا، جو اپنی جانیں بچانے کے لیے ایک قریبی جگہ پر جمع ہو گئے تھے۔ دہشت گرد تنظیم بوکو حرام ماضی میں مُوبی میں کئی بم حملے کر چکی ہے۔

فیس بک ڈویلپرز کانفرنس: صارفین کے لیے ’ڈیٹنگ فنکشن‘ متعارف کرانے کا فیصلہ

دنیا کی سب سے بڑی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک کا ارادہ ہے کہ وہ آئندہ اپنے صارفین کی طرف سے ڈیٹنگ اور پارٹنرز کی تلاش میں ان کی مدد کرے گی۔ نئے ڈیٹنگ فنکشن کے لیے صارفین کو آئندہ اپنا ایک علیحدہ پروفائل تیار کرنا ہو گا۔ سان خوزے میں فیس بک ڈویلپرز کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس کمپنی کے سربراہ مارک زکربرگ نے کہا کہ فیس بک کے قریب دو سو ملین صارفین کے مطابق وہ سنگل ہیں اور اس طرح شریک حیات تلاش کرنے میں ان کی مدد کی جا سکتی ہے۔

یوم مئی کے موقع پر پیرس میں بڑے مظاہرے کے دوران شدید بدامنی

فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اہتمام کردہ ملکی ٹریڈ یونینوں کا ایک بڑا مظاہرہ شدید بدامنی کا شکار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یوم مئی کی اس ریلی کے راستے میں قریب بارہ سو ایسے افراد جمع ہو گئے تھے، جن کا تعلق نام نہاد ’بلیک بلاک‘ سے تھا۔ ان افراد کی طرف سے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا گیا، جس کے بعد کئی گاڑیوں کو آگ بھی لگا دی گئی۔ پولیس کو بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف واٹر کینن اور آنسو گیس استعمال کرنا پڑی۔ تین سو کے قریب افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

بائرن میونخ چیمپئنز لیگ کے فائنل میں نہ پہنچ سکی

جرمنی میں بنڈس لیگا کی ریکارڈ چیمپئن ٹیم بائرن میونخ چھٹی مرتبہ فٹ بال کے چیمپئنز لیگ مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہی۔ امسالہ چیمپئنز لیگ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی ہسپانوی ٹیم ریئل میڈرڈ کے خلاف میڈرڈ ہی میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں بائرن میونخ کی ٹیم یہ میچ صرف دو دو گول سے برابر ہی کر سکی۔ اس سے قبل میونخ میں دونوں ٹیموں کے مابین دو سیمی فائنلز میں سے اپنا پہلا میچ بائرن میونخ دو ایک سے ہار گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے