بھارت میں ایک صدی بعد ریکارڈ بارش، مختلف حادثات میں 134 افراد ہلاک

بھارت میں ماہ ستمبر کے دوران ایک صدی کی سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں اور حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اب تک 134 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بھارت میں عام طور پر مون سون سیزن 4 ماہ پر مشتمل ہوتا ہے جہاں جون سے لیکر ستمبر کے آخر تک اوسطاً 877 ملی لیٹر تک بارشیں ریکارڈ کی جاتی ہیں لیکن رواں برس 29 ستمبر تک 956 ملی لیٹر تک بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جو اوسط بارش سے 9 فیصد زیادہ ہے۔

اگر ستمبر کے مہینے بارش کی بات کی جائے تو بھارت کے محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 247 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جو کہ اوسط مقدار سے 48 فیصد زیادہ ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق 1983 میں ستمبر کے مہینے میں 255 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی لیکن جس طرح محکمہ موسمیات نے گجرات اور بہار میں ریڈ الرٹ جاری کر رکھا ہے تو قوی امکان ہے کہ یہ مقدار 1917 میں ریکارڈ کی گئی 285 ملی لیٹر بارش سے بھی تجاوز کر جائے گی جو 1901 کے بعد ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ بارش تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات، بہار اور مدھیہ پردیش میں شدید بارشوں نے تباہی مچا رکھی ہے اور مختلف حادثات میں اب تک 134 افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔

سب سے زیادہ 29 اموات بھارتی ریاست اتر پردیش میں ریکارڈ کی گئی ہیں جب کہ گزشتہ روز 14 افراد مدھیہ پردیش میں بھی ہلاک ہوئے۔

بھارتی شہر پٹنا میں 26 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جب کہ اتر پردیش میں 1000 کے قریب قیدیوں کو بھی دوسری جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

بارش سے متاثرہ ریاستوں کی انتطامیہ نے حکومت سے امدادی کارروائیوں کے لیے ہیلی کاپٹر اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے