ثانیا مرزا اور مارٹینا ہنگس کی جوڑی کی مسلسل 29 ویں فتح

ٹینس کی عالمی نمبر ون جوڑی، ثانیا مرزا اور مارٹینا ہنگس نےجمعرات کو سڈنی انٹرنیشنل کا سیمی فائنل جیت لیا ہے۔

اپنی مسلسل فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے، اس جوڑی کی یہ مسلسل29 ویں فتح ہے۔

گذشتہ روز ثانیا اور مارٹینا کی انڈو سوئس جوڑی نے ڈبلز ایونٹ کے کوارٹر فائنل مقابلہ جیت کر ناصرف اپنی مسلسل 28 فتوحات مکمل کی تھیں؛ بلکہ، ڈبلز میچوں میں مسلسل کامیابیوں کا ایک 22 سالہ ریکارڈ بھی برابر کیا۔

‘سین ٹینا’ کے نام سے مداحوں میں مقبول جوڑی نے جمعرات کو سیمی فائنل مقابلے میں حریف جوڑی رومانیہ کی رالوکا اولارو اور قزاقستان کی یارو سلاوو شیئودوا کو دوسرے مرحلے میں 6-3,10-8 سے شکست دے کر سڈنی انٹرنیشنل کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

ثانیا اور مارٹینا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک ایک ساتھ 10 ٹائٹلز اپنے نام کئے ہیں۔ ان کی جوڑی سڈنی انٹرنیشنل کے فائنل تک پہنچ چکی ہے، جس کے بعد ان کی نظر آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن کے ٹائٹل پر ہے۔

بدھ کے روز کوارٹر فائنل میں چینی حریف جوڑی سےجیتنے کے لیے ثانیا اور ان کی جوڑی دار مارٹینا کو معمولی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا۔

اس میچ کی جیت کے ساتھ ان کی جوڑی نے ڈبلز میچوں میں مسلسل 28 فتوحات حاصل کرنے والی جوڑی پورٹو ریکین گگی فرنانڈز اور بیلاروس کی نتاشا زیریوا کا ریکارڈ برابر کر دیا، جو انھوں نے 1994 میں قائم کیا تھا۔

وومن ڈبلز میں مسلسل جیت کے ایک دوسرے ریکارڈ سے اب بھی ان کی جوڑی 15 میچوں کی دوری پر ہیں۔ یہ ریکارڈ1990 میں چیک جوڑی یانا نووتنا اور ہیلنا سیکووا نے مسلسل 44 میچز جیت کر بنایا تھا؛ جبکہ خواتین ڈبلز کے طویل ترین اسٹرئیک کے لیے عالمی ریکارڈ 109 میچز کا ہے۔ مسلسل کامیابیوں کا یہ ریکارڈ مارٹینا نورراتلوا اور ان کی ساتھی پام شررایور نے 1983 سے 1985 کے درمیان قائم کیا تھا۔

ومبلڈن خواتین ڈبلز چیمپئین ثانیا مرزا ‘ڈبلیو اے ٹی وومن ڈبلز چارٹ’ پر نمبر ون کھلاڑی ہیں، جبکہ ان کی ساتھی کھلاڑی مارٹینا ہنگس عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر ہیں۔

14 جنوری کی وومن ڈبلز کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق ثانیا مرزا 11.395 پوائنٹس کے ساتھ دنیا کی نمبر ون کھلاڑی ہیں اور مارٹینا ہنگس 11356 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ثانیا مرزا اور مارٹینا ہنگس کی جوڑی نے گذشتہ سال 9 ٹائٹلز اپنے نام کئےہیں، جن میں امریکی اوپن کا وومن ڈبلز خطاب اور ومبلڈن وومن ڈبلز چیمپئین کا ٹائٹل شامل ہے۔

ثانیا اور مارٹینا کی جوڑی نے 2015ء میں ڈبلیو اے ٹی کی عالمی رینکنگ میں عالمی نمبر ون جوڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔

ثانیا مرزا اور مارٹینا ہنگس کی جوڑی کی فتوحات کا سلسلہ نئے سال میں بھی جاری ہے۔ انھوں نے پچھلے ہفتے ‘برسبن انٹرنیشنل ٹینس ڈبلز ایونٹ جیت کر اس سال کا اپنا پہلا ٹائٹل جیت لیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے