جب وردیوں والے مرتے ہیں ؟

یہ 2008 کی بات ہے ہمارے علاقے میں تواتر سے چوریاں ہو رہی تھیں اور لوٹ مار کا سلسلہ بہت بڑھ گیا تھا اسی وجہ سے عوام کی مسلسل شکایتوں پر مقامی پولیس اسٹیشن نے کچھ پولیس والوں کی گشت پر ڈیوٹی لگائی یہ پولیس والے بائیک پر چوبیس گھنٹے گلیوں محلوں میں گھوما کرتے جس وقت کا یہ واقعہ ہے اس وقت تین دن سے لگاتا پولیس والوں اور جرائم پیشہ عناصر میں مقابلہ چل رہا تھا اور دن رات کے مختلف حصوں میں فائرنگ کا سلسلہ جاری رہتا وقوعہ والے روز بھی یہی ہوا کوئی ایک بجے کے قریب اچانک سے گھر کے بالکل پیچھے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا مگر چند منٹ بعد ہی ختم ہو گیا اس کے بعد گلی میں تیز شور بلند ہوا دیگر لوگوں کی طرح میں بھی گھبرا کر گھر سے نکل آئی

باہر آکر دیکھا میرے گھر کے بالکل پیچھے دو پولیس والے خون میں لت پت بائیک کے نزدیک ہی نیچے زمین پر پڑے ہیں ایک کی ڈیتھ ہو چکی تھی دوسرے میں سانسیں باقی تھیں اب اس طرف میں کھڑی ہوں بیچ میں لہولہان پولیس والے اور ان سے کافی فاصلے پر گلی والے جو غالباً ایمبولینس یا پولیس کی نفری پہنچنے کا انتظار کر رہے تھے ۔اتنے میں زخمی پولیس والے نے بمشکل ہاتھ اٹھاکر مجھے اشارے سے قریب بلایا میں اس کی بات سنناچاہتی تھی لیکن اس قدر سہمی ہوئی تھی کہ اپنی جگہ سے ہلی تک نہیں ۔۔اور نا اس کی آنکھوں سے نظر ہٹا سکی اس نے ایک بار پھر کوشش کی ۔۔۔۔ میں اسی طرح صم بکم کھڑی رہی ۔۔۔۔اس کی آنکھوں میں عجیب سی التجا تھی اس نے ایک بار پھر ہاتھ کے اشارے سے مجھے بلانے کی کوشش کی ۔۔۔ مگر اس بار ہاتھ واپس گرنے سے پہلے ہی اس کاانتقال ہو گیا ۔۔۔میں یونہی کھڑی رہی ایمبولینس آئ ۔۔۔پولیس کی نفری بھی ۔۔ان کے خون آلود وردی میں لپٹے جسم اٹھا بھی لئے گئے ۔۔اس جگہ مٹی ڈال دی گئی بعد میں پکی نئ سڑک بھی بن گئی ۔۔۔نو سال گزر گئے ۔۔۔
میں آج بھی وہیں کھڑی ہوں ۔۔۔
اپنے حصے کی غفلت بھگت رہی ہوں ۔۔

اس کے بعد سے سنا ہے کتنی ہی بار کتنی ہی خود آلود وردیوں میں لپٹے لہولہان جسم اپنے آس پاس کھڑے لوگوں کو اشارے سے بلاتے رہے ہیں ۔۔
کیا سب میری طرح غفلت میں کھڑے اپنے پتھر ہونے کی سزا بھگت رہے ہیں یا
کچھ ان کے دل کی بات سن چکے ہیں ؟؟؟
سنا ہے آج بھی ایک دھماکا ہوا ہے آج بھی وردیوں میں لپٹے کچھ جسم اٹھائے گئے ہیں ۔۔۔کیا آج بھی وہ کچھ کہنے کی کوشش کررہے تھے ؟؟؟
کیا آج بھی کوئ گم صم غافل پتھر بن کر کھڑا رہا ؟؟؟
یا کوئی سماعتوں کا حق ادا کر گیا ؟؟؟

کیا کوئی بتائے گا کہ ان کی خاموش آنکھوں کی آخری چیخ کا رنگ کیسا تھا ؟؟؟؟
یا پھر انہوں نے پیچھے رہ جانے والوں کے لئے خوف یا امید میں لپٹا کوئ پیغام چھوڑا ہے ؟؟؟
وہ مایوس رہ کر چپ تھے یا کوئی نوشتہ دیوار زمین والوں کے لئے چھوڑ گئے ؟؟؟؟؟
کیا کوئی بتا سکتا ہے وہ کیا کہہ رہے تھے ؟؟؟
کیا کبھی کوئی بتا پائے گا وہ کیا کہنا چاہتے ہیں ؟؟؟

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے