جدید تھری ڈی ٹیکنالوجی سے آراستہ ، نئے چینی سال کا آغاز

نئے چینی سال کی تقریبات کا آغاز 24 جنوری سے ہوچکا ہے۔ اس مناسبت سے چائنہ میڈیا گروپ کی جانب سے سپرنگ فیسٹیول گالا 2020ء کا انعقاد کیا گیا، جس میں فائیو جی اور ڈرونز سمیت دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال نے ایک سماں باندھ دیا۔ اس گالا میں دور حاضر اور اہم معاشرتی موضوعات کو مدنظر رکھا گیا تھا۔ اپنے اہل خانہ اور آبائی شہر سے محبت ہو یا وطن کیلئے لوگوں کی خدمات کا اعتراف، خوابوں کے شرمندہ تعبیر ہونے کی جستجو ہو یا خوشحالی کی دعائیں، معروف لوک گیتوں سے جدید ڈسکو تک، روایت اور جدت کے خوبصورت امتزاج نے اس گالا کو نئے سال کے ثقافتی میلے میں تبدیل کردیا ہے۔

ایوننگ گالا میں نئی قسم کے کرونا وائرس کے نمونیا کیسز پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی عکاسی کرتا ایک خصوصی پروگرام پیش کیا گیا جس کا موضوع رہا ” محبت کا پل ” ۔ اس پروگرام کے ذریعے چین کے دوسرے علاقوں کی جانب سے وو ہان شہر کی حمایت اور چین کی جانب سے کرونا وائرس کے خلاف جاری جدوجہد کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔

رواں سال سپرنگ فیسٹیول گالا میں پہلی بار ناظریں کے لیے تھری ڈی رقص کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ فضاء میں معلق سکرینز کی ٹیکنالوجی سے چاروں سمتوں میں 360ڈگری کے خوبصورت مناظر ایک نیا اور منفرد تجربہ ثابت ہوئے۔

سپرنگ فیسٹیول گالا 2020ء کو بیجنگ کے مرکزی مقام کے علاوہ مزید دو مقامات، صوبہ حہ نان کے شہر چنگ چو اور گوانگ تونگ-ہانگ کانگ-مکاؤ گریٹر بے ایریا میں بھی منعقد کیا گیا، جہاں علاقائی ثقافت کے رنگوں کو اجاگر کیا گیا۔

سپرنگ فیسٹیول گالا 2020ء میں روبوٹ اور ڈرونز نے مختلف پروگرامز کی شوٹنگ اور تیاری میں حصہ لیا، جبکہ پہلی بار براہ راست وی آر نشریات کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کی بدولت دنیا بھر کے ناظرین صوتی اور بصری امتزاج سے بے حدلطف اندوز ہوئے۔ چائنا میڈیا گروپ کے زیر اہتمام سپرنگ فیسٹیول گالا 260 منٹس تک جاری رہا، جس میں گیت، رقص، جادوئی کرتب، جسمانی کرتب، اوپرا اور خاکوں سمیت مختلف پروگرامز شامل تھے۔

چائنا میڈیا گروپ کے اس گالا میں ذرائع ابلاغ کے ہر طریقے کو استعمال میں لایا گیا، جبکہ اس کی سرگرمیوں کو عالمی سطح پر براہ راست نشر کرنے کیلئے بڑی اور چھوٹی اسکرینوں کے ساتھ جدید انداز میں مربوط کیا گیا تھا۔

رواں سال سی ایم جی کی جانب سے "اسپرنگ فیسٹیول گالا 2020” کے نام سے فلم تیار کرکے دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔ امریکہ، برطانیہ، جاپان، روس، برازیل، سنگاپور، متحدہ عرب امارات، ملائشیا، تھائی لینڈ اور لاؤس سمیت 170 سے زائد ممالک اور علاقوں میں موجود ذرائع ابلاغ کے 500 سے زائد میڈیا ادارے اور 20 سے زائد ممالک اور علاقوں کے سنیما گھر اس گالا کو براہ راست کوریج دے رہے ہیں اور فلم کی نمائش میں حصہ لے رہے ہیں۔

چین میں سپرنگ فیسٹیول گالا کا آغاز 1983 میں کیا گیا تھا، جو ثقافت اور مختلف فنون سے مزین وسیع پیمانے پر منعقد کیا جانے والا میلہ ہے۔ اسے نئے قمری سال کی آمد کے موقع پر چینی قومی ٹیلی ویژن کے ذریعے لانچ کیا گیا تھا۔ گزشتہ 30 سال سے زائد عرصے سے سپرنگ فیسٹیول گالا میں لاتعداد خاندان حصہ لے چکے ہیں، جبکہ اسے گنیز بک آف ریکارڈز کے مطابق سب سے زیادہ دیکھے جانیوالے ٹی وی پروگرام کی سند بھی حاصل ہے۔ نئے سال کے موقع پر کنبے کے تمام لوگوں کی ایک دوسرے سے ملاقات، ڈمپلنگ بنانا، سپرنگ فیسٹیول گالا دیکھنا، نئے سال کی شام کے کھانے میں شریک ہونا اور سرخ لفافوں کا تبادلہ چینی روایت اور ثقافت کا حصہ بن چکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے