جعلی اکاؤنٹس کیس:چیف جسٹس کا نمرمجید کو بھی گرفتار کرکے شامل تفتیش کرنے کا عندیہ

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں مبینہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران جے آئی ٹی سربراہ نے حتمی رپورٹ دینے کے لیے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا، دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کے صاحبزادے نمر مجید کو بھی گرفتار کرکے شامل تفتیش کرنے کا عندیہ دے دیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے مبینہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ‘مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی پیش رفت رپورٹ آ چکی ہے، جو اومنی گروپ کے بینک اکاونٹس سے متعلق ہے’۔

اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ ‘مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تحقیقات جاری ہیں’۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ‘جے آئی ٹی کو تشکیل ہوئے 3 ماہ ہوگئے، ہمیں احساس ہے یہ ایک مشکل کام ہے اور کوئی شک اور شبہ نہیں کہ جے آئی ٹی اچھا کام کر رہی ہے، لیکن کیس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی نہیں کرسکتے’۔

جس پر جے آئی ٹی سربراہ نے حتمی رپورٹ دینے کے لیے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا۔

سندھ بینک کے وکیل خواجہ نوید نے بتایا کہ ‘اومنی گروپ کا 70 سے 80 فیصد سرمایہ بینکوں سے قرض ہے، بینکوں سے کہا جائے کہ ملوں کا کنٹرول لے لیں’۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ‘ہم بینکوں کو بلا لیتے ہیں، یہ بینکوں کا نہیں عوام کا پیسہ ہے۔ بینکوں کے نمائندے پیش ہوں گے تو ہم ان سے صورت حال سمجھ لیں گے’۔

جسٹس ثاقب نثار نے اومنی گروپ کے وکیل منیر بھٹی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘اومنی گروپ کے ہنڈی کے پیسے بھی مل گئے ہیں، لانچوں کے ذریعے جو پیسے بھیجتے رہے ہیں، وہ واپس کر دیں، ہم کیس ختم کردیں گے’۔

اس موقع پر منیر بھٹی نے جواب دیا کہ ‘اومنی گروپ کی 3 ملیں اور ڈیفنس کی جائیدادیں بینکوں کو دینےکو تیار ہیں’۔

تاہم نیشنل بینک کے وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ ‘نیشنل بینک کو یہ چیز منظور نہیں’۔

اس موقع پر اغوا شدگان کے وکیل سردار اسلم نے بتایا کہ ان کے دو گواہ غائب کر دیے گئے ہیں، دونوں ایف آئی اے میں پیش ہوئے اس کے بعد غائب ہو گئے۔

جس پر چیف جسٹس نے جعلی اکاونٹس کیس میں آئی جی سندھ کو نوٹس جاری کردیا۔

نمر مجید کی گرفتاری کا عندیہ

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ‘قرضےکے لیے دی گئی مختلف سیکیورٹیز اب متعلقہ بینکوں میں موجود نہیں’۔

ساتھ ہی چیف جسٹس نے نمبر مجید کو گرفتار کرکے شامل تفتیش کرنے کا عندیہ دے دیا۔

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ‘نمر مجید کو بھی باپ کے ساتھ بند کریں، اندر بیٹھ کر دونوں مسئلہ حل کریں’۔

جس پر نمر مجید نے جواب دیا کہ ‘مجھے سیکیورٹی غائب ہونے کا علم نہیں ہے، میں شوگر مل کے معاملات کو دیکھتا ہوں’۔

چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیئے کہ ‘انور مجید کے دوسرے صاحبزادے عبدالغنی مجید کو اڈیالہ منتقل کریں، فون پر پورے سندھ کو ڈکٹیشن دے رہا ہے’۔

نمر مجید چکرا گئے

دوران سماعت گرفتاری کا عندیہ ملنے پر نمر مجید کو چکر آ گئے اور ان کے لڑکھڑانے پر وکلاء نے انہیں تھام لیا۔

سماعت کے دوران جسٹس ثاقب نثار نے نمر مجید کی اہلیہ اور والدہ کو روسٹرم پر بلالیا اور کہا ‘آپ کو ہم نے پہلے بھی بلایا تھا اور بہت عزت دی تھی’۔

چیف جسٹس نے نمر مجید کی اہلیہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ میری بیٹیوں کی طرح ہیں، آپ سے گزارش ہے کہ تعاون کریں، لین دین کے معاملات میں اونچ نیچ ہوجاتی ہے، دولت رحمت ہوتی ہے اسے زحمت نہ بنائیں’۔

چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے، ‘ہمیں سب معلوم ہے، آپ کے گھر کے سامنے جو گھر ہے ہمیں اس کا بھی پتا ہے، اس گھر کے اندر جو گڑھا کھودا گیا ہے ہمیں اس کا بھی پتا ہے، اس گڑھے کے اندر سے جو کاغذ نکلے ہیں اس کا بھی ہمیں پتہ ہے، ہمیں اس کیس کے بارے میں بہت کچھ پتہ ہے’۔

نمر مجید کی اہلیہ نے عدالت کے روبرو کہا کہ ‘باقی سارے بینک مان گئے ہیں، صرف نیشنل بینک نہیں مان رہا’۔

جسٹس ثاقب نثار نے نمر مجید سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ کو اس دن آپ کی بیوی اور والدہ کی وجہ سے گرفتار نہیں کرایا’۔

ساتھ ہی جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ‘ہفتے کو دوبارہ آپ کو طلب کریں گے، بینکوں کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کریں، لیکن ہفتے کو آخری دن ہوگا، اس کے بعد موقع نہیں ملے گا’۔

چیف جسٹس نے اگلی پیشی پر انور مجید کے دوسرے بیٹے عبدالغنی مجید کو بھی پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس

واضح رہے کہ ایف آئی اے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کررہی ہے اور اس سلسلے میں اومنی گروپ کے سربراہ اور آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید، ان کے صاحبزادے عبدالغنی مجید اور نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی ایف آئی اے کی حراست میں ہیں۔

اسی کیس میں تشکیل دی گئی جے آئی ٹی میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پیش ہوچکے ہیں۔

تحقیقات میں تیزی کے بعد سے اب تک کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آچکے ہیں جن میں فالودے والے اور رکشے والے کے اکاؤنٹس سے بھی کروڑوں روپے نکل چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں بڑے بزنس گروپ ٹیکس بچانے کے لیے ایسے اکاؤنٹس کھولتے ہیں، جنہیں ‘ٹریڈ اکاؤنٹس’ کہاجاتا ہے اور جس کے نام پر یہ اکاؤنٹ کھولا جاتا ہے، اسے رقم بھی دی جاتی ہے۔ اس طرح کے اکاؤنٹس صرف پاکستان میں ہی کھولے جاتے ہیں اور دنیا کے دیگر حصوں میں ایسی کوئی مثال موجود نہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے