جمعرات : 07 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سی آئی اے کی سربراہ سعودی عرب میں[/pullquote]

امریکی خفیہ ادارے ’سی آئی اے‘ کی سربراہ جینا ہیسپل سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئی ہیں۔ سعودی نیوز ایجنسی ( ایس پی اے) کے مطابق سعودی بادشاہ شاہ سلمان نے ہیسپل کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شاہ سلمان اور ہیسپل نے دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ تاہم اس بات چیت کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ اس ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ، وزیر داخلہ اور سعودی عرب میں تعینات امریکی سفیر بھی موجود تھے۔ یہ دورہ ایک ایسے موقع پر کیا جا رہا ہے، جب واشنگٹن حکام نے ٹوئٹر کے دو سابقہ ملازمین پر سعودی عرب کے لیے جاسوسی کا الزام عائد کیا ہے۔

[pullquote]امریکا کی جانب سے ٹوئٹر کے دو سابقہ ملازمین پر سعودی حکومت کے لیے جاسوسی کا الزام[/pullquote]

امریکا نے ٹوئٹر کے دو سابقہ ملازمین پر سعودی عرب کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ قانونی دستاویزات سان فرانسسکو کی ایک عدالت میں جمع کرا دی گئی ہیں۔ ان میں سے احمد ابوامو ایک امریکی جبکہ علی الزبرہ ایک سعودی شہری ہیں۔ اس بیان کے مطابق ان دونوں افراد نے مبینہ طور پر ریاض حکومت کے مخالفین کے نجی اکاؤنٹس سے متعلق معلومات سعودی حکام کو فراہم کی تھیں۔ ان میں سعودی حکومت کے ناقد اور مقتول صحافی جمال خاشقجی بھی شامل تھے۔ انہیں گزشتہ برس استنبول کے سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]کانگو کے ’ٹرمینیٹر‘ کو تیس سال کی سزائے قید[/pullquote]

جنگی جرائم کی بین لاقوامی عدالت نے کانگو کے جنگی سردار باسکو ٹاگانڈا کو تیس سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت کے مطابق ٹاگانڈا کو انسانیت کے خلاف جرائم کے علاوہ جنگی جرائم سمیت اٹھارہ مختلف مقدمات میں قصور وار پایا گیا۔ ساتھ ہی یہ مجرم بچوں کو جنسی غلام بنانے کے جرائم میں بھی ملوث رہا تھا۔ ٹاگانڈا نے 2013ء میں سات سال کی مفروری کے بعد خود کو کیگالی میں واقع امریکی سفارت خانے کے حکام کے حوالے کیا تھا۔ ٹاگانڈا کو ’ٹرمینیٹر‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

[pullquote]فوردو جوہری مرکز کی سینٹری فیوج مشینوں میں یورینیم گیس بھر دی گئی، ایران[/pullquote]

ایران نے آج جمعرات سے فوردو کے اپنے جوہری مرکز کی سینٹری فیوج مشینوں میں یورینیم گیس بھرنا شروع کر دی ہے۔ جوہری توانائی کے ایرانی ادارے نے بتایا کہ یہ عمل نصف شب کے بعد شروع کر دیا گیا۔ فوردو کا یہ ایٹمی مرکز شیعہ مسلمانوں کے لیے مقدس شہر قم نواحی کی پہاڑیوں میں واقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فوردو کی ایک ہزار سے زائد سینٹری فیوج مشینیں اس سے قبل یورینیم گیس کے بغیر ہی چلائی جاتی تھیں۔ اس طرح ایران 2015ء کے عالمی جوہری معاہدے کی ایک اور شق سے دستبردار ہو گیا ہے۔ امریکا پہلے ہی اس کثیرالفریقی معاہدے سے الگ ہو چکا ہے۔

[pullquote]شمالی پیرس میں مہاجرین کی دو غیر قانونی بستیاں خالی کرا لی گئیں[/pullquote]

فرانسیسی پولیس نے ملکی دارالحکومت کے شمال مشرق میں قائم کردہ مہاجرین کی دو غیر قانونی بستیاں زبردستی خالی کرا لی ہیں۔ بلدیاتی حکام نے بتایا کہ پیرس شہر میں اور اس کے نواحی علاقے سینٹ ڈینیس میں ان خیمہ بستیوں کے خاتمے کے آپریشن میں سینکڑوں پولیس اہلکار شامل ہوئے۔ وہاں مقیم سولہ سو کے قریب تارکین وطن کو مختلف مقامی سپورٹس ہالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جو ان کے لیے ہنگامی رہائش گاہوں کا کام دیں گے۔ فرانسیسی حکومت نے ابھی کل بدھ کے روز ہی تارکین وطن سے متعلق سرکاری پالیسیوں میں مزید سختی کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]مائیک پومپیو کی جرمنی میں تعینات امریکی فوجیوں سے ملاقات[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے دورہ جرمنی کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے سب سے پہلے جنوبی جرمن صوبے باویریا میں تعینات امریکی فوجیوں سے ملاقات کی۔ وہ آج جمعرات کو اپنے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس سے بھی ملیں گے۔ جمعے کو پومپیو چانسلر انگیلا میرکل، وزیر دفاع آنےگرَیٹ کارین باؤر اور وزیر خزانہ اولاف شولس کے ساتھ بھی مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ واشنگٹن حکومت کا الزام ہے کہ جرمنی مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے مجموعی فوجی اخراجات میں اپنا مناسب حصہ ادا نہیں کر رہا۔ امریکا کو جرمنی اور روس کے مشترکہ گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی اعتراض ہے۔

[pullquote]لفتھانزا کے کیبن سٹاف کی دو روزہ ہڑتال شروع، تیرہ سو پروازیں منسوخ[/pullquote]

جرمنی کی سب سے بڑی ایئر لائن لفتھانزا کے کیبن سٹاف کی آج سے شروع ہونے والی دو روزہ ہڑتال کے باعث اس فضائی کمپنی نے اپنی تیرہ سو مسافر پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ کمپنی کے کیبن سٹاف کی یونین یو ایف او نے بتایا کہ یہ ہڑتال بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جرمن وقت کے مطابق بارہ بجے شروع ہوئی، جو اڑتالیس گھنٹے جاری رہنے کے بعد جمعے کو نصف شب کے وقت ختم ہو گی۔ اس ہڑتال کے باعث لفتھانزا کو ملک بھر میں دو روز میں اپنی چھ ہزار پروازوں میں سے تیرہ سو منسوخ کرنا پڑ گئیں۔

[pullquote]بُرکینا فاسو میں کینیڈین مائننگ کمپنی کے قافلے پر خونریز حملہ، سینتیس افراد ہلاک[/pullquote]

بُرکینا فاسو میں کان کنی کرنے والی ایک غیر ملکی کمپنی کے ایک قافلے پر کیے جانے والے حملے میں کم از کم سینتیس افراد مارے گئے ہیں۔ علاقائی گورنر نے بتایا کہ بدھ کو رات گئے یہ خونریز کارروائی ایک ایسی جگہ کے قریب کی گئی، جہاں کینیڈا کی ایک کمپنی کان کنی کرتی ہے۔ اس حملے میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے علاوہ ساٹھ کے قریب افراد زخمی بھی ہو گئے۔ کینیڈا میں مانٹریال کی اس مائننگ کمپنی نے بتایا کہ یہ حملہ مشرقی بُرکینا فاسو میں اس کی بُونگُو کے مقام پر واقع ایک کان سے تقریباﹰ چالیس کلومیٹر دور پیش آیا۔ یہ کینیڈین کمپنی بُرکینا فاسو میں دو کانوں سے سونا نکالتی ہے۔

[pullquote]البغدادی کی اہلیہ بھی گرفتار، ایردوآن نے تصدیق کر دی[/pullquote]

’اسلامک اسٹیٹ‘ کے مارے جانے والے سربراہ ابوبکر البغدادی کی بیوہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے بدھ کی رات اس گرفتاری کی تصدیق کر دی۔ ان کے بقول البغدادی کی ہلاکت پر امریکا کی جانب سے بہت شور مچایا گیا تھا لیکن ترکی نے البغدادی کی بہن، بہنوئی اور اب اس کی بیوہ کی گرفتای پر اس طرح کا کوئی ہنگامہ برپا نہیں کیا۔ بتایا گیا ہے کہ البغدادی کی اہلیہ کو بھی شمالی شام سے ہی حراست میں لیا گیا۔ اس سے قبل البغدادی کی بڑی بہن، بہنوئی اور بچوں سمیت ان کے متعدد اہل خانہ کو بھی ترک دستوں نے گرفتار کر لیا تھا۔ گزشتہ ماہ امریکی خصوصی دستوں کی ایک کارروائی کے دوران البغدادی نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔

[pullquote]ایمسٹرڈم ایئر پورٹ پر پولیس کی بھاری نفری کی طلبی، وجہ ایک پائلٹ کی غلطی[/pullquote]

ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈم کے شیپول ایئر پورٹ پر غلطی سے ہنگامی حالت میں سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی نفری طلب کر لی گئی۔ ایسا اسپین کی ایک فضائی کمپنی ایئر یورپ کے ایک طیارے کے پائلٹ کی غلطی کی وجہ سے ہوا۔ اس پائلٹ نے پرواز سے قبل طیارے میں مسافروں کی بورڈنگ کے دوران غلطی سے ایمرجنسی کی اطلاع دینے والا بٹن دبا دیا تھا۔ یہ ایمرجنسی بٹن وہ تھا، جس کے ذریعے کوئی پائلٹ کسی طیارے کے ہائی جیک کیے جانے کی اطلاع دیتا ہے۔ اس غلط اطلاع کے بعد شیپول ایئر پورٹ کے ایک حصے میں فضائی ٹریفک فوراﹰ روک دی گئی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر طیارہ خالی کرا لیا اور ایک گھنٹے بعد اسے پرواز کی اجازت دے دی گئی۔ ایئر یورپ نے اس غلطی پر معذرت بھی کر لی ہے۔

[pullquote]سوتیلے بھائی کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث نابالغ جرمن لڑکی گرفتار[/pullquote]

جرمن پولیس نے اپنے سوتیلے بھائی کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ایک نابالغ جرمن لڑکی کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ اس پندرہ سالہ لڑکی کو بیلےفَیلڈ نامی شہر سے حراست میں لیا گیا۔ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ اس لڑکی کا ایک تین سالہ سوتیلا بھائی اسی کی طرف سے کیے گئے تشدد کے نتیجے میں ہلاک ہوا تھا۔ ابھی تک اس قتل کے محرکات واضح نہیں ہیں۔ پولیس کو گزشتہ رات سے اس لڑکی کی تلاش تھی، جس دوران سراغ رساں کتے اور ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے گئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے