جمعرات : 09 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]گرنے سے قبل یوکرائنی طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی، ایران[/pullquote]

ایرانی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ تہران کے جنوب مغرب میں گر کر تباہ ہونے والے یوکرائنی مسافر طیارے میں کریش سے قبل آگ لگی ہوئی تھی۔ یوکرائنی انٹرنیشنل ایئرلائنز کا بوئنگ طیارہ بدھ کے روز تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سے اڑنے کے چند ہی منٹ بعد تباہ ہو گیا تھا۔ اس واقعے میں طیارے میں سوار تمام 170 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ایرانی تفتیش کاروں کے مطابق تہران سے اڑنے والا یہ طیارہ کسی تکینیکی خرابی کا شکار ہوا اور قریبی ہوائی اڈے پر اترنے کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ اس رپورٹ میں تاہم تکنیکی خرابی کی وضاحت نہیں کی گئی ہے دوسری جانب کینیڈا سے تعلق رکھنے والے سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ اس جیٹ طیارے کے انجن کے اوورہیٹڈ ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

[pullquote]ایران کے خلاف ٹرمپ کی عسکری کارروائی کی صلاحیت محدود کرنے کے لیے ایوانِ نمائندگان میں ووٹنگ[/pullquote]

امریکی ایوانِ نمائندگان میں آج جمعرات کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف کسی عسکری کارروائی کا راستہ روکنے کے خلاف ایک قرارداد پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک صفحے پر مشتمل اس بیان کے ذریعے امریکی صدر کی جانب سے ایران کے خلاف خود سے فوجی کارروائی کے فیصلے کی صلاحیت محدود بنائی جائے گی۔ ڈیموکریٹس امریکی قانون سازوں نے صدر ٹرمپ کی طرف سے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کرنے کے اقدام کو ’اشتعال انگیز اور غیرضروری‘ قرار دیا گیا تھا۔ ریپبلکن قانون ساز تاہم اس قرارداد کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

[pullquote]امریکا کا اقوام متحدہ میں قاسم سلیمانی کے قتل کا دفاع[/pullquote]

امریکا نے اقوام متحدہ میں ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا دفاع کیا ہے۔ امریکی حکومت کے مطابق گزشتہ ہفتے عراقی دارالحکومت بغداد کے ہوائی اڈے کے قریب فضائی کارروائی میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ’ذاتی دفاع‘ کی کارروائی میں ہلاک کیا گیا۔ سلامتی کونسل کے نام ایک مراسلے میں اقوام متحدہ میں تعینات امریکی مندوب کیلی کرافٹ نے کہا کہ امریکا بغیر پیشگی شرائط کے ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے، تاکہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے سنجیدہ مذاکرات کیے جا سکیں۔ اس خط میں امریکا کا کہنا تھا کہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت اقوام متحدہ کے چارٹر کی شق اکیاون کے تحت جائزہ عمل تھا کیوں کہ یہ شق کسی ملک کو ذاتی دفاع کا حق دیتی ہے۔

[pullquote]شمالی اور وسطی اسرائیل میں بارشیں اور سیلاب[/pullquote]

شمالی اور وسطی اسرائیل میں شدید بارشیں جاری ہیں اور کئی مقامات پر سیلابی صورت حال کی وجہ سے اب تک تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان طوفانی بارشوں کی وجہ سے درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ اسرائیلی واٹر اتھارٹی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بحیرہ گلیل میں پانی کی سطح میں تیس سینٹی میٹر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی تناظر میں جمعرات کے روز متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے قریب چار لاکھ طلبہ متاثر ہوئے ہیں۔

[pullquote]لبنان نے گوسن کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کر دی[/pullquote]

لبنان نے کار ساز ادارے نِسان کے سابق سربراہ کارلوس گوسن کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ان سے جاپان میں مالیاتی بے ضابطگیوں کے تناظر میں انٹرپول کی جانب سے جاری کردہ ’ریڈ نوٹس‘ کے تحت پوچھ گچھ بھی کی گئی۔ 65 سالہ بزنس مین جاپان میں مالیاتی بے ضابطگیوں کے الزامات کے تناظر میں فرار ہو کر گزشتہ ماہ لبنان پہنچے تھے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق لبنان کی حکومت نے جاپان سے گوسن پر الزامات سے متعلق فائل بھی طلب کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائل کے مطالعے کے بعد طے کیا جائے گا کہ آیا گوسن پر لبان میں عدالتی کارروائی شروع کی جانا چاہیے۔

[pullquote]خاتون کو ٹرین کے سامنے دھیکلنے کا الزام، جرمنی میں قتل کے مقدمے کی کارروائی شروع[/pullquote]

جرمنی میں ایک 34 سالہ ملزم پر ایک خاتون کو ایک ٹرین کے سامنے دھکیل کر قتل کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ شروع کر دیا گیا ہے۔ مغربی جرمن شہر ڈوئسبرگ میں اس مقدمے کا آغاز آج جمعرات سے ہوا۔ جولائی 2019 میں وؤرڈے کے قصبے میں ایک ٹرین اسٹیشن پر ایک خاتون کو چلتی ٹرین کے سامنے دھکیل دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ خاتون موقع پر ہی ہلاک ہو گئی تھی اس مقدمے میں ایک اور 28 سالہ ملزم کو ذہنی مسائل کی بنا پر نفسیاتی علاج کے ایک مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

فرانس میں نئے جوہری ری ایکٹرز کا قیام، فیصلہ 2022 سے پہلے نہیں ہو گا

فرانسیسی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں نئے جوہری ری ایکٹروں کی تعمیر سے متعلق کوئی فیصلہ سن 2022 سے قبل نہیں کیا جائے گا۔ اس سے قبل فرانسیسی حکومت نے ریاستی ادارے ای ڈی ایف سے کہا تھا کہ وہ چھ نئے جوہری ری ایکٹروں کی تعمیر سے متعلق ابتدائی رپورٹ مرتب کرے۔ فرانسیسی وزیر توانائی ایلزبتھ برون نے بدھ کے روز ایک پارلیمانی سماعت میں کہا کہ فرانس اس وقت زیراستعمال 14 جوہری ری ایکٹروں کی بندش کے طویل المدتی منصوبے پر مصروف عمل ہے۔ فرانسیسی حکومت کہہ چکی ہے کہ وہ سن 2035 تک جوہری ایکٹروں سے بجلی کی پیداوار کو 75 فیصد سے کم کر کے 50 فیصد تک لائے گی، جب کہ قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر انحصار بڑھایا جائے گا۔

[pullquote]چین میں نمونیے کی وبا کے درپردہ ایک نیا وائرس[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چین میں نمونیے کے پچاس سے زائد کیسز کے درپردہ سارس اور میرس سے تعلق رکھنے والا ایک نیا وائرس ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق اس سلسلے میں تفصیلی تفتیش کی ضرورت ہے، تاہم امکان ہے کہ اس تازہ وبا کے درپردہ کورانا وائرس ہو سکتا ہے۔ جمعرات کے روز چینی سرکاری نیوز ایجنسی شہنوا نے کہا تھا کہ ماہرین کی جانب سے عبوری تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دسمبر میں وسطی چین میں نمونیے کے پچاس سے زائد واقعات کی وجہ کورونا وائرس کی ایک نئی قسم تھی۔ یہ بات اہم ہے کہ وسطیٰ چینی شہر ووہان میں دسمبر سے اب تک نمونیے کے 59 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

[pullquote]شمال مشرق شام میں بم حملہ، چار ترک فوجی ہلاک[/pullquote]

شمال مشرقی شام میں ہوئے ایک بم حملے میں چار تُرک فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ ترک وزارت دفاع کے مطابق بدھ کو ان تُرک فوجیوں کو گشت کے دوران کار بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں بتایا گیا ہےکہ یہ وہی علاقہ ہے جہاں تُرک فوج نے گزشتہ برس اکتوبر سے شامی باغیوں کے خلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ ترک فوج شمال مشرقی شام میں کرد جنگجو تنظیم YPG کے خلاف آپریش میں مصروف ہے۔ انقرہ حکومت اس تنظیم کو دہشت گرد قرار دیتی ہے، تاہم ماضی میں اس تنظیم کو دہشت گرد گروہ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف جنگ میں امریکی مدد حاصل رہی ہے۔

[pullquote]سعودی تیل تنصیبات پر حملے حوثی باغیوں نے نہیں کیے تھے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں سعودی تیل تنصیبات پر حملے حوثی باغیوں نے نہیں کیے تھے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے یہ بات اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کی جانب سے سلامتی کونسل کی پابندیوں کے حوالے سے کمیٹی کو پیش کردہ ایک خفیہ رپورٹ کے حوالے سے بتائی ہے۔ گزشتہ برس سمتبر کی 14 تاریخ کو سعودی آرامکو تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے تھے، جس کی وجہ سے تیل کی عالمی ترسیل میں رخنہ پڑا تھا۔ ان حملوں کی ذمہ داری حوثی باغیوں نے قبول کی تھی، تاہم امریکا، سعودی عرب اور یورپی یونین نے ان حملوں کی ذمہ داری ایران پر عائد کی تھی۔ تہران حکومت نے ان الزامات کو رد کیا تھا۔

[pullquote]ویتنام میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم، چار ہلاکتیں[/pullquote]

ویتنام میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ویتنام کی وزارت برائے تحفظ عامہ کے مطابق، یہ مظاہرے اس وقت شروع ہوئے جب حکام نے ایک عسکری ہوائی اڈے کے قریب دیوار کی تعمیر کا کام شروع کیا۔ مقامی حکام کے مطابق مظاہرین نے دستی بموں، پٹرول بموں اور چاقووں کے ذریعے سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کیے۔ فی الحال یہ معلوم نہیں کہ مظاہرین کا مطالبہ کیا تھا۔ وزارتی بیان میں تاہم کہا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ قائم کر لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں چند افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

[pullquote]خلیفہ حفتر کی فوج سرت شہر پر قابض[/pullquote]

خلیفہ حفتر کی فوج لیبیا کے اسٹریٹیجک اہمیت کے شہر سرت پر قبضے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ ماہرین اس پیش رفت کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ طرابلس حکومت کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دے رہے ہیں۔ خلیفہ حفتر لیبیا کے مشرق میں ایک متوازی حکومت قائم کیے ہوئے ہیں اور گزشتہ برس اپریل میں انہوں نے طرابلس پر قبضے کے لیے ایک بڑی عسکری کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ ترکی اور روس کی جانب سے فریقین سے جنگ بندی کیا مطالبہ کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے