جمعرات : 16 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا ڈی ڈبلیو کے ساتھ خصوصی انٹرویو[/pullquote]

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے ڈی ڈبلیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ فوجی تنازعہ تباہ کن ہو گا۔ ڈی ڈبلیوکی چیف ایڈیٹر اینس پوہل نے عمران خان کے ساتھ یہ انٹرویو اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں کیا۔ اس انٹرویو میں پاکستانی وزیراعظم نے افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اپنے سابقہ بیانات کا اعادہ کیا۔ عمران خان واضح کیا کہ وہ مشکل ہمسائیگی والے ماحول میں رہتے ہیں۔ پاکستانی وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کہا کہ ہانگ کانگ میں احتجاجی مظاہروں کو انٹرنیشنل میڈیا توجہ دے رہا ہے لیکن کشمیر کا المیہ اس سے بہت ہی بڑا ہے اور اسے نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں حکمران جماعتیں غیر ملکی پرچم جلانے پر قانونی پابندی کی خواہش مند[/pullquote]

جرمنی کی مخلوط حکومت میں شامل سیاسی جماعتیں جلد ہی وفاقی پارلیمان میں ایک ایسا مسودہ قانون پیش کریں گی، جو یورپی یونین کے پرچم کے ساتھ ساتھ کسی بھی غیرملکی پرچم یا قومی علامت کو نذر آتش کرنے پر پابندی سے متعلق ہو گا۔ جرمنی میں قومی پرچم کو جلانا پہلے ہی قانوناﹰ ایک جرم ہے۔ اس بل کی پارلیمان منظوری بظاہر یقینی ہے تاہم اپوزیشن جماعتوں نے اس کی ممکنہ منظوری پر شبے کا اظہار کیا ہے۔ جرمنی میں حالیہ برسوں میں احتجاجی مظاہروں کے دوران پرچم جلائے جانے کے واقعات میں کافی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]جرمن وزیر خارجہ ماس لیبیا پہنچ گئے[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس اپنے ایک مصالحتی مشن پر شمالی افریقی ملک لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی پہنچ گئے ہیں۔ وہ وہاں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کے مخالف رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے آج جمعرات کو بن غازی پر قابض لیبین نیشنل آرمی کے سربراہ اور طاقتور جنگی سردار خلیفہ حفتر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ماس نے حفتر کو برلن میں ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ بھی دیا۔ حفتر نے اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔ برلن میں یہ آئندہ کانفرنس لیبیا میں قیام امن کی ایک اور کوشش ہو گی۔ ایسی ہی ایک ملاقات خلیفہ حفتر اور طرابلس حکومت کے نمائندوں کے مابین منگل کو ماسکو میں بھی ہوئی تھی، جو ناکام رہی تھی۔

[pullquote]امریکا نے عراق کے ساتھ مشترکہ فوجی مشن شروع کر دیا، رپورٹ[/pullquote]

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق عراقی اور امریکی افواج نے اپنا مشترکہ فوجی مشن دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ یہ مشن بغداد ایئر پورٹ کے قریب ایک ڈرون حملے کے بعد روک دیا گیا تھا۔ اس حملے میں اعلیٰ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی مارے گئے تھے۔ اس حملے کے بعد عراق میں شدید سیاسی بےچینی پیدا ہو گئی تھی۔ امریکی محکمہٴ دفاع کے مطابق اس مشن کی بحالی کا مقصد دہشت گرد گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف جاری کارروائیوں میں تسلسل پیدا کرنا ہے۔ امریکی و عراقی فوج کا یہ مشن جن علاقوں میں بحال ہوا، ان کی کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

[pullquote]جرمنی میں افراط زر کی شرح بدستور کم[/pullquote]

جرمنی کے وفاقی دفتر شماریات کے مطابق دو ہزار انیس میں ملک میں افراط زر کی شرح گزشتہ تین برسوں کے دوران اپنی نچلی ترین سطح پر رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق ہیٹنگ آئل اور پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث افراط زر کی یہ سالانہ شرح بہت زیادہ نہ رہی۔ گزشتہ برس ملک میں افراط زر کی شرح ایک اعشاریہ چار فیصد رہی، جو دو ہزار اٹھارہ میں ایک اعشاریہ آٹھ فیصد رہی تھی۔

[pullquote]ترکی اور ملائیشیا سے درآمدی مصنوعات پر پابندی نہیں لگائی، بھارتی وزیر[/pullquote]

بھارتی وزیر تجارت پیُوش گوئل نے وضاحت کی ہے کہ ملکی حکومت نے ترکی اور ملائیشیا سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر کسی بھی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگائی۔ گوئل کے مطابق نئی دہلی حکومت اس حوالے سے مساوات اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں یہ بھی کہا کہ ان دونوں ملکوں سے درآمدات پر کوئی آئندہ پابندی زیر غور بھی نہیں ہے۔ کل بدھ کو نیوز ایجنسی روئٹرز نے بتایا تھا کہ نئی دہلی حکومت ترکی اور ملائیشیا سے بعض درآمدی مصنوعات پر پابندی لگا دینے کا سوچ رہی ہے۔ ان دونوں مسلم ممالک نے بھارتی حکومت کی کشمیر پالیسی پر کھل کر تنقید کی تھی۔

[pullquote]اسرائیل نے مصر کو گیس کی فراہمی شروع کر دی[/pullquote]

اسرائیل نے دسمبرمیں طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت مصر کو قدرتی گیس کی فراہمی شروع کر دی ہے۔ اسرائیلی وزیر توانائی یُووال اشٹائنٹس نے قدرتی گیس کی فراہمی شروع کرنے پر کہا کہ اب اسرائیل بھی خطے میں ایندھن اور توانائی فراہم کرنے والے ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ مصری وزارت پٹرولیم نے قدرتی گیس کی اس فراہمی کو ایک بڑا قدم قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے اقتصادی مفادات کا ذکر کیا۔ اس وزارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسرائیلی سیال گیس مصر کے راستے اب یورپ تک پہنچ پائے گی۔ اسرائیلی وزیر توانائی ایک گیس فورم میں شریک ہونے کے لیے بدھ کو مصری دارالحکومت قاہرہ میں تھے۔

[pullquote]امریکا اور چین کے مابین تجارتی ڈیل کے پہلے مرحلے پر دستخط ہو گئے[/pullquote]

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں چین اور امریکا کے درمیان تجارتی ڈیل کا ’پہلا مرحلہ‘ طے پا گیا ہے۔ امریکا کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کی جانب سے نائب وزیر اعظم لیو ہی نے ’فیز ون‘ کی دستاویز پر دستخط کیے۔ تجارتی ڈیل کے اس پہلے مرحلے کے طے پا جانے کے بعد بھی چین سے امریکا درآمد کی جانے والی دو تہائی اشیاء پر اضافی درآمدی ٹیکسوں کا نفاذ برقرار رہے گا۔ دستخطوں کے بعد صدر ٹرمپ نے اس ڈیل کو ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب دونوں ملکوں کے درمیان شفاف بنیادوں پر تجارت فروغ پائے گی۔ اس ڈیل کے بعد امریکی اور ایشیائی مالیاتی منڈیوں میں تیزی دیکھی گئی۔

[pullquote]روس میں حکمران پارٹی نے نئے وزیر اعظم کے نام کی منظوری دے دی[/pullquote]

روس میں حکمران پارٹی ’متحدہ روس‘ نے اپنے ایک اجلاس میں نامزد ملکی وزیر اعظم میخائل میشُوسٹِن کے نام کی متفقہ منظوری دے دی۔ اب پارلیمنٹ نئے وزیر اعظم کی نامزدگی کی توثیق کرے گی۔ روسی پارلیمنٹ کا ایوانِ زیریں دُوما آج جمعرات سولہ جنوری کو کسی بھی وقت اپنے ایک خصوصی اجلاس میں میخائل میشوسٹن کی نامزدگی کی منظوری دے دے گا۔ دوما میں حکمران جماعت کو واضح برتری حاصل ہے اور توثیق مشکل نہیں ہو گی۔ صدر ولادیمیر پوٹن کی جانب سے دستوری ترامیم متعارف کرانے کی تجاویز کے تناظر میں کئی برسوں تک وزیر اعظم رہنے والے دیمیتری میدویدیف کل بدھ کو اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہو گئے تھے۔ پوٹن نے مجوزہ دستوری ترامیم کی تفصیلات کا اعلان ابھی نہیں کیا۔

[pullquote]ادلب میں شدید لڑائی جاری، انتالیس افراد ہلاک[/pullquote]

شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والے اپوزیشن گروپ کے مطابق ادلب صوبے میں شدید لڑائی میں انتالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ لڑائی باغیوں اور حکومتی افواج کے درمیان جاری ہے۔ حکومتی فوج ادلب کے اہم قصبے مرۃ النعمان کی جانب بڑھ رہی ہے۔ ابھی ایک روز قبل ہی شامی جنگی طیاروں کی باغیوں کے زیر قبضہ علاقے پر بمباری میں کم از کم پندرہ افراد مارے گئے تھے۔ اسد حکومت کے طیاروں نے ادلب شہر میں سبزی منڈی اور صنعتی علاقے پر شدید بمباری کی تھی۔ ایک امدادی رضاکار نے زخمیوں کی تعداد ساٹھ سے زائد بتائی ہے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کہا گیا ہے کہ اس بمباری میں دمشق حکومت کے تینتیس جنگی طیارے شریک تھے۔

[pullquote]چین سے ’پراسرار وائرس‘ جاپان پہنچ گیا[/pullquote]

جاپانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک مریض میں وہی ’پراسرار وائرس‘ پایا گیا ہے، جس کی سب سے پہلے تشخیص چین میں ہوئی تھی۔ یہ شخص چینی صوبے وُوہان سے دس جنوری کو واپس جاپان پہنچا تھا۔ اُس نے واپسی کے چار دن بعد اپنے معالج کو بتایا کہ اسے مسلسل بخار تھا۔ عالمی ادارہٴ صحت اس وائرس کے ایک مریض کی تھائی لینڈ میں تشخیص کی تصدیق بھی کر چکا ہے۔ چین سے باہر اب دو ملکوں میں نمونیا کے کورونا وائرس سے ملتے جلتے اِس نئے وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ اس وائرس پر ریسرچ اور اس کے خلاف مدافعت پیدا کرنے والی ویکسین کی تیاری کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]آسٹریلوی جنگلاتی آگ والے علاقوں میں بارش، آگ کی شدت میں کمی[/pullquote]

جاپانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک مریض میں وہی ’پراسرار وائرس‘ پایا گیا ہے، جس کی سب سے پہلے تشخیص چین میں ہوئی تھی۔ یہ شخص چینی صوبے وُوہان سے دس جنوری کو واپس جاپان پہنچا تھا۔ اُس نے واپسی کے چار دن بعد اپنے معالج کو بتایا کہ اسے مسلسل بخار تھا۔ عالمی ادارہٴ صحت اس وائرس کے ایک مریض کی تھائی لینڈ میں تشخیص کی تصدیق بھی کر چکا ہے۔ چین سے باہر اب دو ملکوں میں نمونیا کے کورونا وائرس سے ملتے جلتے اِس نئے وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ اس وائرس پر ریسرچ اور اس کے خلاف مدافعت پیدا کرنے والی ویکسین کی تیاری کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے