جمعرات :24 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بنگلہ دیش: مدرسے کی طالبہ کے سولہ قاتلوں کو سزائے موت[/pullquote]

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے ایک نوجوان طالبہ کو آگ لگا کر جان سے مار دینے کے الزام میں 16 افراد کو سزائے موت سنائی ہے۔ انیس سالہ نصرت جہاں چٹاگانگ کے ایک مدرسے کی طالبہ تھی۔ انہوں نے مدرسے کے ہیڈ ماسٹر کے خلاف انہیں ریپ کرنے کی کوشش کا الزام لگایا تھا۔ ہیڈ ماسٹر کی گرفتاری کے بعد نصرت جہاں پر یہ مقدمہ واپس لینے کا دباؤ تھا لیکن جب انہوں نے انکار کیا تو اپریل میں مدرسے کے اندرکچھ لوگوں نے مل کر ان پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ نصرت جہاں کے کیس پر بنگلادیش میں مظاہرے ہوئے تھے اور حکومت نے قاتلوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا وعدہ کیا تھا۔

[pullquote]کنٹینر سے برآمد اُنتالیس لاشیں چینی باشندوں کی ہیں، برطانوی میڈیا[/pullquote]

برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ایک کنٹینر سے برآمد کی جانے والی اُنتالیس لاشیں چینی باشندوں کی ہیں۔ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد کی شناخت کا تعین کیا جارہا ہے۔ مردہ افراد سے بھرا کنٹینر برطانیہ کے شمال مغربی علاقے ایسکس میں ملا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کنٹینر بلغاریہ سے آیا تھا۔ ٹرک کا ڈرائیور شمالی آئرلینڈ کا پچیس سالہ نوجوان ہے، جو پولیس کی تحویل میں ہے۔

[pullquote]کم عمر افراد کو سزائے موت دینے پر ایران پر اقوام متحدہ کی تنقید[/pullquote]

اقوام متحدہ نے ایران پر نابالغ افراد کو سزائے موت دینے پر تنقید کی ہے۔ اقوام متحدہ میں انسانی حقوق سے متعلق اہلکار جاوید رحمان نے کہا کہ ایران نے اس سال جولائی تک کل ایک سو تہتر افراد کو موت کے گھاٹ اتارا، جن میں دو کی عمریں محض سترہ برس تھیں۔ اطلاعات کے مطابق ایران نے پچھلے سال اٹھارہ سال سے کم عمر کے سات افراد کو سزائے موت دی۔ اقوام متحدہ کے مطابق ایران کی جیلوں میں آج بھی اٹھارہ سال سے کم عمر کے نوے افراد سزائے موت کے منتظر ہیں۔ اقوام متحدہ کم عمر افراد کو سزائے موت دینے کی سخت مخالف ہے اور اس کا ایران سے بارہا مطالبہ رہا ہے کہ وہ اس روش کا خاتمہ کرے۔

[pullquote]کمپیوٹر پراسیسنگ کے میدان میں گوگل کا سنگ میل[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکا نے نو روز قبل یہ پابندیاں شام میں کرد ملیشیا کے خلاف ترک افواج کی چڑھائی کے بعد لگائی تھیں۔ صدر ٹرمپ نے پابندیاں ہٹانے کا تازہ فیصلہ منگل کو ترکی اور روس کے درمیان شمالی شام کی سرحدی پٹی میں سیز فائر سے متعلق سمجھوتے کے بعد کیا۔ صدر ٹرمپ کو اپنے مخالفین کی طرف سے یورپ اور امریکا کی اتحادی کُرد ملیشیا کو مبینہ طور پر ترکی کے آگے بے آسرا چھوڑ نے پر سخت نکتہ چینی کا سامنا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ نے ترکی پر عائد پابندیاں اٹھا لی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر عائد پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ امریکا نے نو روز قبل یہ پابندیاں شام میں کرد ملیشیا کے خلاف ترک افواج کی چڑھائی کے بعد لگائی تھیں۔ صدر ٹرمپ نے پابندیاں ہٹانے کا تازہ فیصلہ منگل کو ترکی اور روس کے درمیان شمالی شام کی سرحدی پٹی میں سیز فائر سے متعلق سمجھوتے کے بعد کیا۔ صدر ٹرمپ کو اپنے مخالفین کی طرف سے یورپ اور امریکا کی اتحادی کُرد ملیشیا کو مبینہ طور پر ترکی کے آگے بے آسرا چھوڑ نے پر سخت نکتہ چینی کا سامنا ہے۔

[pullquote]جرمنی کی شام سے متعلق روس اور ترکی کے سمجھوتے پر تنقید[/pullquote]

جرمنی نے روس اور ترکی کے درمیان شمالی شام میں مشترکہ فوجی نگرانی اور ترک سرحد کے قریب سے کُرد ملیشیا کو پیچھے دھکیلنے کے سمجھوتے پر نکتہ چینی کی ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان اسٹیفان زائبرٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اس بحران کے حل میں صرف روس اور ترکی کا ہی کردار نہیں بلکہ باقی ملکوں کا بھی اس میں شامل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کو اپنی دہلیز پر رونما ہونے والے واقعات سے خود نمٹنا ہوگا کیونکہ ان واقعات کا براہ راست اثر یورپی یونین کے رکن ممالک پر پڑتا ہے۔ جرمنی نے شمالی شام میں روس اور ترکی کی مشترکہ نگرانی کے برعکس ایک بین الاقوامی سکیورٹی زون کے قیام کی اپنی تجویز پیش کر رکھی ہے۔

[pullquote]چلی میں حکومت مخالف مظاہرے[/pullquote]

لاطینی امریکا کے ملک چلی میں حکومت کی طرف سے معاشی اصلاحات کے پیکج کے باوجود عوامی مظاہرے جاری ہیں۔ بدھ کوعام ہڑتال رہی اور ہزارہا مظاہرین نے دارالحکومت سانتیاگو کی سڑکوں پر مارچ کیا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں توڑ پھوڑ ہوئی اور کئی لوگ زخمی ہوئے۔ لوگوں میں مہنگائی اور طبقاتی خلیج پر غم و غصہ ہے۔ ملک گزشتہ ایک ہفتے سے مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور ہنگاموں میں اب تک اٹھارہ لوگ مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]روس کا شامی کرد ملیشیا کو انتباہ[/pullquote]

روس نے شامی کُرد ملیشیا، وائی پی جی کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے ترکی اور روس کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر عمل نہیں کیا تو وہ ترک فوجی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔ اس ہفتے روس اور ترکی کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں کرد ملیشیا کو شام سے نکل جانے پر اتفاق ہوا تھا۔ روس کی طرف سے یہ انتباہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب روسی فورسز نے شمالی شام میں داخل ہو کرکرد ملیشیا کے انخلا کی نگرانی شروع کر دی ہے۔

[pullquote]اسرائیل میں نیتن یاہو کے حریف بینی گینتز کو حکومت بنانے کی دعوت[/pullquote]

اسرائیل میں وزیر اعظم بینجمن نتین یاہو کی طرف سے حکومت سازی میں ناکامی کے بعد صدر نے اب ان کے حریف بینی گینتز کو دعوت دی ہے کہ وہ حکومت بنائیں۔ ستمبر میں ہونے والے عام انتخابات میں کسی بھی جماعت کو واضع اکثریت نہ مل پائی تھی، جبکہ سابق فوجی سربراہ بینی گینتز کی جماعت بلو اینڈ وائٹ پارٹی دوسرے نمبر پر رہی تھی۔ اگر وہ بھی حکومت بنانے میں ناکام رہتے ہیں تو اسرائیل ایک سال کے اندر تیسری بار انتخابات کی طرف جاسکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے