جمعرات : 27 جون 2019 کہ اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اقوام متحدہ کی طرف سے قتل ہونے والے پاکستانی بلاگر کے لیے انصاف کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے پاکستانی بلاگر اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ محمد بلال خان کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے ڈائریکٹر آڈری آزولا کی طرف سے بدھ 26 جون کو ایک بیان جاری کیا گیا جس میں 16 جون کو محمد بلال خان کے قتل کی مذمت کی گئی ہے۔ ساتھ ہی پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس قتل کی تحقیقات کریں اور ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔ بلاگر محمد بلال خان پاکستان کے سیاسی اور فوجی رہنماؤں کے بارے میں تنقیدی نقطہ نظر رکھتے تھے۔

[pullquote]ایران پر سخت امریکی پابندیاں اثر دکھا رہی ہیں، امریکی سفارت کار[/pullquote]

ایران کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا کا شدید معاشی دباؤ اپنا اثر دکھا رہا ہے۔ برائن ہُک نے پیرس میں خبر رساں ادارے روئٹرز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا زیادہ سے زیادہ معاشی دباؤ ڈالنے کی پالیسی جاری رکھے گا کیوں کہ اس کا اثر ہو رہا ہے اور ایرانی حکومت کے ریوینیو میں تاریخی کمی واقع ہوئی ہے۔ ان کا تاہم یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی پابندیوں کے رد عمل میں ایران کو اپنی جوہری ذمہ داریوں سے الگ ہونے کا حق حاصل نہیں۔

[pullquote]استنبول کے نئے میئر نے ذمہ داریاں سنبھال لیں[/pullquote]

استنبول کے نئے منتخب ہونے والے میئر اکرم امام اولو نے آج جمعرات کے روز اپنی ذمہ داریاں باقاعدہ طور پر سنبھال لی ہیں۔ امام اولو ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی جماعت کے امیدوار کو شکست دے کر میئر کی نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔ اپوزیشن ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے اکرم امام اولو تین ماہ پہلے ہونے والے انتخابات میں بھی کامیاب ٹھہرے تھے تاہم حکمران جماعت کی طرف سے ان کی کامیابی کے خلاف درخواست کے بعد دوبارہ انتخابات کرائے گئے۔

[pullquote]کانگو: تانبے کی ایک کان میں حادثے کے نتیجے میں 36 کان کن ہلاک[/pullquote]

کانگو کے جنوب مشرقی حصے میں تانبے کی ایک کان منہدم ہونے کے نتیجے میں کم از کم 36 کان کُن ہلاک ہو گئے ہیں۔ کانگو کے صوبہ لوالابا کے گورنر رچرڈ موژیج نے بتایا کہ یہ حادثہ آج جمعرات کو پیش آیا جس میں ہلاک ہونے والے تمام کان کن غیر قانونی طور پر کام کر رہے تھے۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ جی ٹوئنٹی سمٹ کے لیے جاپان پہنچ گئے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جی ٹوئنٹی کی دو روزہ سمٹ میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ گئے ہیں۔ دنیا کی بیس ترقی یافتہ اور ترقی کی دہلیز پر کھڑی معیشتوں پر مشتمل گروپ کا یہ سربراہی اجلاس جاپان کے شہر اوساکا میں جمعے اور ہفتے کے روز ہو گا۔ خدشہ ہے کہ اس سمٹ پر چینی امریکی تجارتی تنازعے کے سائے چھائے رہیں گے۔ اوساکا میں ڈونلڈ ٹرمپ اپنے روسی ہم منصب پوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سمیت کئی رہنماؤں سے اس اجلاس کے حاشیے پر علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

[pullquote]سائبیریا میں روسی مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ: دو افراد ہلاک، سات زخمی[/pullquote]

روس میں آج جمعرات کے روز ایک مسافر طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑ گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔ روسی علاقے سائبیریا میں ہنگامی حالات کی علاقائی وزارت نے بتایا کہ یہ آنٹونوف چوبیس طرز کا ایک مسافر ہوائی جہاز تھا، جسے بُوریاتیا کے خطے میں ایک ایئر پورٹ پر ہنگامی طور پر اترنا پڑا۔ طیارے میں عملے کے پانچ ارکان سمیت کل اڑتالیس افراد سوار تھے۔ دوران پرواز ایک انجن بند ہو جانے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کے دوران یہ طیارہ رن وے پر پھسلتا ہوا ایک چھوٹی عمارت سے جا ٹکرایا۔ اس دوران اس میں آگ بھی لگ گئی تھی۔

[pullquote]ایرانی جوہری معاہدہ: صدر روحانی کو تنبیہ کر دی ہے، ماکروں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ گفتگو میں انہیں عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے سے نکلنے کے خلاف تنبیہ کر دی ہے۔ ماکروں نے ٹوکیو میں صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے چند روز قبل ہونے والی گفتگو میں صدر حسن روحانی پر واضح کر دیا تھا کہ اگر تہران دو ہزار پندرہ میں طے پانے والے جوہری معاہدے سے نکلا، یا اس نے اس ڈیل کی خلاف ورزی کا کوئی اشارہ بھی دیا، تو یہ ایک غلطی ہو گی۔

[pullquote]نیتن یاہو کے مخالف ایہود باراک کی سیاست میں واپسی، نئی پارٹی بنانے کا اعلان[/pullquote]

اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ایہود باراک نے ملکی سیاست میں اپنی واپسی کے ساتھ ساتھ ایک نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ اس نئی اسرائیلی سیاسی پارٹی کا ابھی کوئی نام نہیں رکھا گیا۔ ایہود باراک موجودہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے بہت بڑے ناقد ہیں۔ اسرائیل میں سال رواں کے دوران اس لیے دوسری مرتبہ عام انتخابات کرائے جائیں گے کہ گزشتہ الیکشن کے بعد نیتن یاہو نئی حکومت بنانے میں ناکام رہے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے