جمعہ : 02 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]خاشقجی کے قتل پر اسرائیلی وزیر اعظم کی مذمت[/pullquote]

سعودی صحافی جمال خاشقجی کی ہلاکت پر خاموشی توڑتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی طرف سے پہلا بیان جاری کیا گیا ہے۔ جعمے کے دن بلغاریہ میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ خاشقجی کی ہلاکت کا واقعہ قابل مذمت ہے لیکن خطے کے لیے بڑا مسئلہ ایران ہے۔ قبل ازیں اسرائیلی وزیر برائے توانائی نے خاشقجی کے قتل کو ’قابل حقارت‘ قرار دیتے ہوئے خطے کا بڑا مسئلہ ایران کو قرار دیا تھا۔ سعودی حکومت کے ناقد خاشقجی کی ہلاکت پر ریاض حکومت کو سخت بین الاقوامی دباؤ کا سامنا ہے۔

[pullquote]کوریائی ریاستیں اولمپک مقابلوں کی مشترکہ میزبانی کی خواہش مند[/pullquote]

شمالی اور جنوبی کوریا اولمپک مقابلوں کا مشترکہ طور پر انعقاد کرانے پر آمادہ ہیں۔ ان دونوں ممالک نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ وہ سن 2032 کے مقابلوں کی میزبانی کے خواہش مند ہیں۔ ان مقابلوں کے میزبان کا چناؤ سن دو ہزار پچیس میں کیا جائے گا۔ قبل ازیں ان کوریائی ریاستوں نے اولمپک مقابلوں میں کھلاڑیوں کا مشترکہ دستہ روانہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

[pullquote]لیبر پارٹی میں ’یہودی مخالف جذبات‘، چھان بین شروع[/pullquote]

برطانوی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اپوزیشن لیبر پارٹی کے اندر ’نفرت انگیز یہودی مخالف جرائم‘ کی چھان بین کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ جمعے کے دن جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق پولیس کو اس سیاسی پارٹی کا ایک داخلی ضمیمہ موصول ہوا، جس کے بعد باضابطہ تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کے مطابق پارٹی کے کچھ ممبران نے الزامات عائد کیے ہیں، جن کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔

[pullquote]یمن میں سعودی عسکری اتحاد کی نئی کارروائی[/pullquote]

سعودی عسکری اتحاد نے یمن میں فعال حوثی باغیوں کے خلاف تازہ حملے کیے ہیں۔ میڈیا کے مطابق جمعے کے دن کی گئی اس کارروائی میں صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب واقع ایک عسکری تنصیب کو نشانہ بنایا گیا۔ الزام ہے کہ ایران نواز باغی اس فوجی اڈے کا استعمال کرتے ہوئے سودی عرب پر میزائل حملے کر رہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق اس ایئر بیس پر تقریبا بیس فضائی حملے کیے گئے، جس سے پورا شہر گونج اٹھا۔ یمن میں سن دو ہزار پندرہ میں سعودی عسکری اتحاد کی مداخلت کے بعد سے دس ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]کابل میں آتشزدگی، بڑا مالی نقصان[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں آتشزدگی کی وجہ سے ہونے والی تباہ کاریوں سے نمٹنے کی کوششیں جاری ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق بارہ گھنٹے بعد بروز جمعہ بھی کچھ مقامات پر آگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں۔ افغان حکومت کے ترجمان ذاکر اللہ زاہد نے میڈیا کو بتایا ہے کہ فائر بریگیڈ کا عملہ ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس آتشزدگی کی وجہ الیکٹرک فالٹ بتایا گیا ہے۔ بڑے پیمانے پر ہونے والی اس تباہی کی وجہ سے کئی ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے جبکہ چھ سے سو زائد کاروبار متاثر ہوئے ہیں۔

[pullquote]پولینڈ اور جرمنی کی مشاورتی میٹنگ[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج بروز جمعہ پولینڈ کا دورہ کر رہی ہیں۔ سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ میرکل کے ہمراہ ان کی کابینہ کے ارکان بھی موجود ہیں، جو وارسا میں پولش حکومت کے ساتھ مشاورت کریں گے۔ دونوں حکومتوں کے مابین اپنی نوعیت کی اس پندرہویں ملاقات میں باہمی تعلقات، یورپی یونین اور سلامتی کے پالیسیوں کو توجہ حاصل رہنے کی توقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مہاجرین کا موضوع بھی اس ملاقات میں زیر بحث آ سکتا ہے۔ جرمنی اور پولینڈ کے مابین آخری مرتبہ یہ مشاورتی عمل برلن میں سن دو ہزار سولہ میں منعقد ہوا تھا۔

[pullquote]تجارتی اختلافات دور کریں گے، چینی و امریکی صدور[/pullquote]

امریکی اور چینی صدور نے تجارتی اختلافات کو دور کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ باہمی تعلقات کو بہتر بناتے ہوئے عالمی سلامتی کی خاطر کوششوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ان رہنماؤں نے شمالی کوریا کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ نومبر کے اواخر میں ارجنٹائن میں منعقد ہونے والی جی ٹوئنٹی سمٹ کے موقع پر ملاقات کریں گے۔

[pullquote]سری لنکا کے حالات پر یورپی یونین کی تشویش[/pullquote]

یورپی یونین نے خبردار کیا ہے کہ اگر سری لنکا نے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے کیے گئے وعدوں پر عمل نہ کیا تو اس جنوبی ایشیائی ملک کو دیا گیا ڈیوٹی فری ایکسس کو ختم کر دیا جائے گا۔ سری لنکا کے صدر کی طرف سے منتخب وزیر اعظم کی جگہ سابق صدر مہندا راجا پاکسے کو اس عہدے پر تعینات کرنے کے بعد یورپی یونین نے شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔ کولمبو حکومت نے سن دو ہزار سولہ میں عہد کیا تھا کہ وہ تامل نسلی آبادی کو بنیادی معاشرتی دھارے میں لائے گی۔

[pullquote]آسام میں باغیوں کا حملہ، پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی ریاست آسام میں مشتبہ علیحدگی پسندوں کے ایک حملے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی ممنوعہ یونائیٹڈ لبرل فرنٹ آف آسام کے شدت پسندوں نے سر انجام دی۔ ریاستی حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ ماہ گوہاٹی میں ایک بم حملے کا ذمہ دار بھی یہی عسکریت پسند گروہ تھا۔ ریاستی وزیراعلیٰ نے عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ علیحدگی پسندوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ایلفا نامی یہ علیحدگی پسند گروہ ماضی میں بھی حملے کرتا رہا ہے۔

[pullquote]خاشقجی کی ہلاک کا واقعہ ’قابل حقارت‘ لیکن ایران زیادہ بڑا چیلنج ہے، اسرائیلی وزیر[/pullquote]

سعودی صحافی جمال خاشقجی کی ہلاکت پر خاموشی توڑتے ہوئے اسرائیل کی طرف سے پہلا بیان جاری کر دیا گیا ہے۔ ایک مقامی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر برائے توانائی نے کہا کہ خاشقجی کی ہلاکت کا واقعہ ’قابل حقارت‘ ہے لیکن ایران زیادہ بڑا چیلنج ہے۔ یووال شٹائنٹس نے مزید کہا کہ اسرائیل کے لیے خطے میں ایران زیادہ بڑا مسئلہ ہے۔ سعودی حکومت کے ناقد خاشقجی کی ہلاکت پر ریاض حکومت کو سخت دباؤ کا سامنا ہے۔

[pullquote]ایران پر مزید پابندیاں، عوام بے چین[/pullquote]

ایران میں مہنگائی، بدعنوانی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہروں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ عوامی بے چینی ایک ایسے وقت میں نظر آ رہی ہے، جب پیر سے ایران پر نئی امریکی پابندیاں فعال ہو جائیں گے۔ ان پابندیوں کی وجہ سے ایرانی معیشت پر زیادہ بوجھ پڑے گا اور اقتصادی حالات زیادہ مسائل کا شکار ہو جائیں گے۔ عالمی جوہری ڈیل سے دستبرداری کے بعد واشنگٹن حکومت اسلامی جمہوریہ ایران پر پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ شروع کیے ہوئے ہے۔ ایرانی حکام کا الزام ہے کہ امریکا ایران میں حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش میں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے