جمعہ : 09 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسلامک اسٹیٹ نے میلبورن چاقو حملے کی ذمہ داری قبول کر لی[/pullquote]

دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے میلبورن میں جمعے کے روز ہوئے چاقو حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ اس دہشت گرد تنظیم کے زیرنگرانی چلنے والی نیوز ایجنسی عماق نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ آور اسلامک اسٹیٹ کا جنگجو تھا۔ اسلامک اسٹیٹ کے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔ جمعے کو میلبورن کے مرکز میں چاقو سے حملہ کر کے ایک شخص کو ہلاک جب کہ دیگر دو کو زخمی کر دیا تھا۔ یہ حملہ آور پولیس کی گولی سے زخمی ہو گیا تھا، جس کے بعد اسے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

[pullquote]حکومتی فورسز کا باغیوں کے خلاف اِدلب صوبے کے قریب بڑا حملہ[/pullquote]

شامی حکومتی فورسز کے اِدلب صوبے کے نواح میں کیے گئے ایک بڑے حملے میں 22 باغی ہلاک ہوئے ہیں۔ شامی تنازعے کے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کا آغاز اس وقت ہوا، جب بشارالاسد کی حامی فورسز نے باغیوں کی ایک پوزیشن پر قبضے کی کوشش کی۔ ستمبر میں ماسکو اور ترکی نے اِدلب کے نواحی قصبوں کو غیرعسکری علاقہ قرار دینے کی ایک ڈیل کی تھی، تاہم اب تک اس پر عمل درآمد ممکن نہیں ہو سکا۔ آبزرویٹری کے مطابق ایسے کسی مجوزہ غیرعسکری علاقے میں کیے گئے حملے میں ہلاکتوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا کے صدر نے وزیرخزانہ کو برطرف کر دیا[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نے جمعے کے روز وزیرخزانہ کو برطرف کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ صدارتی چیف آف اسٹاف برائے پالیسی کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ دنیا کی گیارہوں سب سے بڑی معیشت حالیہ عرصے میں کم شرح نمو کے مسئلے سے دوچار ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ان دونوں عہدیداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔

[pullquote]ٹرمپ پوٹن پر ایم ایچ 17 پرواز کی تباہی سے متعلق مزید معلومات دینے کے لیے دباؤ ڈالیں، متاثرین[/pullquote]

ملائیشیائی ہوائی کمپنی کی ہالینڈ سے روانہ ہونے والی پرواز مشرقی یوکرائن میں بَک میزائل کے لگنے سے تباہ ہو گئی تھی۔ اس پرواز کے ہلاک شدگان کے اہل خانہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مزید معلومات فراہم کرنے کے لیے روسی صدر پوٹن پر دباؤ ڈالیں۔ اس طیارے کی تباہی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 298 افراد میں سے 30 کے اہل خانہ کی جانب سے صدر ٹرمپ کے نام لکھے گئے ایک کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ اس طیارے کی تباہی سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات حاصل کرنا ان کا حق ہے۔ واضح رہے کہ 17 جولائی 2014کو یہ طیارہ تباہ ہو گیا تھا اور اس میں سوار تمام مسافر اور عملے کے ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]روہنگیا میانمار واپسی سے ’خوف زدہ‘ ہیں، امدادی ادارے[/pullquote]

جمعے کے روز روہنگیا مہاجرین کے لیے امدادی سرگرمیوں میں مصروف امدادی تنظیموں نے کہا ہے کہ اِن مہاجرین کو جلد بازی میں میانمار واپس نہ بھیجا جائے۔ ان امدادی اداروں کے مطابق راکھین ریاست میں گزشتہ برس عسکری آپریشن کے بعد ہجرت پر مجبور ہونے والے سات لاکھ سے زائد مہاجرین میانمار واپس جانے سے ’خوف زدہ‘ ہیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے میانمار کے فوجی عہدیداروں کے خلاف نسل کشی کے الزامات کے تحت تحقیقات کا مطالبہ کیا جا چکا ہے، تاہم میانمار کی حکومت نے ان الزامات کو رد کیا ہے۔

[pullquote]امریکا، روس اور اردن کے رکبان مہاجر بستی سے متعلق مذاکرات[/pullquote]

اردن، امریکا اور روس کے ساتھ رکبان مہاجر بستی کے معاملے کے حل کے لیے بات چیت میں مصروف ہے۔ یہ مہاجر بستی اردن کی سرحد کے قریب شامی صحرا میں موجود ہے۔ جمعرات کے روز ذرائع نے بتایا ہے کہ اردن اس سلسلے میں اس روسی منصوبے کی حمایت کر رہا ہے، جس کے تحت اس مہاجر کیمپ کو رفتہ رفتہ خالی کرایا جانا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس مہاجر بستی میں رہنے والے شامی باشندوں کو بہتر حالات مہیا کیے جائیں گے، تاکہ وہ اپنے اپنے شہروں کو واپس لوٹ سکیں۔ واضح رہے کہ اس مہاجر بستی میں 60 ہزار شامی موجود ہیں، جب کہ اپریل 2017 سے یہ افراد نہایت مخدوش حالات میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

[pullquote]امریکی خصوصی مندوب افغانستان اور پاکستان کے دورے پر[/pullquote]

امریکا کے خصوصی مندوب برائے افغان امن زلمے خلیل زاد نے افغانستان اور پاکستان کا دورہ شروع کیا ہے۔ اس دورے میں وہ متحدہ عرب امارات اور قطر بھی جائیں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق خلیل زاد کے اس دورے کا مقصد افغان طالبان کو امن مذاکرات پر مائل کرنا ہے۔ محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں اپنے دورے کے دوران امریکی مندوب خلیل زاد نے افغان حکومت اور طالبان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنی اپنی جانب سے با اختیار مذاکراتی ٹیمیں تشکیل دیں۔

[pullquote]روس کے خلاف مزید امریکی پابندیاں[/pullquote]

امریکا نے جمعرات کو دو یوکرائنی اور ایک روسی افسر کے علاوہ نو دیگر روسی اداروں پر نئی پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ان نئی پابندیوں کا نفاذ روس کی جانب سے یوکرائنی علاقے کریمیا پر قبضے اور اس قبضے سے فائدہ حاصل کرنے کے اقدامات کے تناظر میں عمل میں آیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ کریمیا پر روسی قبضے کے خلاف اقدامات اٹھائے جاتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ روس نے عسکری مداخلت کے ذریعے مارچ 2014 میں یوکرائنی علاقے جزیرہ نما کریمیا پر قبضہ کر لیا تھا۔ بعد میں ایک متنازعہ ریفرنڈم کے ذریعے اس روس کا حصہ بنا دیا گیا تھا۔

[pullquote]جرمنی میں ڈیزل گاڑیوں سے مضر گیسوں کے اخراج میں کمی کا خرچہ کارساز اداروں پر[/pullquote]

جرمن وزیرِ ٹرانسپورٹ آندریاس شوئر نے جمعرات کے روز کارساز اداروں ڈائملر، فولکس ویگن اور بی ایم ڈبلیو کے وفود سے ملاقات کی۔ برلن میں ہونے والی اس ملاقات میں پرانی ڈیزل گاڑیوں سے دھوئیں کے اخراج میں کمی کے لیے خصوصی آلے نصب کرنے کے اخراجات کارساز اداروں پر عائد کرنے کا حکومتی منصوبہ زیربحث آیا۔ شوئر نے اس ملاقات کے بعد بتایا کہ مرسیڈیز کاریں بنانے والا جرمن کارساز ادارہ ڈائملر اور فولکس ویگن تین ہزار یورو فی گاڑی ادا کرنے پر آمادہ ہیں، تاہم بی ایم ڈبلیو نے اس پروگرام میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ شوئر کے بقول وہ جلد ہی اس سلسلے میں غیر ملکی کارساز اداروں کے وفود سے بھی ملاقات کریں گے۔

[pullquote]وینیزویلا سے ہجرت کرنے والوں کی تعداد تین ملین ہو گئی[/pullquote]

وینیزویلا سے ہجرت کرنے والے افراد کی تعداد تین ملین تک پہنچ چکی ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین UNHCR کے مطابق وینیزویلا سے ڈھائی ملین سے زائد افراد لاطینی امریکی ممالک اور کیریبین کے علاقے میں پہنچے ہیں۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ ان تارکین وطن کی سب سے زیادہ تعداد یعنی تقریباً ایک ملین کو کولمبیا نے قبول کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق پیرو، ایکواڈور اور ارجنٹائن میں بھی لاکھوں تارکین وطن پہنچے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ لاطینی امریکی اور کیریبیئن خطے کے ممالک ان مہاجرین کے لیے عمومی طور پر ’اوپن ڈور پالیسی‘ پر عمل پیرا رہے۔

[pullquote]الحدیدہ میں یمنی فوج کی پیش قدمی جاری[/pullquote]

یمنی بندرگاہی شہر الحدیدہ میں یمن کی سرکاری فورسز کی پیش قدمی جاری ہے۔ جمعرات کے روز یمنی فورسز، سعودی قیادت میں عرب اتحاد کی فضائی مدد کے ذریعے ایک طویل عرصے سے ایران نواز حوثی باغیوں کے زیرقبضہ اس شہر کے اندر داخل ہو گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس شہر میں مختلف مقامات پر گلیوں میں لڑائی جاری ہے، جب کہ لاکھوں افراد اس لڑائی کی وجہ سے اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ یمنی فورسز گزشتہ ایک ہفتے سے اس شہر پر قبضے کے لیے شدید لڑائی میں مصروف ہیں۔ یمنی حکام کا دعویٰ ہے کہ جلد ہی اس شہر کی بندرگاہ کو حوثی باغیوں سے آزاد کرا لیا جائے گا۔

[pullquote]شامی فوج نے دروز برادری کے مغویوں کو رہا کروا لیا، شامی میڈیا[/pullquote]

شامی فوج نے اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے دروز برادری کے 19 افراد کو رہا کروایا۔ جمعرات کے روز شام کے سرکاری میڈیا پر بتایا گیا ہے کہ حما صوبے کے پالمیرا کے علاقے میں ایک غیر معمولی فوجی آپریشن کے بعد ان افراد کو رہا کروایا گیا تھا۔ یہ افراد رواں برس جولائی سے جہادیوں کے قبضے میں تھے۔ حکام کے مطابق رہا کروائے گئے مغویوں کو جمعرات ہی کے روز دارالحکومت دمشق منتقل کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]میلبورن: ایک کار میں دھماکا[/pullquote]

آسٹریلوی شہر میلبورن میں آج جمعے کے روز خنجر سے کیے جانے والے ایک حملے میں ایک شہری کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق مبینہ حملہ آور کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر کے ہسپتال پہنچا دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل ایک دھماکا ہوا، جب کہ ایک گاڑی کو آگ کے شعلوں میں لپٹا ہوا دیکھا گیا۔ پولیس کی جانب سے اس علاقے کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ تاہم آسٹریلوی حکام کی جانب سے اس واقعے کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

[pullquote]میلبورن میں چاقو حملہ، ایک ہلاک دو زخمی[/pullquote]

آسٹریلوی شہر میلبورن میں جمعے کے دن ایک چاقو حملے میں ایک شخص ہلاک جب کہ دیگر دو زخمی ہو گئے۔ میلبورن شہر کے مرکز میں اس حملے کے بعد چاقوبردار شخص کو پولیس نے گولی مار کر زخمی کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ شخص ایک ایسی کار سے نکلا تھا، جسے آگ لگی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق اس شخص کی جانب سے پولیس کو بھی دھمکانے کی کوشش کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کسی اور شخص کے ملوث ہونے کے امکانات نہیں ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے