جمعہ : 27 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی امدادی ادارے پر افغان صدر کی تنقید، امریکی سفیر برہم[/pullquote]

افغانستان میں متعین امریکی سفیر جان باس نے افغان صدر اشرف غنی کے اُس بیان پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، جس میں غنی نے امریکی امدادی تنظیم یُو ایس ایڈ (USAID) کو ایک نا اہل ادارہ قرار دیا ہے۔ جان باس کے مطابق افغان صدر نے یُو ایس ایڈ کی شاندار امدادی سرگرمیوں کو پوری طرح نظرانداز کر دیا ہے۔ باس نے اپنے بیان میں اُن منصوبوں کی تفصیلات بھی شامل کی ہیں، جن میں امریکی امدادی ادارے کی معاونت شامل رہی ہے۔ اشرف غنی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکی ادارے کی امداد کے ایک ڈالر میں سے دس سینٹ بھی کسی افغان شہری تک نہیں پہنچتے ہیں۔

[pullquote]مہاجرین کو روکنے کے لیے یورپی یونین ترکی کی مزید مدد کرے، یونان[/pullquote]

یونانی وزیراعظم کیریاکوس مِٹسوٹاکیس نے یورپی یونین سے کہا ہے کہ ترکی کی مزید مدد کے باعث ہی یورپ کی جانب مہاجرین کے بڑھتے والے بہاؤ کو ایک مرتبہ پھر روکنا ممکن ہو گا۔ ان کے بقول سن 2016 میں یورپی یونین نے مہاجرین کو ترکی ہی میں روکنے کے لیے جو مالی امداد فراہم کرنے کا یقین دلایا گیا تھا، اُس معاہدے پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ اُدھر ترک صدر رجب طیب ایردوآن واضح کر چکے ہیں کہ بین الاقوامی پارٹنرز نے اگر مزید مالی امداد نہ کی تو وہ مہاجرین کو یورپ جانے سے نہیں روک سکیں گے۔ ترکی میں آج کل چھتیس لاکھ شامی مہاجرین مقیم ہیں۔

[pullquote]’ڈارک نیٹ‘جرمنی میں، سائبر ملزم گرفتار[/pullquote]

جرمنی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ’ڈارک نیٹ‘ چلانے کے الزام میں کم از کم سات افراد کو گرفتار کیا ہے۔ جرمن صوبہ رائن لینڈ پلاٹینٹ کی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ اس ڈارک نیٹ کے سرور کو آف لائن کرتے ہوئے ضبط کر لیا ہے۔ پولیس گرفتار شدگان سے مختلف مبینہ جرائم کی پوچھ گچھ کر رہی ہے، جن میں اسلحے کی غیر قانونی خرید و فروخت، منشیات اور بچوں کے ساتھ زیادتی کی تصاویر بھی شامل ہیں۔ جمعرات کو مارے جانے والے یہ چھاپے کئی سالوں کی تفتیش اور متعدد دیگر اداروں کی معاونت سے مارے گئے ہیں۔

[pullquote]جاپان نے اپنے ملکی دفاع کو چوکس رکھنے کی سطح میں اضافہ کر دیا[/pullquote]

جاپانی وزارت دفاع کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے میزائل سازی اور تجربات کے پروگرام کے تناظر میں ملکی دفاعی احتیاط اور چوکسی کے درجے کو بڑھا دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے جوہری پروگرام سے دستبرداری کے حوالے سے بھی ابھی تک عملی اقدامات نہیں اٹھائے ہیں۔ اس سالانہ دفاعی رپورٹ کی منظوری جاپانی وزیراعظم شینزو آبے کی کابینہ نے جمعہ ستائیس ستمبر کو دی ہے۔ رپورٹ میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا اس وقت اپنی جوہری صلاحیتوں میں اضافے پر بھی غور کر رہا ہے۔ جاپان نے شمالی کوریا کی فوجی سرگرمیوں کو ملک کے لیے فوری اور سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔

[pullquote]برطانوی آئل ٹینکر آزادی کے بعد ایرانی بندر گاہ سے روانہ[/pullquote]

برطانوی پرچم کے حامل آئل ٹینکر اسٹینا امپیرو آزادی ملنے کے بعد ایرانی بندرگاہ سے روانہ ہو گیا ہے اور اس وقت یہ بین الاقوامی سمندر میں داخل ہو کر اپنی اگلی منزل کی جانب روانہ ہے۔۔ اس آئل ٹینکر کو رواں برس جولائی میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے بحری دستوں نے آبنائے ہرمز میں اپنے قبضے میں لیا تھا۔ اس ٹینکر کے ایران کی بندر عباس سے روانگی کے بعد اگلی منزل دبئی کی پورٹ رشید بتائی گئی ہے۔ اس ٹینکر کو ایران نے سمندری گزرگاہ کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر اپنے کنٹرول میں لیا تھا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق آئل ٹینکر کے خلاف جاری تفتیشی عمل مکمل ہونے کے بعد اسے بندرگاہ سے روانہ ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔

[pullquote]انسانی اسمگلروں کے خلاف یورپی ممالک کی منظم کارروائی[/pullquote]

بلیجیم، برطانیہ اور جرمنی کی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پندرہ مبینہ انسانی اسمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ چھاپے رودبار انگلستان یا انگلش چینل کے آرپار مارے گئے تھے۔ گرفتار ہونے والے مشتبہ افراد کا تعلق انسانی اسمگلنگ کے ایک مبینہ گروہ سے ہے، جو ’البانوی مائیگرینٹ اسمگلنگ نیٹ ورک‘ کہلاتا ہے۔ بیلجیم کی پولیس نے ساحلی شہر گینٹ کے ایک ہوٹل پر چھاپہ مار کر سینتیس البانوی شہریوں کو اپنی تحویل میں لیا جن پر شبہ کیا گیا ہے کہ انہیں انگلستان پہنچایا جانا تھا۔ گینٹ ہی سے انسانی اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کے انتیس سالہ البانوی نژاد سربراہ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

[pullquote]نائجیریا کے اسلامی اسکول سے تین سو بچوں کی بازیابی[/pullquote]

افریقی ملک نائجیریا کے شہر کادونا کے ایک مذہبی بورڈنگ اسکول سے ایسے تین سو بچوں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے، جن کو جسمانی تشدد کے ساتھ ساتھ جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق بورڈنگ مدرسے کے متاثرین میں بچوں کے ساتھ ساتھ بالغ افراد بھی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ بازیاب کرائے گئے بچوں کا استحصال مذہب کے نام پر کیا گیا اور انہیں خراب حالات میں رکھا گیا تھا۔

[pullquote]سعودی عرب کے لیے سیاحتی ویزوں کا اجرا[/pullquote]

سعودی عرب اپنے تاریخی مقامات کے لیے سیاحتی ویزوں کا اجرا جلد شروع کر رہا ہے۔ سعودی کمیشن برائے سیاحت اور قومی ورثہ کے مطابق قواعد و ضوابط پر مشتمل ایک جامع پالیسی جمعہ ستائیس ستمبر کی شام میں جاری کی جا رہی ہے۔ اس مناسبت سے سعودی سفارت خانوں کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ سعودی حکومت کی یہ کوشش ہے کہ سن 2030 تک مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد ایک سو ملین تک پہنچ جائے۔ سعودی کمیشن کے چیئرمین احمد الخطیب کے مطابق سعودی عرب کو بین الاقوامی سیاحت کے لیے کھولنا ایک تاریخ قدم ہے اور اس کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے۔

[pullquote]امریکی کانگریس میں ٹرمپ کے خلاف وسل بلور رپورٹ پر کارروائی شروع[/pullquote]

امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان کی خصوصی کمیٹی برائے انٹیلیجنس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنے یوکرائنی ہم منصب وولودومیر زیلنسکی کے ساتھ ہونے والی گفتگو پر مبنی وسل بلور رپورٹ جاری کر دی ہے۔ اس رپورٹ پر جمعرات کو ایوانِ نمائندگان کی خصوصی کمیٹی کے سامنے امریکی خفیہ ادارے کے سربراہ جوزف میگوائر بھی پیش ہوئے تھے۔ میگوائر کے ساتھ کمیٹی کے اراکین نے تقریباً تین گھنٹے تک جرح کی تھی۔ ایوان کی جاری کردہ رپورٹ میں وسل بلور کے نام کو مخفی رکھا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اگلے برس کے صدارتی انتخابات میں مبینہ غیر ملکی مداخلت کے لیے صدر ٹرمپ نے اپنے دفتر کا اختیار استعمال کرنے کی کوشش کی ہے

[pullquote]بھارت کشمیر میں نافذ پابندیوں میں نرمی کرے، امریکی اہلکار[/pullquote]

امریکا چاہتا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیر میں نافذ پابندیوں میں فوری طور پر نرمی کرے۔ امریکی وزارت خارجہ میں نمائندہ خصوصی برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلس کے مطابق امریکا کو کشمیر میں اٹھائے جانے والے سخت اقدامات پر تحفظات ہیں۔ امریکی اہلکار کے مطابق کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی گرفتاریوں اور عوام پر عائد کی جانے والی پابندیوں پر تشویش ہے۔ ان کے بقول دو جوہری طاقتوں کے مابین کشیدگی میں کمی اور بات چیت کے آغاز سے پوری دنیا کو فائدہ ہو گا اور انہی وجوہات کی بناء پر صدر ٹرمپ نے فریقین کے مابین ثالثی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ بھارت کی جانب سے پانچ اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے وہاں حالات کشیدہ ہیں

[pullquote]غیرقانونی سونے کی کان میں حادثہ، تیس افراد ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک چاڈ میں سونے کی ایک غیرقانونی کان میں کھدائی کے دوران مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم تیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ چاڈ کے وزیر دفاع محمد سیلا کے مطابق امکان ہے کہ ملبے تلےمزید افراد دبے ہو سکتے ہیں۔ سونے کی یہ غیرقانونی کان لیبیا کی سرحد کے قریی علاقے تیبیستی میں واقع تھی۔ گزشتہ برس جنوب مشرقی کانگو میں ایسی ہی ایک غیرقانونی کان میں ہونے والے حادثے میں چالیس افراد کی موت ہوئی تھی۔ سوڈان اور دوسرے افریقی ممالک میں بحرانی حالات کے بعد چاڈ اور کئی دیگر ممالک میں سونے کی غیر قانونی تلاش میں اضافہ دیکھا گیا ہ

[pullquote]طالبان کی ہیلتھ ورکر کی نقل و حرکت پابندی ختم کرنا خوش آئند ہے، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہٴ صحت نے طالبان کی جانب سے افغان علاقوں میں ہیلتھ ورکرز کی نقل و حرکت پر پابندی ختم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ طالبان نے رواں برس اپریل میں عالمی ادارہٴ صحت اور ریڈ کراس کے کارکنوں پر مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کی طبی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی تھی۔ طالبان کی اس پابندی کے بعد افغانستان میں پولیو کے مرض کے پھیلنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے تصدیق کی ہے کہ پابندی کے بعد سولہ مریضوں میں پولیو کی نشاندہی ہوئی ہے۔ دنیا میں افغانستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو مرض پایا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے