جنرل کیانی 2013 کے عام انتخابات پر اثرانداز ہوئے، نعیم الحق

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی اور 2013 کے عام انتخابات کے حوالے سے دیئے گئے بیان کو اپنی ذاتی رائے قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی پارٹی کا مؤقف نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا یہ بیان ان کی جانب سے چند گھنٹے قبل ایک نیوز چینل کو دیئے گئے انٹرویو کے بعد سامنے آیا۔

پیر (3 اپریل) کی شب نجی چینل جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں بات کرتے ہوئے نعیم الحق نے الزام عائد کیا تھا کہ سابق آرمی چیف نے 2013 کے عام انتخابات میں سعودی عرب اور امریکا کی حمایت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم نواز شریف کی مدد کی۔

تاہم اس بیان کے چند گھنٹوں بعد ہی اگلی صبح سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان کا یہ تبصرہ ذاتی رائے ہے اور یہ پارٹی پوزیشن کو واضح نہیں کرتا۔

بیان کی مزید وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے جنرل کیانی پر کوئی الزامات عائد نہیں کیے اور وہ صرف اپنے خلاف ایک قومی اخبارات میں شائع ہونے والے الزامات پر وضاحت دیں’۔

یاد رہے کہ مذکورہ شو میں بات کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ 2013 کے عام انتخابات میں نواز شریف کی جیت یقینی بنانے کے لیے پاکستان، امریکا، سعودی عرب اور کیانی کے درمیان ’گرینڈ اسکیم‘ طے پائی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک قومی اخبار کے کالم میں لگائے گئے الزامات کے مطابق ’پی ٹی آئی کے شکوک سچ ثابت ہوئے اور کئی افراد بے نقاب ہوئے‘۔

بعد ازاں اس معاملے پر جیو نیوز سے اپنی گفتگو میں نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ان کا بیان ذاتی رائے تھا اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انہیں اپنے تبصرے پر وضاحت دینے کی ہدایت دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے