جیل جانے سے پہلے نواز شریف کو صرف بلڈ پریشر اور شوگر کی بیماری تھی

سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ جیل جانے سے پہلے نواز شریف کو صرف بلڈ پریشر اور شوگر کی بیماری لاحق تھی بعد میں وہ کئی بیماریوں میں مبتلا ہوئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف علاج کی غرض سے گذشتہ ماہ 19 نومبر سے لندن میں مقیم ہیں اور ان کے علاج اور طبی معائنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اپنے والد کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے حسین نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جیل جانے سے پہلے صرف بلڈ پریشر اور شوگر کی بیماری لاحق تھی تاہم جیل جانے کے بعد وہ کئی اور بیماریوں میں مبتلا ہوئے۔

حسین نواز کا کہنا ہے کہ پلیٹیلیٹس مستحکم ہونے تک نوازشریف کو علاج کے لیے امریکا لے جانا مشکل ہوگا۔

[pullquote]’امریکا جانے سے قبل پلیٹیلیٹس کا مستحکم ہونا ضروری ہے'[/pullquote]

لندن میں موجود نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی بیماریوں کا ہر طرح سے جائزہ لیا جارہا ہے، ابھی تک پلیٹیلیٹس کی کمی کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، ہیماٹالوجسٹ کی طرف سے کلیئرنس کا انتظار ہے۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے برطانیہ میں قیام پر ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا، امریکا جانے سے قبل پلیٹیلیٹس کا مستحکم ہونا ضروری ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت سے متعلق برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سے تصدیق شدہ رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرادی گئی۔

رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں، ان کے پلیٹیلیٹس مستحکم کرنے کے لیے علاج جاری ہے اور محفوظ علاج کے لیے پلیٹیلیٹس کی تعداد 50 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ تک ہونی چاہیے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو دل میں خون کی شریانوں کا بھی مسئلہ ہے اور دل کی ایم آر آئی بھی ہو رہی ہے، انہیں دن میں 2 بار واک بھی کرنی چاہیے جبکہ ان کے مرض کی مکمل تشخیص کا عمل بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 29 اکتوبر کو العزيزيہ ریفرنس میں طبی بنیاد پر نوازشریف کی 2 ماہ کے لیے سزا معطل کی تھی جس کے بعد 16 نومبر کو لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا اور انہیں علاج کی غرض سے 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے