حج کیلئے ایرانی شرائط ناقابل قبول ہیں ، سعودیہ

جدہ: تہران کی جانب سے رواں سال ایرانی حاجیوں کیلئے حج میں رکاوٹ پیدا کرنے کے الزام پر سعودی عرب نے ایرانی شہریوں کی سعودیہ آمد کیلئے ان کی شرائط کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔

خبر رساں اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اپنے برطانوی ہم منصب فلپ ہمود کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ‘ایرانی حج کے دوران مظاہروں سمیت دیگر چیزوں کے استحقاق کا مطالبہ کررہے ہیں، جس سے حج کے دوران بدامنی کا خدشہ ہے’۔

گذشتہ روز تہران نے کہا تھا کہ رواں سال ایرانی شہری حج نہیں کرسکیں گے اور ساتھ ہی ریاض پر الزام لگایا تھا کہ وہ ‘اللہ کی جانب جانے والے راستے سے انھیں روک رہا ہے’۔

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہر سال دنیا کے 70 ممالک سے حج یادداشتوں پر دستخط کرتا ہے، جس کا مقصد حاجیوں کی سیکیورٹی اور تحفظ کی یقین دہانی کروانا ہے۔

انھوں نے کہا کہ رواں سال کیلئے ایران نے مذکورہ یادداشت پر دستخط کرنے سے انکار کردیا اور ریاض پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات اور فضائی رابطہ منقطع ہونے کے باوجود وہ ایرانی حاجیوں کو سفری سہولیات فراہم کریں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ‘اگر یہ سب اقدامات اور طریقہ کار کے حوالے سے ہے، تو میں سمجھتا ہوں کہ ہم ان ذمہ داریوں کو ادا کرنے کیلئے اپنے فرائض سے زیادہ کررہے ہیں’۔

یاد رہے کہ مذکورہ معاملے کے حل کیلئے ایرانی وفد نے گذشتہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا تاہم اس معاملے میں ڈیڈ لاک تاحال قائم ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ایرانی وزیر ثقافت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے کشیدہ تعلقات کی بناء پر ایران رواں سال ستمبر میں ایرانی شہریوں کے حج کی ادائیگی کے حوالے سے سعودیہ سے معاہدہ کرنے میں ناکام رہا۔

اس حوالے سے ایک ایرانی وفد سے گذشتہ ماہ سعودی عرب میں مذاکرات کے 4 ادوار بھی ہوئے تھے، تاہم چونکہ ایران میں سعودی سفارت خانہ رواں برس جنوری سے بند ہے اور سعودیہ میں ایرانی پروازیں بھی تعطل کا شکار ہیں، یہ مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار رہے۔

اس وقت ایران کے وزیر ثقافت علی جنتی نے سعوی عرب پر الزام لگایا تھا کہ ‘ابھی تک انتظامات نہیں ہوسکے اور اب بہت دیر ہوچکی ہے، اس معاملے کو سعودیوں کی جانب سے سبوتاژ کیا جارہا ہے، ان کارویہ سرد اور نامناسب تھا، انھوں نے ایرانی حجاج کو ویزہ کے اجراء اور ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کی فراہمی کے حوالے سے ہماری تجاویز قبول نہیں کیں۔’

ایران کی جانب سے زور دیا جارہا ہے کہ سعودی عرب، تہران میں موجود سوئس سفارت خانے کے ذریعے ویزے جاری کرے، جو رواں برس جنوری سے سعودی سفارت خانے کی بندش کے بعد سے سعودی عرب کے معاملات دیکھ رہا ہے۔

دوسری جانب ایک بڑا مسئلہ حجاج کی سیکیورٹی بھی ہے کیونکہ گذشتہ برس حج کے دوران منیٰ میں بھگڈر مچنے سے جان کی بازی ہارنے والے 2 ہزار غیر ملکی حجاج میں سے 464 حجاج ایران سے تھے۔

واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں سعودی عرب میں شیخ نمر النمر نامی شیعہ کو موت کی سزا دیئے جانے کے بعد مشتعل مظاہرین نے تہران میں واقع سعودی سفارت خانے اور شہر مشہد میں سعودی قونصل خانے پر دھاوا بول دیا تھا۔

واقعے کے بعد سعودی عرب نے ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایران کے سفارتی عملے کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔

سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات میں گزشتہ کئی دہائیوں سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور سعودی عرب کئی بار یہ الزام لگا چکا ہے کہ ایران، عرب ممالک کے معاملات میں مداخلت کر رہا ہے۔

سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد خلیجی ممالک نے ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے