دنیا کا سب سے پست قد انسان انتقال کر گیا

دنیا کے سب سے پست قد انسان کھاجندرا تھاپا مگارجو کہ چلنے کی صلاحیت بھی رکھتے تھے نیپال میں انتقال کر گئے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے حامل کھاجندرا تھاپا مگار کے گھر والوں کے مطابق وہ نیپال کے شہر پوکھارا کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں جمعہ کو نمونیا کے باعث ان کا انتقال ہوا۔

کھاجندرا جن کا قد 2 فٹ اور تقریباً ڈھائی انچ تھا، اپنے گھر والوں کے ساتھ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں رہتے تھے۔

ان کے بھائی مہیش تھاپا مگار نے خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ وہ کئی بار نمونیا کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج رہے مگر اس بار ان کا دل بھی متاثر ہوا اور وہ چل بسے۔

مگار کو 2010 میں اس وقت دنیا کا سب سے پست قد کے انسان ہونے کا اعزاز ملا جب وہ 18 برس کے ہوئے لیکن بعد میں یہ اعزاز نیپال کے ہی شہری چندرہ بہادر دنگی کے نام ہوگیا۔

چندرہ بہادر دنگی کا قد دو فٹ سے بھی کم یعنی 21 انچ اور 49 سینٹی میٹر تھا لیکن 2015 ان کی وفات کے بعد یہ اعزاز واپس کھاجندرا تھاپا مگار کے پاس چلا گیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ان کے والد روپ بہادر کا کہنا تھا کہ ’جب مگار پیدا ہوئے تو ان کو نہلانا بھی نہایت مشکل تھا اور وہ اتنے چھوٹے تھے کہ ہتھیلی پر ہی آجاتے تھے۔‘

مگار نے اپنی 27 سالہ زندگی میں ایک درجن سے زائد ملکوں کی سیر کی اور امریکا اور برطانیہ میں مختلف ٹی وی چینلز کے پروگراموں میں بھی شرکت کی۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے ایڈیٹر انچیف، کریگ گلینڈ نے بھی کھاجندرا تھاپا مگار کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی زندگی اس وقت یقیناً مشکل ہوسکتی ہے جب آپ کا وزن صرف 6 کلوگرام ہو اور آپ اس دنیا کے اوسط قد کے انسان سے بھی چھوٹے ہوں۔ مگرکھاجندرا کبھی اپنے قد کو اپنی زندگی میں آڑے نہیں آنے دیا۔

نیپال میں اگرچہ دنیا کا سب سے اونچا پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ واقع ہے مگر دنیا میں سب سے زیادہ پست یا چھوٹے قد کے لوگ بھی نیپال میں ہی پائے جاتے ہیں اور کھاجندرا وہاں کی سیاحتی مہم کا ایک آفیشل چہرہ تھے۔

گنیز ورلڈ ریکادڑ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں کھاجندرا کو اپنے بھائی کے ساتھ گٹار بجاتے اور بائیک چلاتے بھی دیکھا گیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق، اس وقت دنیا کے سب سے چھوٹے قد کے انسان فلپائن کے جنرے بلائنگ ہیں جن کا قد 59.93 سینٹی میٹر (23.59 انچ) ہے مگر وہ چل نہیں سکتے اور نہ ہی سہارے کے بغیر کھڑے رہ سکتے ہیں اس لیے فی الحال یہ اعزاز کولمبیا کے ایڈورڈ ’’نینو‘‘ ہرنینڈز کے نام ہے جن کا قد 27.64 انچ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے