عمران خان نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے دس نکات پیش کردیئے

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دس نکات کے ذریعے کراچی کو عظیم شہر بنادوں گا۔

کراچی کے الہٰ دین پارک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں کراچی کے لوگوں کے سامنے دس نکات رکھوں گا جس کے بعد کراچی ایک عظیم شہر بن جائے گا، کراچی وہ شہر تھا جہاں کسی بھی مسئلے کے لیے سب لوگ کھڑے ہوجاتے ہیں اور کراچی کو منی پاکستان کہا جاتا ہے یہ فنانشیل کیپٹل بھی ہے کراچی اوپر جاتا ہے تو پاکستان اوپر جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا جاتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم کے کپڑے اتار دیے جاتے ہیں جب ایک ملک کے وزیر اعظم کی عزت نہیں ہوتی تو اس ملک کے شہری کی کیسے عزت ہوگی؟ ہر پاکستانی اپنے وطن کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھنا ہوگا، ووٹ کی خاطر ہمارے درمیان قومیت کے نام پر نفرتیں پھیلائیں گئیں ، کراچی وہ جگہ تھی جہاں دبئی سے شیخ چھٹیاں منانے آتے تھے، روشنیوں کا شہر تھا، رات کے کسی بھی پہر کوئی بھی سڑک پر نکل جائے کسی کو جان و مال کی فکر نہیں ہوتی تھی لیکن آج ایسا نہیں ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جیسے ہی نیب سندھ یا پنجاب میں کرپٹ لوگوں پر ہاتھ ڈالتا ہے زرداری اور شریف خاندان شور مچانے لگتے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ ہے، مجھ پر ہیلی کاپٹر کرپشن کیس ہے نیب میرے خلاف تحقیقات کرے میں تو شور نہیں کررہا، ہم الیکشن جیت کر سب سے پہلے کرپشن کے خلاف جنگ کریں گے اور ملک سے باہر لے جایا گیا پیسہ واپس لائیں گے، پاکستانیوں نے صرف دبئی میں 800 ارب روپے کی جائیدادیں خریدی ہیں کیا یہ باتیں نواز شریف، زرداری اور اسحاق ڈار کو نہیں پتا تھیں؟ جو خود منی لانڈرنگ کریں وہ کیسے دوسروں کو پکڑ سکتے ہیں۔

[pullquote]پہلا نکتہ: کراچی کا پانی کا مسئلہ حل کریں گے[/pullquote]

کراچی میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے، یہاں پانی کے حوالے سے منصوبہ بندی نہیں کی گئی اور یہاں پانی مافیا بیٹھا ہوا ہے ان کی پشت پر لیڈر شپ ہے، کراچی سمیت تمام شہروں میں میئر کا براہ راست الیکشن کرائیں گے اور ایسے شخص کو آگے لائیں گے جسے انتظام چلانے کا بڑا تجربہ ہوگا جو پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے دنیا بھر سے ماہرین بلائے گا اور منصوبہ بندی کرے گا، اسی لیے میں کراچی سے الیکشن لڑ رہا ہوں.

[pullquote]دوسرا نکتہ: سرکاری اسکولوں کی بہتری[/pullquote]

عمران خان نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کا برا حال ہے ، غریب لوگ بھی بچے پرائیویٹ اسکولوں میں بھیجنے پر مجبور ہیں، یہاں اسکولوں کا نظام ٹھیک کریں گے۔

[pullquote]تیسرا نکتہ: سرکاری اسپتالوں کو ماڈل اسپتال بنائیں گے[/pullquote]

پختون خوا میں ہم سرکاری اسپتالوں کو شوکت خانم اسپتال کی طرح چلا رہے ہیں، وہ اسپتال جو 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج کرے اسے بہترین اسپتال کا سرٹیفکیٹ ملتا ہے، کراچی کے سرکاری اسپتالوں کو ماڈل اسپتال بنائیں گے۔

[pullquote]چوتھا نکتہ: پولیس کے نظام میں بہتری[/pullquote]

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی کو راؤ انوار جیسے پولیس آفیسر سے نجات دلائیں گے، سیکڑوں لوگوں کو مارنے والے راؤ انوار کی زرداری تعریف کرتا ہے، ہم جیت کر پولیس کا سسٹم بہتر کریں گے کہ رینجرز کی ضرورت نہیں رہے گی۔

[pullquote]پانچواں نکتہ: کاروباری سرگرمیوں کی بحالی[/pullquote]

کراچی کے تاجروں کی بھرپور مدد کریں گے، بیرون ممالک سےیہاں سرمایہ کاری اور کاروبار لے کر آئیں گے تاکہ روزگار ملے اس معاملے میں منصوبہ بندی جاری ہے۔

[pullquote]چھٹا نکتہ: بجلی کے مسئلے کا حل[/pullquote]

بجلی کی مکمل بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے، کراچی کو سستی بجلی دلائیں گے، بجل کی چوری کا خاتمہ کریں گے۔

[pullquote]ساتواں نکتہ: کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی[/pullquote]

ہمارے 65 فیصد نوجوان تیس سال سے کم عمر ہیں، یہاں کھیلوں کے لیے گراؤنڈ نہیں ہیں، کے پی کے میں 100 نئے گراؤنڈ بنائے اور مزید بنارہے ہیں کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کےلیے یہاں گراؤنڈ اور پارکس بنائیں گے۔

[pullquote]آٹھواں نکتہ: کراچی میں درخت لگانے کا اعلان[/pullquote]

دنیا میں گلوبل وارمنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، کے پی کے میں ایک ارب درخت لگائے ہیں، کراچی سمیت ملک بھر میں اربوں درخت لگائیں گے، سیوریج کا پانی سمندر میں چھوڑا جارہا ہے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائیں گے تاکہ پانی ری سائیکل ہوسکے۔

[pullquote]نواں نکتہ: سرکلر ریلوے کی بحالی[/pullquote]

کراچی میں ٹرانسپورٹ بہت ہے، یہاں سرکلر ریلوے بحال کریں گے.

[pullquote]دسواں نکتہ: روزگار کی فراہمی[/pullquote]

بے روزگاری ایک بیماری ہے نوجوانوں کو روزگار کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے انہیں سستے قرضے دیں گے اور نوکریاں پیدا کریں گے، نچلے طبقے کو روزگار دینے کے لیے جامع پالیسی بنائیں گے۔

عمران خان نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو دو بار ’بیٹی بلاول‘ کہتے ہوئے کہا کہ میں بچوں کی تقاریر نہیں دیکھتا لیکن بلاول سے پوچھتا ہوں کہ وہ اپنے والد سے دریافت کریں راؤ انوار نے جو 440 قتل کیے اسے قتل کے کس نے احکامات دیے تھے؟ بلاول کہتا ہے کہ میں کراچی میں الطاف حسین بن جاؤں گا؟ مجھے پانچ سال کے پی کے میں ہوگئے کوئی ایک قتل دکھادیں جو میرے حکم پر ہوا ہو۔

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ سندھ میں اگر کوئی آصف زرداری کے خلاف بات کرتے تو اس کے خلاف مقدمات درج ہوجاتے ہیں بلاول بیٹا ذرا خیبر پختون خوا میں آکر دیکھیں ہم نے کتنی ایف آئی آر مخالفین کے خلاف درج کرائیں؟ کیوں کہ وہاں کی پولیس پروفیشنل پولیس ہے۔

عمران خان نے نواز شریف کے ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ میر جعفر اور میر صادق ہیں جو ذاتی مفادات کے لیے ملک کو داؤ پر لگاسکتے ہیں، پاکستان کی فوج کے خلاف پوری سازش کی جارہی ہے کہ اسے کسی طرح کمزور کیا جائے، نواز شریف کے اس بیان کا مقصد پاکستانی اداروں پر عالمی دباؤ ڈلوانا ہے تاکہ کسی طرح ان کے 300 ارب روپے بچ جائیں جو ان کے بچوں کے نام پر پڑے ہوئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے