‘میاں صاحب کرپشن ثابت ہوئی تو آپ گھر نہیں جیل جائیں گے’

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب اگر پاناما لیکس کے معاملے پر کرپشن ثابت ہوئی تو آپ گھر نہیں جیل جائیں گے۔

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ہے، وزیراعظم کو جواب دینا پڑے گا۔

‘حکومت غلط کرے، عوام کا پیسہ ضائع کرے تو اپوزیشن پوچھتی ہے۔ جمہوریت میں حکومت اور اپوزیشن ہوتی ہے ‘

انہوں نے کہا کہ حکومت میں رہ کر پیسہ بنانا سب سے آسان کام ہے، نواز شریف کاروبار کرنے کے لیے حکومت میں آئے۔

عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم پر چار سنگین نوعیت کے الزامات ہیں، انہیں خود کو بے قصور ثابت کرنا پڑے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس کے ماتحت پاناما لیکس کے معاملے پر کمیشن قائم کیا جائے اور وہ چاہتے ہیں کہ حزب اختلاف کی تمام جماعتیں ایک آواز میں کمیشن کا مطالبہ کریں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ‘ہمیں 200 نہیں، صرف وزیراعظم کا احتساب چاہیے، وہ حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔’

‘آپ کی جتنی مرضی تحریک انصاف کے لوگوں کا احتساب کریں لیکن سب سے پہلے احتساب کا آغاز وزیراعظم سے ہوگا۔’

اس موقع پر انہوں نے آئندہ اتوار فیصل آباد میں جلسے کا بھی اعلان کیا۔

جلسے میں پارٹی کارکنوں کا جوش و خروش عروج پر تھا اور بڑی تعداد میں خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوان مکمل تیاری کے ساتھ جلسے میں شریک تھے۔

[pullquote]پی ٹی آئی کاسندھ میں انسدادکرپشن تحریک کااعلان
[/pullquote]

لاہور کے علاقے مال روڈ پر ہونے والے جلسے میں عمران خان پارٹی کے دیگر قائدین کے ساتھ جلسے کے پنڈال میں پہنچے تو کارکنوں نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

اس موقع پر مختلف شہروں سے کارکنان قافلوں کی شکل میں پہنچے ہیں جبکہ جلسے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

گزشتہ اتوار بھی اسلام آباد میں پی ٹی آئی نے جلسہ کیا تھا جس کے دوران عمران خان نے صوبہ سندھ میں انسداد کرپشن تحریک کا اعلان کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے