منگل ،31 مئی 2016 : پاکستان اور دنیا بھر سے قومی و عالمی خبروں پر مشتمل نیوز بلیٹن

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

[pullquote]نواز شریف کی ’اوپن ہارٹ سرجری‘ کامیاب: مریم نواز[/pullquote]

nawaz_sharif_640x360_bbc_nocredit

پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف کا منگل کو مرکزی لندن کے ایک نجی ہسپتال میں ’اوپن ہارٹ سرجری‘ کا آپریشن کامیاب قرار دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی طرف سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ خدا کے کرم سے سرجری کامیاب رہی ہے۔
’وزیرِ اعظم کو اب پمپ سے ہٹا لیا گیا ہے اور اگلے 60 منٹ تک انھیں آئی سی یو میں منتقل کر دیا جائے گا۔‘
انھوں نے اس سے پہلے کہا تھا کہ قوم کی طرف سے کی گئیں دعائیں معجزانہ طور پر کام کر رہی ہیں۔
مریم نواز اپنے والد کی سرجری کے دوران قوم کو ان کی صحت کے حوالے سے باخبر رکھنے کے لیے مستقل ٹوئٹس کرتی رہیں۔
سرجی شروع ہونے کے فوراً بعد انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ آپریشن شروع ہو گیا ہے جو چند گھنٹے جاری رہے گا۔ ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ ان کی دل کی شریانوں کی ’گرافٹنگ‘ یا پیوندکاری کامیابی سے ہو گئی ہے۔

[pullquote]وزیراعظم کیلئےعالمی رہنماؤں کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار[/pullquote]

nawaz-naik-tammmana

لندن:وزیراعظم نوازشریف کی صحت کے لیے عالمی رہنماؤں ، سیاستدانوں ، صحافیوں اور کھلاڑیوں کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے، سب نے کامیاب آپریشن اور بحالی صحت کے لیے دعائیں کیں ۔
وزیراعظم نوازشریف کی علالت پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام دیا گیا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم کےلئے نیک تمناوں کا پیغام ارسال کیا۔
روسی صدرپیوٹن اور سابق افغان صدر حامد کرزئی نے بھی وزیراعظم کے نام پیغامات میں خیرسگالی کے پیغامات بھیجے اور ان کی جلد صحتیابی کےلئے دعا کی۔
وزیراعظم نوازشریف نے بھارتی اہم منصب کو فون کیا اور خیریت دریافت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردگوان نے وزیراعظم نوازشریف کو ٹیلیفون کرکے ان سے ان کی خیریت دریافت کی۔
مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی وزیراعظم کے کامیاب آپریشن اور ان کی صحت کے لیے دعائیں کی ہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے کھلاڑیوں نے بھی وزیراعظم نواز شریف کے کامیاب آپریشن کی دعائیں کی۔

[pullquote]اسلام آباد دھرنے:عمران، قادری کےوارنٹ گرفتاری[/pullquote]

Imran Qadri

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اسلام آباد دھرنوں کے دوران اسلام آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عصمت اللہ جونیجو پر حملہ کرنے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور دیگر کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ایس ایس پی جونیجو ستمبر 2014 میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مظاہرین کی جانب سے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) ہیڈکوارٹرزاور پارلیمنٹ پر حملے کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔

[pullquote]’ چاہ بہار بندرگاہ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ'[/pullquote]

574d6dd846db6

اسلام آباد: پاکستان کے دو سابق دفاعی سیکریٹریز نے ہندوستان، ایران اور افغانستان کو ملانے والی چاہ بہار بندرگاہ کے منصوبے کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔
سابق دفاعی سیکریٹری ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل آصف یاسین ملک نے ’نیشنل سیکیورٹی، ڈیٹرنس اینڈ ریجنل اسٹیبلٹی ان ساؤتھ ایشیا‘ کے موضوع پر منعقد 3 روزہ ورکشاپ کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہندوستان، افغانستان اور ایران کا اتحاد پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے’۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ چاہ بہار بندر گاہ کے منصوبے سے پاکستان خطے میں تنہا رہ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان بنیادی طور پر اپنی غلطیوں اور جزوی طور پر دیگر ممالک کی پالیسیوں کی وجہ سے خطے میں تنہا رہ جائے گا۔’

[pullquote]تصدیق کے بعد ملا منصور کی لاش ورثہ کے حوالے[/pullquote]

chodri nasir

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے امیر ملا منصور کے ڈی این اے ٹیسٹ میں تصدیق کے بعد ہی اسکی موت کا اعلان کیا گیا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ ملا منصور کی لاش قانونی کارروائی کے بعد افغانستان میں اس کے ورثا کے حوالے کردی گئی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ‘ہم نے ملامنصور کے جعلی شناختی کارڈ کے اجراء میں معاونت کرنے والے تمام افسران کو گرفتار کرلیا ہے، جس میں اسسٹنٹ کمشنر، رسالدار میجر، ایف آئی اے اور نادرا کے ملازمین بھی شامل ہیں۔
چوہدری نثار نے کہا کہ صرف نادرا کے ملازمین ہی نہیں دیگر اعلیٰ افسران بھی جعلی شناختی کارڈ بنوانے میں مددگار تھے اور یہ لوگ تصدیق کرنے والوں میں شامل تھے۔وزیر داخلہ مزید کہا کہ ملامنصور کی دوسری بیوی کے شناختی کارڈ کے اجراء میں معاونت ایف آئی اے کے اہلکار نے کی تھی۔
چوہدری نثار نے بتایا کہ نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر غلام محمد بگٹی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

[pullquote]یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کاامکان[/pullquote]

033689-petrol-prices

اسلام آباد:رمضان سے قبل عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاریاں کر لی گئیں،یکم جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کر دی گئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کر دی گئی۔
یکم جون سے پٹرول کی قیمت میں 85 پیسے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 69 پیسے فی لیٹراضافے کی سفارش کی گئی۔
ہائی آکٹین کی قیمت میں 2 روپے 18 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 57پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 47 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ،وزیراعظم سے مشاورت کے بعد وزارت خزانہ حتمی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔

[pullquote]عالمی خبریں[/pullquote]

[pullquote] جرمنی: اٹھارہ خواتین کی جانب سے جنسی حملوں کی شکایات، تین پاکستانی گرفتار[/pullquote]

rape

جرمن شہر ڈارم اشٹٹ میں جاری ایک چار روزہ اوپن ایئر میوزک فیسٹیول کے دوران اٹھارہ خواتین کی جانب سے جنسی حملوں کی شکایات کے بعد تین پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اٹھائیس سے لے کر اکتیس سال تک کی عمروں کے ان تینوں پاکستانیوں نے جرمنی میں پناہ کی درخواستیں دے رکھی ہیں۔ شکایات کرنے والی زیادہ تر نوجوان خواتین کا کہنا تھا کہ مردوں کے گروپوں نے اُنہیں گھیرے میں لینے کے بعد اُن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ شروع کر دی تھی۔ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا اس دوران ان خواتین کو اُن کی نقدی اور دیگر قیمتی اَشیاء سے بھی محروم کیا گیا۔

[pullquote]افغانستان میں 9 مسافر قتل، 170 اغواء[/pullquote]

taliban

قندوز: افغانستان کے شمالی شہر قندوز کے باہر مسلح حملہ آوروں نے 9 مسافروں کو قتل جبکہ 170 کو اغواء کرلیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نےقندوز کے ڈپٹی پولیس چیف معصوم ہاشمی کے حوالے سے بتایا کہ حملہ آوروں نے سڑک پر 3 بسوں کو روکا اور مسافروں کو باہر آنے کو کہا، جن میں سے 9 کو قتل جبکہ باقی مسافروں کو اغواء کرلیا گیا۔
بعدازاں حکومتی فورسز نے ریسکیو آپریشن کے دوران زیادہ ترمغویوں کو بازیاب کروالیا۔
ہاشمی کا کہنا تھا، ‘طالبان نے 9 شہریوں کو بے دردی سے قتل کردیا، جبکہ 20 کو وہ اپنے ساتھ لے گئے۔’
رائٹرز کے مطابق ابھی تک واقعے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی جبکہ طالبان ترجمان سے بھی فوری طور پر رابطہ ممکن نہ ہوسکا، تاہم ماضی میں طالبان عام شہریوں پر حملوں کے الزامات کی تردید کرتے آئے ہیں۔

[pullquote] بنگلہ دیش: چھ مسلمان عسکریت پسندوں کو بینک ڈکیتی کے جرم میں سزائے موت[/pullquote]

hanged

آج بنگلہ دیش کی ایک عدالت نےچھ مسلمان عسکریت پسندوں کو بینک ڈکیتی کے جرم میں سزائے موت سنا دی۔ اپریل میں پیش آنے والے اس واقعے میں ایک ڈاکو اور بینک کے منیجر سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مجرموں کے وکلاء نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کا اعلان کیا ہے۔ اس گروہ نے دارالحکومت ڈھاکا کے مضافات میں بنگلہ دیش کامرس بینک کی ایک شاخ سے سات لاکھ ٹکا (آٹھ ہزار نو سو ڈالر) لُوٹنے کے بعد دیسی بم پھینکے تھے۔ پولیس نے اس بینک ڈکیتی کے لیے کالعدم عسکریت پسند گروپ جماعت المجاہدین کے ارکان کو قصور وار قرار دیا تھا، جو سن 2007ء میں اپنے چھ رہنماؤں کو پھانسی دیے جانےکے بعد سے قدرے پس منظر میں چلا گیا ہے۔

[pullquote] غزہ پٹی میں تین سزا یافتہ قاتلوں کی سزائے موت پر عملدرآمد[/pullquote]

hang

انتہا پسند فلسطینی تنظیم حماس نے آج صبح غزہ پٹی میں تین سزا یافتہ قاتلوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کر دیا۔ حماس کی وزارتِ داخلہ کے مطابق سابقہ اعلان کے برعکس ان تینوں کو موت کی سزا سرِ عام نہیں دی گئی۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے سرِ عام سزائے موت پر عملدرآمد کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ ان موت کی سزاؤں کے لیے فلسطینی قانون کے مطابق صدر محمود عباس کی توثیق بھی ضروری تھی، جو حماس اور فتح کے مابین جاری اختلافات کے باعث حاصل نہیں کی گئی۔

[pullquote] بھارت میں اسلحے کے گودام میں آگ، متعدد ہلاکتوں کا خدشہ[/pullquote]

Lahore-Blast-600x375

بھارت میں فائر بریگیڈکے ارکان ملک کے اسلحے کے بڑے گوداموں میں سے ایک میں گزشتہ نصف شب کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اندر پھنسے ہوئے سترہ افراد کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ ملک کے کاروباری مرکز ممبئی سے چھ سو کلومیٹر دور پُلگاؤں کے مقام پر واقع اس گودام میں، جہاں ٹنوں کے حساب سے اسلحہ اور گولہ بارود رکھا ہوا تھا، آگ کیسے لگی۔ سترہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔

[pullquote] تائیوان میں 6.1 شدت کا زلزلہ، دارالحکومت تائی پے میں بھی شدید جھٹکے[/pullquote]

20000822 EARTHQUAKE

آج منگل کے روز ریکٹر اسکیل پر 6.1 شدت کے ایک زلزلے نے تائیوان کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت تائی پے میں بھی محسوس کیے گئے۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 6.4 شدت کے اس زلزلے کا مرکز تائی پے سے شمال مشرق کی جانب ایک سو دس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔ تائیوان کے مرکزی محکمہٴ موسمیات نے اس زلزلے کی شدت 7.2 بتائی ہے۔

[pullquote] بحیرہٴ روم میں اموات کی تعداد بڑھتی ہوئی، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جانب سے آج بتایا گیا ہے کہ بحیرہٴ روم کے راستے یورپ پہنچنے کی کوشش میں اب تک ڈہائی ہزار سے زیادہ انسان موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ یہ تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران ہونے والی اموات سے کہیں زیادہ ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے یُو این ایچ سی آر کے مطابق صرف گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کشتیاں غرق ہونے کے متعدد واقعات میں کم از کم 880 افراد ہلاک ہو گئے۔ اِسی طرح جنوری سے اب تک تقریباً دو لاکھ چار ہزار مہاجرین اور تارکینِ وطن بحیرہٴ روم کو عبور کر کے یورپ پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور یہ تعداد بھی گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

[pullquote] برلن میں دہشت گردی کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز[/pullquote]

آج سے جرمن دارالحکومت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں ایک دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ کانفرنس یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم او ایس سی ای کے زیر اہتمام جرمن وزارتِ خارجہ میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس کانفرنس میں جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر اور وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر بھی شریک ہیں۔ اس کانفرنس کا مرکزی موضوع یہ ہے کہ تنازعات کے حامل علاقوں سے واپس آنے والے انتہا پسندوں کے ساتھ کیسے نمٹا جائے اور کیسے انہیں پھر سے معاشرے میں ضَم کیا جائے۔ سلامتی سے متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ جرمنی سے آٹھ سو سے زیادہ افراد شام اور عراق گئے، جن میں سے تقریباً ایک تہائی واپس آ چکے ہیں۔

[pullquote] شمالی کوریا کا نیا میزائل تجربہ غالباً ناکام رہا ہے[/pullquote]

شمالی کوریا نے ایک بار پھر ایک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ جنوبی کوریائی حکومت نے بتایا ہے کہ یہ تجربہ ناکام رہا ہے۔ کمیونسٹ شمالی کوریا نے اس سال متعدد میزائلوں اور دیگر اسلحہ جاتی نظاموں کے تجربات کیے ہیں۔ اپریل میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے تین تجربات ناکامی سے دوچار ہوئے تھے۔ شمالی کوریا کی جانب سے چوتھے ایٹمی تجربے کے بعد اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی جانب سے اس ملک کے خلاف پابندیاں مزید سخت کی جا چکی ہیں۔

[pullquote] برازیل کے بدعنوانی کے خاتمے کے وزیر اپنے عہدے سے مستعفی[/pullquote]

برازیل کے بدعنوانی کے خاتمے کے وزیر فابیانو سلویرا اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ اُن کی کچھ ریکارڈنگز منظرِ عام پر آئی تھیں، جن سے پتہ چلتا تھا کہ انہوں نے معدنی تیل کی ریاستی کمپنی پیٹروبراس سے متعلق کرپشن کے ایک بڑے اسکینڈل پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔ قائم مقام صدر مشیل تیمر کی دو ہفتوں سے قائم نئی حکومت میں وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہونے والے دوسرے وزیر ہیں۔ گزشتہ ہفتے پلاننگ کے وزیر کو بھی اسی طرح کی ریکارڈنگ کے باعث اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔

[pullquote] داعش کے زیرِ قبضہ عراقی شہر فلوجہ پر حکومتی فورسز کا حملہ شروع[/pullquote]

عراقی فورسز نے ملک میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے مضبوط گڑھ فلوجہ کے مرکز کی جانب پیشقدمی شروع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب کسی بھی وقت اس شہر میں آئی ایس کو شکست ہو سکتی ہے اور یہ شہر پھر سے عراقی کنٹرول میں آ جائے گا۔ عراقی دستوں کو بین الاقوامی اتحادی افواج کی فضائی مدد بھی حاصل ہے۔ امدادی تنظیموں کے اندازوں کے مطابق ابھی بھی تقریباً پچاس ہزار شہری فلوجہ میں موجود ہیں۔ عراق میں داعش کا اصل گڑھ موصل ہے تاہم امریکی صدر باراک اوباما کے مطابق موصل کے خلاف پیشقدمی شروع کرنے میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔

[pullquote] شامی شہر ادلب پر روسی فضائی حملوں میں کم از کم 23 ہلاک[/pullquote]

شامی شہر ادلب پر گزشتہ شب کیے جانے والے روسی فضائی حملوں میں سات بچوں سمیت کم از کم 23 افراد ہلاک ہو گئے۔ برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق فروری میں فائر بندی معاہدے پر اتفاقِ رائے کے بعد سے یہ اپنی نوعیت کی شدید ترین بمباری تھی، جس میں ہونے والی ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ آبزرویٹری کے مطابق القاعدہ سے قربت رکھنے والی تنظیم النصرہ فرنٹ سمیت متعدد باغی گروپوں کے زیرِ قبضہ اس شہر میں کئی پوزیشنوں کو ہدف بنایا گیا، جن میں سے ایک ایک ہسپتال کے قریب تھی۔

[pullquote] یمن سے فائر کردہ میزائل کو تباہ کر دیا گیا، سعودی عرب[/pullquote]

سعودی عرب نے کہا ہے کہ اُس نے یمن سے فائر کیے گئے ایک میزائل کو راستے ہی میں تباہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پیر کو دیر گئے ایک بیان میں ریاض حکومت نے کہا کہ سعودی ایئر فورس نے اُس مرکز کو بھی تباہ کر دیا، جہاں سے یہ میزائل فائر کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ رواں مہینے یمن سے سعودی عرب کی جانب فائر کیا جانے والا یہ دوسرا میزائل تھا۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یمن سے مسلسل جاری ان حملوں کے بعد ریاض حکومت اپریل سے نافذ چلی آ رہی فائر بندی پر نظر ثانی بھی کر سکتی ہے۔

[pullquote] جنگ کے باعث 1.2 ملین افغان شہری بے گھر ہوئے، ایمنسٹی انٹرنیشنل[/pullquote]

حقوقِ انسانی کی علمبردار بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے افغان حکومت اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ کے باعث بے گھر ہونے والے افغان شہریوں کے مسئلے سے نمٹنے کی کوششیں کریں۔ آج منگل کو دارالحکومت کابل میں جاری کی گئی اپنی ایک رپورٹ میں ایمنسٹی نے بتایا کہ صرف گزشتہ تین برسوں کے دوران 1.2 ملین شہری بے گھر ہوئے اور گزشتہ پندرہ برسوں سے جاری لڑائی کے باعث در بدر ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے، جو انتہائی ابتر حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

[pullquote] سنگا پور: چار بنگلہ دیشی شہری دہشت گردی کے لیے پیسہ جمع کرنے کے جرم میں قصور وار قرار[/pullquote]

آج سنگاپور کی ایک عدالت نے چار بنگلہ دیشی مہمان کارکنوں کو، جنہوں نے اپنے وطن میں دہشت گردی کے ایک منصوبے کے لیے مالی وسائل جمع کرنے کا اعتراف کر لیا تھا، قصور وار قرار دے دیا۔ ملزمان کی عمریں چھبیس سے لے کر اکتیس سال تک ہیں اور انہیں دس دس سال تک کی سزائے قید ہو سکتی ہے۔ سزا کا اعلان بعد میں کسی وقت کیا جائے گا۔ یہ چار بنگلہ دیشی وہ پہلے ملزمان ہیں، جنہیں سنگاپور میں دہشت گردی کے لیے پیسہ جمع کرنے کے خلاف بنائے گئے نئے قانون کے تحت سزا دی جا رہی ہے

[pullquote] پنتالیس ملین سے زیادہ انسان غلامی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور، نیا جائزہ[/pullquote]

آج کل دنیا بھر میں پنتالیس ملین سے زیادہ انسان غلامی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ بات غلامی سے متعلق اپنی نوعیت کے اُس تیسرے انڈیکس میں بتائی گئی ہے، جو آسٹریلیا کی انسانی حقوق کی علمبردار تنظیم ’واک فری فاؤنڈیشن‘ کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔ اس جائزے کے مطابق دنیا کے 167 ملکوں میں جدید غلامی کی صورتیں موجود ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک بھارت ہے، جہاں کی 1.3 کی آبادی میں سے اندازاً 18.4 ملین انسان غلامی کی زندگی بسر کرتے ہیں۔ اس جائزے کے مطابق متاثرین سے بیگار لی جاتی ہے، اُنہیں جنسی غلامی کے لیے بیچا جاتا ہے یا اُن سے بچپن میں ہی جنگی خدمات لینے کا سلسلہ شروع کر دیا جاتا ہے۔

[pullquote] سعودی عرب جرمن ٹینک نہیں خریدے گا، میڈیا رپورٹیں[/pullquote]

جرمن میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق سعودی عرب جرمنی سے لیپرڈ طرز کے ٹینک نہیں خریدے گا۔ جرمن روزنامے ’ٹاگیز اشپیگل‘ کے مطابق برلن میں نئے سعودی سفیر عواد العواد نے کہا، حقیقت یہ ہے کہ سعودی عرب ٹینکوں کے اس سودے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ جرمنی سے خریدا جانے والا اسلحہ اُن کے ملک کی ہتھیاروں کی درآمدات کا ایک فیصد سے بھی کم بنتا ہے، اس لیے اسلحے کے سودے جرمنی اور سعودی عرب کے تعلقات میں بنیادی اہمیت نہیں رکھتے۔ اس سے پہلے ایسی خبریں منظرِ عام پر آئی تھیں کہ سعودی عرب ’لیپرڈ ٹُو‘ طرز کے تین سو ٹینک خریدنا چاہتا ہے۔ سعودی عرب کی مطلق العنان حکومت کو جنگی ٹینکوں کی فروخت پر گزشتہ کئی برسوں سے جرمنی میں نزاعی بحث مباحثہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

[pullquote]کھیلوں کی خبریں[/pullquote]

[pullquote]دورۂ انگلینڈ کے لیے کوچ کے بغیر تربیتی کیمپ شروع[/pullquote]

160531091350_inzamam_cricket_camp_640x360_afp_nocredit

دورۂ انگلینڈ کی تیاری کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوچکا ہے تاہم ہیڈ کوچ مکی آرتھر ابھی تک پاکستان نہیں پہنچ سکے ہیں۔
مکی آرتھر کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ انھوں نے چونکہ آسٹریلوی شہریت کی درخواست دے رکھی ہے لہذا جب تک ان کا پاسپورٹ جاری نہیں ہوجاتا وہ سفر نہیں کرسکتے۔
خیال ظاہر کیاجارہا ہے کہ وہ اس کیمپ کے جاری رہنے تک پاکستان نہیں پہنچ سکیں گے اور انگلینڈ میں ہی ٹیم کے ساتھ شامل ہوں گے.
مکی آرتھر کی غیرموجودگی میں منیجر انتخاب عالم اور اکیڈمی کوچ مشتاق احمد کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں۔کیمپ میں 20 کھلاڑی شریک ہیں جبکہ محمد حفیظ ان فٹ ہونے کے سبب کیمپ میں شامل نہیں ہوسکے ہیں۔کیمپ کے پہلے دن چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی تمام تر وقت کھلاڑیوں کے ساتھ موجود رہے اور انھوں نے بیٹسمینوں کو بیٹنگ سے متعلق بنیادی باتیں بتائیں۔

[pullquote]سری لنکا کے ایرنگا کا باؤلنگ ایکشن مشکوک[/pullquote]

574d6c1230c17

دبئی: سری لنکا کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شمیندا ایرنگا کا باؤلنگ ایکشن انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران مشکوک رپورٹ ہوا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘میچ انتظامیہ کی جانب سے سری لنکن ٹیم انتظامیہ کو جمع کروائی گئی رپورٹ میں 29 سالہ فاسٹ باؤلر کے ایکشن کے قانونی ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے’۔
شمیندا ایرنگا کو آئی سی سی نے ہدایت کی ہے کہ ضوابط کے مطابق دو ہفتوں کے اندر اپنے ایکشن کا ٹیسٹ کروائیں تاہم وہ اس دوران جب تک ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں آتی بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی باولنگ جاری رکھ سکیں گے۔

[pullquote]شوبز[/pullquote]

[pullquote]’سلطان’ کے ٹریلر سے عامر ناخوش[/pullquote]

574d68cf1e7dc

بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم ‘سلطان’ نے پہلے کنگ خان شاہ رخ کی فلم ‘رئیس’ کی ریلیز کو متاثر کیا تھا اور اب مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی اس کے ٹریلر سے ناخوش دکھائی دے رہے ہیں۔
سلمان خان اپنی فلم میں ایک پہلوان کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ریسلنگ میں اپنے ملک کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جتوانے کی کوشش میں رہتا ہے دوسری جانب عامر خان کی آنے والی فلم میں وہ مہاویر سنگھ پھوگٹ کی زندگی پر ایک فلم کر رہے ہیں جو ایک پہلوان ہیں۔
بولی وڈ لائف کی ایک خبر کے مطابق عامر خان حال ہی میں سلمان خان کی فلم کے ٹریلر سے ناخوش دکھائی دیئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے