منگل : 21 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی سینیٹ میں ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی آج شروع ہو گی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف امریکی سینیٹ میں مواخذے کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز منگل بیس جنوری سے ہو رہا ہے۔ امریکی تاریخ میں تیسری مرتبہ کسی صدر کے مواخذے کی کارروائی شروع ہوئی ہے۔ اس میں شریک ہونے سے قبل سینیٹ کے اراکان نے درست فیصلہ کرنے کے لیے حلف بھی اٹھایا۔ اراکین سینیٹ سے حلف امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے لیا۔ صدر ٹرمپ کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور کانگریس کے امور میں رکاوٹ کھڑی کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ یہ کارروائی اگلے کئی دن تک جاری رہ سکتی ہے۔

[pullquote]یوکرائنی کمرشل پرواز کو دو میزائل لگے تھے، ایران[/pullquote]

ایرانی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ یوکرائن کے تباہ ہونے والے مسافر بردار طیارے کو دو میزائل لگے تھے۔ اس کریش میں 176 افراد مارے گئے تھے۔ ایرانی شہری ہوابازی کے ادارے کا کہنا ہے کہ ہوائی جہاز کے بلیک باکس کے لیے تکنیکی معاونت کے حوالے سے فرانس اور امریکا نے کوئی جوابات نہیں دیے ہیں۔ اس معاونت کے لیے ایرانی قومی ادارہ پہلے ہی واشنگٹن اور پیرس حکومتوں سے درخواست کر چکا ہے۔ یوکرائنی طیارہ آٹھ جنوری کو تہران کے ہوائی اڈے سے پرواز کے کچھ ہی دیر بعد میزائل لگنے سے تباہ ہو گیا تھا۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے کئی میزائل عراق میں ان فوجی اڈوں پر فائر کیے تھے، جہاں امریکی فوجی متعین ہیں۔

[pullquote]انٹرپول کے سابق سربراہ کو چینی عدالت نے تیرہ برس کی سزائے قید سنا دی[/pullquote]

چین کی ایک عدالت نے انٹرپول کے سابق سربراہ مینگ ہونگ وے کو رشوت ستانی کا الزام ثابت ہو جانے پر تیرہ سال اور چھ ماہ کی سزائے قید سنا دی۔ تیانجن کی عدالت کے مطابق مینگ کو دو ملین یوآن جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس جون میں مینگ نے یہ تسیلم کر لیا تھا کہ انہوں نے ایک لاکھ اسی ہزار یورو کے قریب رشوت لی تھی۔ مینگ گزشتہ برس ستمبر میں چین پہنچنے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے۔ اس کے بعد چین میں ان کی گرفتاری کی خبریں سامنے آئی تھیں اور انہیں چینی کمیونسٹ پارٹی سے بھی بے دخل کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]شہریت ترمیمی قانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، امیت شاہ[/pullquote]

بھارتی حکومت نے متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کو واپس نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج منگل کو کہا کہ یہ بل انہوں نے پیش کیا تھا،جسے پارلیمان نے منظور کیا اور اب اسے واپس نہیں لیا جا سکتا۔ لکھنؤ میں اس قانون کی حمایت میں نکالی گئی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حزب اختلاف پر شدید نکتہ چینی کی اور کہا کہ وہ ووٹ بینک کی سیاست کے لیے اس معاملے پر لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے۔ دوسری جانب اس قانون کے خلاف مظاہرین بدستور جاری ہیں اور ان کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے۔

[pullquote]آٹھ بھارتی شہریوں کی نیپال میں ہلاکت[/pullquote]

نیپالی پولیس نے ایک سیاحتی مقام پر آٹھ بھارتی سیاحوں کی حیران کن ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ ان بھارتی سیاحوں کو بےہوشی کی حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے دارالحکومت کھٹمنڈو کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ہسپتال کے ذرائع کے مطابق سیاح بےہوشی کی حالت میں دم توڑ گئے۔ یہ سیاح بھارتی ریاست کیرالا سے پندرہ افراد کے گروپ میں نیپال پہنچ کر پہاڑی سیاحتی مقام دامان میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ تمام افراد ایک ہی کمرے میں ہیٹر جلا کر سوئے اور دروازہ کھلا نہیں رکھا تھا۔

[pullquote]ایشیائی ممالک میں چینی پراسرار وائرس کے خلاف احتیاطی اقدامات[/pullquote]

بحرالکاہل اور ایشیا کے کئی ممالک نے چین میں افزائش پانے والے کورونا وائرس کی ایک نئی مہلک قسم کے خلاف مزید احتیاطی اقدامات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بینکاک، ہانگ کانگ، سیئول اور سنگاپور کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ تائیوان اور ویتنام میں بھی ہوائی اڈوں پر مسافروں کی خصوصی طبی جانچ پڑتال کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ چین سے آنے والی پروازوں کی چوبیس گھنٹے خصوصی اسکریننگ کرنےاور کسی مسافر کو رعایت نہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائرشن آج اپنے ایک اجلاس میں اس بیماری کے حوالے سے گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کر سکتی ہے۔

[pullquote]چین میں پراسرار وائرس کا چوتھا مریض بھی دم توڑ گیا[/pullquote]

چینی صوبے ووہان کے طبی حکام نے نمونیا کا باعث بننے والے وائرس سے ایک اور مریض کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ اس طرح اس پراسرار وائرس سے ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ وائرس انسان سے انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے۔ ووہان میں پندرہ طبی اہلکاروں میں بھی اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ آج منگل کو بھی ووہان کے ہسپتالوں میں نمونیے میں مبتلا نئے مریض لائے گئے ہیں۔ ووہان کے علاوہ نمونیے میں مبتلا افراد کے کلینیکل ٹیسٹس بیجنگ، شنگھائی اور شینژن شہروں میں بھی مثبت آئے ہے۔ چند مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

[pullquote]فوج کے خلاف نسل کشی کے شواہد نہیں ملے لیکن جنگی جرائم کا امکان ہے، میانمار تفتیشی پینل[/pullquote]

میانمار کے خصوصی حکومتی پینل نے روہنگیا مسلم برادری کے خلاف ممکنہ جنگی جرائم اور نسل کشی کے الزامات کی تفتیشی رپورٹ مکمل کرلی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق سن 2017 میں راکھین ریاست میں روہنگیا نسل کے خلاف کی جانے والی فوجی کارروائی کے دوران نسل کشی کے شواہد دستیاب نہیں ہوئے ہیں۔ تفتیشی پینل نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ انکوائری کے دوران ٹھوس ثبوت تو نہیں ملے لیکن امکان موجود ہے کہ فوجی اہلکاروں نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہو۔ تفتیشی پینل نے روہنگیا عسکریت پسندوں پر الزام لگایا کہ ان کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی وجہ سے کریک ڈاؤن کی ضرورت محسوس کی گئی تھی۔

[pullquote]کاروباری حضرات امریکا میں سرمایہ کاری کریں، صدر ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ورلڈ اکنامک فورم میں شریک بین الاقوامی تاجر برادری پر واضح کریں گے کہ امریکا میں سرمایہ کاری کے لیے حالات انتہائی سازگار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ریاست ٹیکساس میں منعقدہ کسان کنوینشن میں تقریر کے دوران کہی۔ وہ آج سوئس شہر ڈاووس پہنچ رہے ہیں۔ ٹرمپ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب امریکی سینیٹ میں اُن کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع ہونے والی ہے۔ ٹرمپ اقتصادی فورم کے شرکاء سے خطاب کرنے کے علاوہ کئی عالمی لیڈروں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ اگلے مہینے بھارت کا دورہ کرنے والے ہیں۔

[pullquote]عراق: حکومت مخالف مظاہروں میں مزید تین افراد ہلاک[/pullquote]

عراقی دارالحکومت میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں تین افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ حکام نے بتایا کہ مرنے والوں میں عبدالستار نامی ایک صحافی بھی شامل ہے۔ مزید یہ کہ بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے گرین زون میں امریکی سفارت خانے کے نزدیک دو راکٹ داغے جانے کی بھی اطلاع ہے۔ تاہم اس واقعے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کا نہیں بتایا گیا۔ عراق میں حکومت سے ناراض شہری گزشتہ برس اکتوبر سے وقفے وقفے سے بغداد سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان پرتشدد مظاہروں میں بے شمار مظاہرین ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں ۔

[pullquote]روس: سائبیریا میں لگنے والی آگ سے ایک درجن کے قریب افراد ہلاک[/pullquote]

روسی حکام نے تصدیق کی ہے کہ سائبیریا کے شہر ٹومسک کے ایک جنگلاتی گاؤں میں لگنے والی آگ سے کم از کم گیارہ افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ آگ سے لکڑی کے کئی رہائشی کھوکھے جل گئے۔ روس کی ہنگامی حالات کی وزارت نے آگ لگنے کے حوالے سے کوئی تفصیل ظاہر نہیں کی ہے۔ یاد رہے پیر بیس جنوری کو پرم شہر کے ایک ہوٹل میں کھولتے پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی تھی، جس سے مختلف کمروں میں گرم پانی بھرنے سے پانچ افراد کی موت ہوئی تھی۔

[pullquote]انتہا پسندوں نے پانچ انڈونیشی مچھیروں کو اغوا کر لیا[/pullquote]

فلپائن میں سرگرم ابوسیاف انتہا پسند گروپ نے پانچ انڈونیشی مچھیروں کو اغوا کر لیا ہے۔ انڈونیشی حکومت کے مطابق ان ماہی گیروں کو مشرقی بورنیو کے قریبی سمندری علاقے سے اغوا کیا گیا۔ جکارتہ سے وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ مچھیروں کی بازیابی کے لیے فلپائنی اور ملائیشیائی سکیورٹی حکام کے ساتھ رابطہ کیا گیا ہے۔ انڈونیشی حکومت نے اپنے ماہی گیروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مشرقی بورنیو کے قریبی سمندر میں سے مچھلیاں پکڑنے سے گریز کریں۔ ابو سیاف جنوبی فلپائنی علاقے میں سرگرم ہے اور کئی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث خیال کیا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے