منگل : 26 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]البانیہ میں زلزلہ، کم از کم چھ ہلاک[/pullquote]

البانیہ میں منگل کی صبح ایک طاقتور زلزلے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور تین سو زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی جیولوجکل سروے کے مطابق یہ زلزلہ 6.4 شدت کا تھا۔ اس کی گہرائی بیس کلو میٹر اور زلزلے کا مرکز دارلحکومت تیرانا سے تیس کلومیٹر دور تھا۔ زلزلے میں کئی عمارتیں گرنے کی اطلاعات ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ لوگوں کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ البانیہ میں دو ماہ پہلے ستمبر میں بھی زلزلہ آیا تھا، جس میں کئی سو گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔

[pullquote]مالی: تیرہ فرانسیسی فوجی ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک مالی میں فرانسیسی فوج کے دو ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں تیرہ فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک ساتھ اتنی جانوں کے نقصان کو فرانسیسی فوج کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔ اس واقعے کی مزید تفصیل سامنے نہیں آئی تاہم فرانسیسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ فرانسیسی فوج چھ برس سے مالی کی فوج کے ساتھ مل کر مقامی جہادی گروہوں کے خلاف پرسرپیکار ہے۔ مالی اور اس کے پڑوسی افریقی ممالک میں فرانس کے ساڑھے چار ہزار فوجی تعینات ہیں۔

[pullquote]گرین ہاؤس گیسز کا اخراج بلند ترین سطح پر: اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ کرہٴ ارض پر کاربن ڈائی آکسائڈ گیس کا اخراج ریکارڈ سطح کو پہنچ چکا ہے اور اس میں کمی کے کوئی آثار نہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق کاربن ڈائی آکسائڈ اور دیگر گرین ہاؤس گیسیں قدرتی ماحول کی تباہی کا سب سے بڑا سبب ہیں۔ اقوام متحدہ کی اگلی ماحولیاتی کانفرنس آئندہ ہفتے اسپین کے شہر میڈرڈ میں منعقد ہونے جاری ہے، جس میں خیال ہےکہ رکن ممالک مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ کاربن ڈائی آکسائڈ گیس فیکٹریوں اور گاڑیوں کے دھوئیں سے ہوا کو خراب کرتی ہیں اور مختلف بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔

[pullquote]بیروت میں دوسرے روز بھی مظاہرین کی جھڑپیں[/pullquote]

لبنان میں حکومت مخالف مظاہروں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر حملے کیے ہیں۔ دارالحکومت بیروت میں یہ جھڑپیں شیعہ تنظیم حزب اللہ اور سابق وزیراعظم سعد الحریری کے حامیوں کے درمیان پیش آئیں۔ فائرنگ کے واقعات کی وجہ سے سڑکوں پر کشیدگی رہی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں۔ لبنان میں پچھلے ماہ سے جاری سیاسی بحران بظاہرگمبھیر ہوتا جا رہا ہے اور ایسے میں فوج کی مداخلت کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔

[pullquote]تہران میں حکومت کے حق میں مظاہرے[/pullquote]

ایران میں دسیوں ہزار مظاہرین نے حکومت کے حق میں مظاہرہ کیا ہے۔ پیر کے روز تہران کے انقلاب اسکوئر پر اس مظاہرے میں لوگوں نے حالیہ حکومت مخالف مظاہروں کے مذمت کی۔ تہران حکومت نے اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت مخالف مظاہروں کی آڑ میں توڑ پھوڑ اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کوسخت سزائیں دی جائیں گی۔ ایران میں حکومت کی طرف سے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت مخالف احتجاج شروع ہوا تھا۔ لیکن ایرانی حکام کا الزام ہے کہ اس احتجاج کے پیچھے غیر ملکی قوتیں کارفرما تھیں۔

[pullquote]اسرائیل نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیم کے سربراہ کو بے دخل کردیا[/pullquote]

اسرائیل نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے ڈائریکٹر کو ملک سے بے دخل کر دیا ہے۔ عمر شاکر پر الزام تھا کہ انہوں نے اسرائیل کے بائیکاٹ کی حامی تنظیم بی ڈی ایس مومنٹ کی حمایت کی تھی۔ شاکر نے اپنے اوپر لگایا گیا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت کا فیصلہ انسانی حقوق کی تحریک پر حملہ ہے۔ عمر شاکر پنیتیس سالہ امریکی شہری ہیں اور اکتوبر سن 2016 سے اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کے لیے ہیومن رائٹس واچ کے ڈائریکٹر ہیں۔ پیر کے روز بے دخلی کے بعد اب وہ اسرئیل سے جرمنی پہنچ گئے ہیں۔

[pullquote]ارجنٹائن: پادریوں کو بچوں کے جنسی استحصال پر سزا[/pullquote]

لاطینی امریکی ملک ارجنٹائن میں ایک عدالت نے تین کیتھولک پادریوں کو بچوں کے خلاف جنسی جرائم پر قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے تراسی سالہ اطالوی پادری نِکولا کوراڈی کوبیالیس سال قید کی سزا سنائی۔ ان پر پہلے اٹلی میں بھی اس قسم کے الزامات لگ چکے تھے تاہم ویٹیکن نے ان کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہیں کی تھی۔ اس کیس میں عدالت نے دیگر ملزمان میں سے کو ایک کو پینتالیس برس اور دوسرے کو اٹھارہ برس قید کی سزائیں سنائی۔ ان تینوں پر الزام تھا کہ انہوں نے بول چال سے محروم بچوں کی نگہداشت کے ایک مرکز میں کئی سال تک بچوں کا استحصال کیا۔

[pullquote]ٹرمپ طالبان کے ساتھ معاہدے کے بارے میں پُر امید[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر امید ظاہر کی ہے افغانستان میں قیام امن کی کوششیں رنگ لائیں گی اور طالبان کے ساتھ معاملات طے ہوجائیں گے۔ پیر کو روز امریکی ٹی وی چینل فوکس نیوز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان سے اپنی فوجیں نکال رہا ہے اور طالبان کے ساتھ کسی سمجھوتے پر پہنچنے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔ پچھلے ایک سال میں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے نو دور ہوئے لیکن بے نتیجہ رہے۔ امریکی حکومت کو امید ہے کہ قطر میں بات چیت کا آئندہ دور سودمند ثابت ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے