وزیراعظم،میجرآصف غفور،مرادعلی شاہ،شیریں رحمان،مریم، نواز شریف اورمریم نگزیب کا پیغام پی ایس ایل کے نام

[pullquote]حکومت نواز شریف کے وعدے کے تحت قوم کو خوشیاں لوٹا رہی ہے، وزیراعظم[/pullquote]

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پرقوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف کے وعدے کے تحت قوم کی خوشیاں لوٹا رہی ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پرقوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، حکومت نواز شریف کے وعدے کے تحت قوم کی خوشیاں لوٹا رہی ہے جب کہ معیشت کی بحالی، امن کا قیام اور کھیلوں کا فروغ حکومتی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمیشہ ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں سے ہمکنار کیا، کراچی میں پی ایس ایل فائنل کا انعقاد شہر بے مثال کے عالمی تشخص میں تبدیلی لائے گا، کراچی کے امن اور خوشیوں کی بحالی میں نواز شریف کا ویژن اور صوبائی حکومت کا تعاون شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ایس ایل نے پوری قوم کو نیا جذبہ اور خوشی دی ہے، حکومت خوشیوں کو بڑھانے کے لیے اسی جذبے اور نیک نیتی سے کام کرتی رہے گی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’ہم نے کراچی میں پی ایس ایل کا فائنل میچ منعقد کرانے کا جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ پی ایس ایل فائنل ممکن بنانے والے اور اس کی تیاریوں میں اپنا کردار ادا کرنے والے ہر فرد کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو خوشی مناتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، امید ہے کہ کراچی میں اب مزید کرکٹ ہوگی۔

ادھر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں آج اسلام آباد اور پشاورکا ٹکراؤ ہے لیکن میں کرکٹ کو سپورٹ کر رہی ہوں۔

کراچی میں مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹ میں نو منتخب اپوزیشن لیڈر کا پی ایس ایل فائنل کی ٹیموں کے حوالے سے کہنا تھا کہ اسلام آباد ان کا گھر ہے جبکہ پختون ان کے بھائی ہیں، اور وہ آج کے میچ میں کرکٹ کو سپورٹ کر رہی ہیں۔

[pullquote]پی ایس ایل فائنل روشنیوں کے شہر کو مزید جگمائے گا، ترجمان پاک فوج[/pullquote]

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل روشنیوں کے شہر کو مزید جگمائے گا۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہم پر مسلط کی گئی دہشت گردی کا خاتمہ ہورہا ہے۔

انہوں نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر حکومت، پی سی بی ، غیر ملکی کھلاڑیوں، انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں اور پرعزم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم امن و استحکام کی جانب گامزن ہیں اور یہی ہماری منزل ہے۔

[pullquote]پی ایس ایل فائنل ،کراچی کی روشنیاں بحال ہو گئیں ،مریم اورنگزیب[/pullquote]

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کا کراچی میں انعقاد شہرکےدوبارہ روشنیوں کا شہر بننے کی دلیل ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے ان کا کہنا ہے کہ خوشیوں پر قوم اور خصوصاً کراچی کے عوام کو مبارک باد دیتے ہیں، اللہ تعالی پاکستان پر یہ بہار اور اس کی خوشیاں سدا سلامت رکھے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کی آمد سےیہاں کھیلوں کی سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں،جہاں خوف کےسائےتھےآج وہاں لوگ جوق درجوق میچ دیکھنےآرہےہیں۔

کراچی میں شہریوں کاجذبہ اورولولہ لائق تحسین ہے۔ قوم کی لازوال قربانیاں شہرقائدمیں امن کی بحالی اورخوشیوں میں شامل ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ مسلم لیگ ن پورے ملک کو ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنارہی ہے، امن بحال اورکھیلوں کےمیدان آبادکرنےکاایک اوروعدہ پوراہوگیا ہے۔

[pullquote]نوازشریف کی پی سی بی کو مبارکباد[/pullquote]

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پی ایس ایل 3کافائنل کراچی میں کرانے پرپی سی بی، کراچی انتظامیہ،متعلقہ اداروں،شہریوں کومبارکباددی ہے۔

ایک بیان میں نوازشریف کا کہنا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپرلیگ سیزن تھری کافائنل پورےملک کے لئے باعث فخرہے۔

انہوں نے کہا کہ شکرہےآج کاپاکستان 2013کے پاکستان کوبہت پیچھے چھوڑ آیا ہے۔

[pullquote]پی ایس ایل: شکریہ نوازشریف، زرداری کی حکومت بھی یہ نہ کرسکی: مریم نواز[/pullquote]

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد پر ٹوئٹر پر بیان میں سابق صدر آصف زرداری کے دور حکومت پر تنقید کی ہے۔

ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ کراچی میں جہاں ہڑتال ہوتی تھی اب انٹرنیشنل کرکٹ لوٹ آئی ہے۔

اس موقع پر جہاں مریم نواز نے اپنے والد نوازشریف کا شکریہ ادا کیا وہیں آصف زرداری کے دور حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کی حکومت بھی یہ کام نہ کرسکی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے