وزیراعظم آج چین کے 5 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج چین کے 5 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے، جس کے دوران وہ چینی صدر، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے بات کریں گے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کو سرکاری وفد کے ہمراہ 2 نومبر کو چین روانہ ہونا تھا، تاہم گذشتہ روز ان کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی اور اب وہ آج روانہ ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم خصوصی طیارے سے بیجنگ پہنچیں گے، جہاں چین کے نائب وزیر خارجہ اور دیگر حکام ان کا استقبال کریں گے۔

2 نومبر کو وزیراعظم عمران خان چین کے صدر سے ملاقات کریں گے۔

3 نومبر کو وہ تیان من اسکوائر میں پیپلز ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے جبکہ 3 نومبر کو ہی نیشنل پیپلز کانگریس کے چیئرمین سے ملاقات ہوگی۔

اسی روز وزیراعظم کے اعزاز میں گریٹ ہال میں خیرمقدمی تقریب ہوگی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان 3 نومبر کو مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں چینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، اس کے بعد وہ چین کے وزیراعظم کی طرف سے دی گئی ضیافت میں جائیں گے۔

3 نومبر کو ہی وزیراعظم عمران خان کی چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات طے ہے۔

4 نومبر کو وزیراعظم سینٹرل پارٹی اسکول میں خطاب کے بعد شنگھائی روانہ ہوں گے، جہاں وہ چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں شرکت کریں گے۔

چین کے صدر 4 نومبر کو امپورٹ ایکسپو میں شریک رہنماؤں کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان 5 نومبر کو شنگھائی میں ویت نام کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ اسی روز وہ شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات اور پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے اور پھر وطن واپس روانہ ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے