پاکستان اور دنیا بھر سے آج کی اہم ترین خبروں پر مشتمل پہلا آن لائن بلیٹن

[pullquote]پاکستان[/pullquote]

[pullquote]تحریک انصاف نےفیصل آبادجلسہ کیوں ملتوی کیا؟
[/pullquote]

pti

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کرپشن مکائو ملک بچائو مہم کے دوران 8مئی (اتوار) کو ہونے والا جلسہ ‘خواتین پر حملوں’ کی وجہ سے ملتوی کر دیا۔
جلسہ ملتوی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس سے اعتماد اٹھ چکا ہے، باقاعدہ منصوبہ بندی سے کیے گئے حملے مرکزی سیاست میں خواتین کا کردار محدود کرنے کی سازش ہے۔
2014 میں وفاقی دارالحکومت میں دیئے گئے دھرنے کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ 126 دن کے دھرنے میں خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت کے باوجود کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے اعلان کیا کہ خواتین پر حملوں میں پولیس کے کردار سمیت دیگر پہلوئوں پر تحقیقات کر رہے ہیں، ان حملوں میں ملوث عناصر کو عبرتناک سزاء دی جائے گی خواہ ان کا تعلق تحریک انصاف سے ہی کیوں نہ ہو۔
عمران خان نے یہ اعلان بھی کیا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک خیبر پختونخوا میں جلسے ہوں گے۔
9 مئی (پیر) کو پشاور اور 11 مئی (بدھ) کو بنوں میں تحریک انصاف کی جانب سے جلسے منعقد کیے جائیں گے۔
لاہور میں تحریک انصاف کے جلسے میں خواتین سے بدسلوکی پر وزیر اعظم نواز شریف نے بھی نوٹس لیا۔
وزير اعظم نواز شريف نے خواتین سے بدتميزی کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدايت بھی جاری کی۔
24 اپریل (اتوار) کو اسلام آباد اور یکم مئی (اتوار) کو لاہور میں تحریک انصاف نے جلسے منعقد کئے تھے، ان دونوں جلسوں میں خواتین سے بدتمیزی کے واقعات پیش آئے۔

[pullquote]متحدہ کارکن کی ہلاکت کی تحقیقات کا حکم : آرمی چیف
[/pullquote]

raheel

راولپنڈی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کارکن پر رینجرز کی حراست میں تشدد اور بعد ازاں ہسپتال میں ہلاکت پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے تحقیقات کے احکامات جاری کر دیئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے کراچی میں آفتاب احمد کی ہلاکت کے کیس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
اعلامیے کے مطابق جنرل راحیل شریف کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔
ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر اور رکن قومی اسمبلی فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر (معاون) آفتاب احمد کو 4 روز قبل اتوار کو رینجرز نے کراچی سے حراست میں لیا تھا اور پیر کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرکے دہشت گردی کے الزامات کے تحت 90 روز کا ریمانڈ حاصل کیا تھا، گزشتہ روز (منگل کو) کو صبح سویرے آفتاب احمد کو کراچی کے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج انتقال کر گئے۔

[pullquote]بدعنوانی نے پاکستان کوبہت نقصان پہنچایا،صدر مملکت
[/pullquote]

mamnoon

اسلام آباد ميں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے چوتھے اچیومنٹ ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرممنون حسين کا کہنا تھا کہ بدعنوانی نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا ہے ،لیکن اب حالات بدل گئے ہیں۔ زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم آگے نہ بڑھ سکیں۔موجودہ حکومت درست سمت میں گامزن ہے، تاجروں اور صنعتکاروں سمیت ہر شخص کو سی پیک اور دیگر بڑے منصوبوں کی تکمیل میں ساتھ دینا چاہئے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پڑوسی ممالک سمیت تمام دنیا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلہ کو کسی صورت بھی پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا۔

[pullquote]فاٹامیں آپریشن تقریباًمکمل،کومبنگ آپریشن ضرب عضب کاحصہ ہے ،ڈی جی آئی ایس پی آر
[/pullquote]

56a3a5c6e382f

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہاہے کہ فاٹا میں آپریشن تقریباً مکمل ہوچکا، کومبنگ آپریشن ضرب عضب کاحصہ ہے، پورے ملک سے نوگو ایریاز ختم کریں گے انکوائری مکمل ہونے پر 6 افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 11 ملٹری کورٹس کام کر رہی ہے، 207 کیسز میں سے 88 فیصد ہو چکا، کوئی بھی فیصلہ عجلت میں نہیں ہو رہا، بہت سے کیسز کا فیصلہ آنے والا ہے، انٹیلی جنس کی بنیاد پر 18 ہزار آپریشن ہو چکے ہیں، فاٹا میں آپریشن تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ اس سال کے آخرتک لوگ واپس چلے جائیں گے 54 فیصد آئی ڈی پیز کی واپسی ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹو گینگ کا علاقہ 7 سال سے نوگو ایریا تھا، علاقہ کلئیر ہے لوگوں کو ریلیف ملا ہے۔ چھوٹو گینگ سے تفتیش جاری ہے، نئی چیزیں سامنے آرہی ہیں، نوگو ایریا ختم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے 6 افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، افسران کو ایک ہی کیس میں سزا ہوئی ہے، کرپشن میں ملوث افراد کو نوکری سے برخاست کیا گیا، انکوائری مکمل ہونے پر سزا دی گئی، انصاف کے فیصلے کو پاک فوج کے اندر ہی سراہا گیا ہے، پوری قوم کو پاک فوج پر فخر ہے۔

[pullquote]سکھ پگڑی کی بے حرمتی: 5 ملزمان ضمانت پر رہا
[/pullquote]

turban

ساہیوال: چیچہ وطنی کے سول جج (مجسٹریٹ) طاہر منظور نے سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے مہندر پال سنگھ کی توہین مذہب کی شکایت پر گرفتار ہونے والے 5 افراد کی ضمانت منظور کرلی۔
مہندر پال سنگھ نے چیچہ وطنی پولیس کو شکایت درج کرائی تھی کہ ٹرانسپورٹ کمپنی کے 6 ملازمین نے عوام کے سامنے اس کی مقدس پگڑی کی بے حرمتی کی اور فیصل آباد سے ملتان جانے والی بس کی رفتار کم ہونے کی جائز شکایت پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
کیس کے تفتیشی افسر عبد الستار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کے سیکشن 148، 149، 295 اور 506 کے تحت 30 اپریل کو گرفتار ہونے والے 5 ملزمان کو، جن میں بس ٹرمنل منیجر باقر علی، راشد گجر، فیض عالم، شکیل اور سوداگر، ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

[pullquote]ہری پور: تین مبینہ دہشت گرد ہلاک[/pullquote]

ھپ

صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں حکام کا کہنا ہے کہ فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی میں خاتون سمیت تین مبینہ دہشت گرد مارے گئے ہیں جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں حساس ادارے کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہری پور کے علاقے خان پور میں پنڈ گاگڑا کے مقام پر پیش آیا۔
خان پور پولیس سٹیشن کے انچارج بشیر احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ ایک مکان میں کچھ شدت پسندوں نے پناہ لے رکھی ہے جس پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کی جانب سے ان کے خلاف مشترکہ کارروائی کی گئی۔
انھوں نے کہا کہ آپریشن میں تین مبینہ دہشت گرد مارے گئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوا۔
کارروائی میں دوسکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے اہلکار کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق ایک حساس ادارے سے ہے۔

[pullquote]پی ایس ایل کی مالی رپورٹ کی تفصیلات جاری
[/pullquote]

pak-super

لاہور:پاکستان سپر لیگ کی مالی رپورٹ کی تفصیلات جاری کردی گئیں،پی سی بی گورننگ بورڈ نے لیگ کے معاملات چلانے کیلئے خود مختار کمپنی بنانے کی بھی منظوری دے دی۔
نجم سیٹھی نے لیگ سے 26 کروڑ روپے منافع کی نوید سنادی۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونےوالے پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے فنانشل رپورٹ پیش کی جس کے تحت پی سی بی کو لیگ کے پہلے ایڈیشن سے 26 کروڑ کا منافع ہوا۔
فرنچائز کو 13کروڑ روپے منافع کا تخمینہ لگایا گیا تھا مگر انہیں صرف 9 کروڑ روپے بچے،گورننگ بورڈ نے نقصان کو کم کرنے کیلئے اپنے منافع سے 20 کروڑ روپے فرنچائزز کو دینے کی منظوری دے دی۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ گورننگ بورڈ نے پی ایس ایل کے معاملات چلانے کیلئے خودمختار کمپنی بنانے کی بھی منظوری دے دی ہے جبکہ دوسرےایڈیشن میں چھٹی ٹیم شامل کی جاسکتی ہے۔نجم سیٹھی نے بتایا کہ پی ایس ایل کی طرز سے پاکستان کپ کرانے کا تجربہ کامیاب رہا اور یہ پہلا موقع ہےکہ کپ سے پی سی بی کو منافع ہوا ہے۔

[pullquote]عمران فاروق قتل کیس میں چالان منظور، جیل ٹرائل کا حکم
[/pullquote]

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران فاروق قتل کیس کا عبوری چالان ساتویں بار پیش کیا، جس کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے 12 مئی سے اڈیالہ جیل میں باقاعدہ ٹرائل کا فیصلہ کر لیا۔
چالان کی نقول وکیل صفائی کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
عمران فاروق قتل کیس میں عدالت نے ساتویں بار پیش کیے گئے عبوری چالان کو جمع کرلیا، کیس کی آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں کی جائے گی۔

[pullquote]عالمی خبریں[/pullquote]

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی یقینی
[/pullquote]

donald-traasas

امریکا میں ری پبلکن پارٹی کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی یقینی نظر آ رہی ہے۔ امریکی ریاست انڈیانا میں منعقدہ ابتدائی انتخابات میں ارب پتی ٹرمپ کو اپنے حریفوں ٹَیڈ کروز اور جان کیسک پر واضح فرق سے کامیابی حاصل ہوئی، جس کے بعد ٹرمپ کے سخت ترین حریف ٹَیڈ کروز نے اپنی انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اُنہتر سالہ ٹرمپ اب ایک بھی اور ریاست میں انتخابات جیتنے کی صورت میں جولائی کی پارٹی کانگریس میں خود بخود صدارتی امیدوار بن جائیں گے۔ ڈیموکریٹک پارٹی میں ہلیری کلنٹن کو اپنے حریف سینیٹر برنی سینڈرز کے مقابلے میں واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم کلنٹن کا صدارتی امیدوار بنایا جانا پھر بھی یقینی دکھائی دیتا ہے کیونکہ وہ انڈیانا کے ابتدائی انتخابات سے پہلے ہی نوّے فیصد مندوبین کی حمایت حاصل کر چکی ہیں۔

[pullquote]پٹھان کوٹ حملہ: ہندوستانی ٹیم چکرا کر رہ گئی
[/pullquote]

pathankot_647_010616092712

نئی دہلی: پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کی تحقیقات کرنے والی ہندوستان کی پارلیمانی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اسے یہ جان کر بہت حیرت ہوئی کہ جس ایئربیس کی سیکیورٹی انتہائی سخت ہونی چاہیے تھی، وہاں مسلح افراد باآسانی داخل ہونے میں کامیاب رہے۔
پینل رپورٹ کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری انسداد دہشت گردی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ میں سنجیدہ خامیاں ہیں، جبکہ ایئربیس کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی بھی ناقص تھی۔
پٹھان کوٹ حملہ:تحقیقات کرنیوالا مسلمان افسر قتل
پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر مرکزی حکومت سنجیدہ ہوتی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں اپنا کام صحیح طریقے سے انجام دے رہی ہوتیں تو صورتحال مختلف ہوتی۔

[pullquote]ترکی میں اقتدار کی کشمکش، وزیر اعظم کا مستعفی ہونے پر غور
[/pullquote]

میڈیا کی متفقہ رپورٹوں کے مطابق ترک وزیر اعظم احمد داؤد اولُو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے پر غور کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ اُن کے اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے درمیان طاقت کی کشمکش بتائی جا رہی ہے۔ ترک روزناموں ’حریت‘ اور ’جمہوریت‘ کے مطابق ابھی اُنہوں نے اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے حکمران پارٹی اے کے پی نے داؤد اولُو کی مرضی کے خلاف چیئرمین کے اختیارات محدود کر دیے تھے۔ اس اقدام کو پارٹی اور حکومت کے سربراہ داؤد اولُو کے لیے شکست کے مترادف قرار دیا جا رہا تھا۔ داؤد اولُو دو سال قبل ایردوآن کے صدر بن جانے کے بعد اُن کی جگہ اے کے پی کے چیئرمین بنے تھے تاہم درحقیقت حکومت اور جماعت میں اب بھی ایردوآن کو ہی غلبہ حاصل ہے۔

[pullquote]دہشت گردوں کی حمایت کا شبہ: سنگاپور سے واپسی پر پانچ بنگلہ دیشی شہری گرفتار
[/pullquote]

پولیس نے سنگاپور سے ڈی پورٹ ہونے کے بعد وطن واپس پہنچنے والے پانچ بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں دہشت پسندانہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ایک روز قبل سنگاپور کی وزارتِ داخلہ نے بتایا تھا کہ وہاں مقیم آٹھ بنگلہ دیشی کارکنوں کو، جو مبینہ طور پر ’اسلامک اسٹیٹ اِن بنگلہ دیش‘ (ISB) کی جانب سے اپنے وطن میں حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے، حراست میں لے لیا گیا تھا۔ سنگاپور کی وزارتِ داخلہ کے مطابق جن پانچ افراد کو واپس بنگلہ دیش بھیجا گیا ہے، اُن کا اس گروپ میں شامل ہونا تو ثابت نہیں ہوا تاہم اُن کے پاس سے جہادی پمفلٹ ملے تھے یا وہ مذہبی مقاصد کے لیے تشدد کے استعمال کے حامی تھے۔

[pullquote]شام کے حالات تیزی سے خراب ہوتے ہوئے، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب
[/pullquote]

شام کے موضوع پر تعطّل کے شکار امن مذاکرات کو آگے بڑھانے کی ایک اور کوشش آج بدھ کے روز جرمن دارالحکومت برلن میں کی جا رہی ہے۔ جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر اپنے فرانسیسی ہم منصب ژاں مارک اَیرو، اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب اسٹیفان ڈے مِستورا اور شامی اپوزیشن کے رابطہ کار ریاض حجاب کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اسی دوران شمالی شام کے شہر حلب میں جھڑپوں کی شدت میں اضافے کی وجہ سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج بدھ کو ایک ہنگامی اجلاس منعقد کر رہی ہے۔ فرانس اور برطانیہ کی درخواست پر منعقد ہونے والے اس اجلاس میں کونسل کو حلب کے حوالے سے تازہ ترین صورتِ حال سے آگاہ کیا جائےگا۔ منگل کے روز ہونے والے حملوں میں کم از کم اُنیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اگرچہ فروری کے اواخر سے شام میں فائر بندی نافذ العمل ہے تاہم بائیس اپریل کے بعد سے صرف حلب میں ہی دو سو ستّر سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]کینیڈا میں ایک جنگل میں لگی آگ کے باعث ایک پورے شہر کے انخلاء کے احکامات
[/pullquote]

کینیڈا میں ایک جنگل میں لگی آگ کے باعث صوبے البیرٹا کے شہر فورٹ میک مرے کی پوری آبادی کے انخلاء کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ پہلے ہی بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بننے والی آگ کے شعلے تیزی سے اس شہر کی طرف بڑھ رہے ہیں، اس لیے اس کے اَسّی ہزار سے زیادہ باسیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے کہہ دیا گیا ہے۔ ابھی تک کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ایک اندازے کے مطابق شہر چھوڑ کر نکلنے والے کوئی چوالیس ہزار افراد اس وقت سڑکوں پر ہیں۔ البیرٹا صوبے کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا انخلاء ہے۔ ایمرجنسی حکام کے مطابق ابھی یہ بھی نہیں بتایا جا سکتا کہ آگ کے نتیجے میں کتنے مکانات تباہ ہوئے ہیں۔

[pullquote]طبی مقاصد کے لیے جرمنی میں پھر سے بَھنگ کی کاشت کی اجازت
[/pullquote]

طبی مقاصد کے لیے جرمنی میں پھر سے بَھنگ کی کاشت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں آج بدھ کے روز جرمن کابینہ وزیر صحت ہیرمن گروہے کی جانب سے پیش کردہ ایک قانونی مسودے کی منظوری دینے والی ہے۔ وزیر صحت کے مطابق حکومت چاہتی ہے کہ ایسے شدید بیمار مریضوں کے لیے بَھنگ بطور دوا کے اخراجات ہیلتھ انشورنس برداشت کرے، جن کی کسی اور طرح سے مدد نہ کی جا سکتی ہو۔ بتایا گیا ہے کہ جرمن حکومت نے بَھنگ کی کاشت کی عمومی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

[pullquote]یمنی تنازعے کے فریقین کے درمیان ایک بار پھر براہِ راست امن مذاکرات
[/pullquote]

اقوام متحدہ نے بتایا ہے کہ یمنی تنازعے کے فریقین کے درمیان کویت میں براہِ راست امن مذاکرات کا سلسلہ آج بدھ سے ایک بار پھر بحال ہو رہا ہے۔ گزشتہ اتوار کو حکومتی وفد کی طرف سے بائیکاٹ کے بعد ان مذاکرات میں تین دن کا وقفہ آ گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے ایلچی اسماعیل ولد شیخ احمد نے بتایا کہ فریقین طے شُدہ ایجنڈے کے مطابق آج اپنی بات چیت کو آگے بڑھائیں گے۔ یمن کے خونریز تنازعے میں گزشتہ سال مارچ سے لے کر اب تک چھ ہزار چار سو سے زائد افراد ہلاک اور 2.8 ملین بے گھر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]ٹوبیکو انڈسٹری قوانین کی پابندی کرے، بھارتی سپریم کورٹ
[/pullquote]

بھارتی سپریم کورٹ نے تمباکو کی صنعت پر زور دیا ہے کہ وہ صحت کے انتباہ سے متعلق تمام قوانین کی لازمی طور پر پابندی کرے۔ بھارت میں نئے قوانین کے تحت یہ لازمی قرار دیا گیا تھا کہ سگریٹ کے پیکٹ کے 85 فیصد حصے پر صحت سے متعلق انتباہ درج ہونے چاہییں۔ قبل ازیں اس کے لیے پیکٹ کا 20 فیصد حصہ مختص تھا۔ بھارت میں تمباکو نوشی کی وجہ سے ہر سال 10 لاکھ سے زائد لوگ ہلاک ہو جاتے ہیں۔ صحت سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق تمباکو کے باعث پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج پر بھارت کو 16 بلین امریکی ڈالرز کے برابر رقم خرچ کرنا پڑتی ہے۔

[pullquote]کینیا: پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا
[/pullquote]

کینیا کی پولیس نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے وابستگی رکھنے والے ایک دہشت گرد گروہ کو بے نقاب کیا ہے، جس پر شبہ ہے کہ وہ کینیا پر جراثیمی ہتھیاروں کے ایک حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا اور شام اور عراق میں جا کر داعش میں شامل ہونے کے لیے یونیورسٹی طلبا کی بھرتی میں مصروف تھا۔ ایک عدالت کی طرف سے اجازت ملنے کے بعد انسدادِ دہشت گردی پولیس تحقیقات مکمل کرنے کے لیے محمد عابد علی نامی ایک شخص کو مزید تیس روز کے لیے اپنے پاس رکھ سکے گی۔ اس شخص کو گزشتہ جمعے کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔

[pullquote]فلپائن کے باغیوں کی یرغمالیوں کے سر قلم کرنے کی نئی دھمکی
[/pullquote]

فلپائن کے انتہا پسند مسلمان باغیوں نے، جنہوں نے گزشتہ ہفتے ایک کینیڈین یرغمالی کا سر قلم کر دیا تھا، دھمکی دی ہے کہ اگر تاوان ادا نہ کیا گیا تو وہ باقی یرغمالیوں کو بھی ہلاک کر دیں گے۔ یہ نئی دھمکی آج بدھ کے روز منظرِ عام پر آنے والے ایک ویڈیو پیغام میں دی گئی ہے۔ امریکا کے SITE انٹیلیجنس گروپ کی طرف سے اَپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں کینیڈا کے جان ہِل، ناروے کے کیارٹن سیکنگ سٹاڈ اور فلپائن کے ماریتیس فلور کو مدد کی درخواست کرتے دکھایا گیا ہے۔ کینیڈا کے جان رڈسڈیل کے ہمراہ ان افراد کو اکیس ستمبر کو مبینہ طور پر ابو سیاف گروپ کے ارکان نے اغوا کر لیا تھا۔ ساڑھے چھ ملین ڈالر کے برابر تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ پورا نہ ہونے کے بعد پچیس اپریل کو رڈسڈیل کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

[pullquote]پناہ گزینوں کی منتقلی کے طریقہٴ کار پر ترکی اور یورپی یونین کے مابین اتفاقِ رائے
[/pullquote]

میڈیا رپورٹوں کے مطابق یورپی یونین اور ترکی کے مابین اُن شامی پناہ گزینوں کے انتخاب کے طریقہٴ کار پر اتفاقِ رائے ہو گیا ہے، جنہیں ایک مشترکہ معاہدے کے تحت ترکی سے یورپ منتقل کیا جائے گا۔ جرمن اخبار ’بِلڈ‘ نے ایک خفیہ رپورٹ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پہلے صرف اُنہی شامی باشندوں کو یورپ لایا جائے گا، جنہوں نے اُنتیس نومبر 2015ء سے پہلے ترکی میں پناہ لی ہو گی۔ وہ افراد اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے، جو پہلے یورپی یونین آ چکے ہیں یا ایسا کرنے کی کوشش کر چکے ہیں۔ مزید برآں شامی مہاجرین خود یہ انتخاب نہیں کر سکیں گے کہ انہیں یورپ کے کس ملک میں بھیجا جائے۔

[pullquote]کھیلوں کی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]ون ڈے میں بدترین کارکردگی، پاکستان کی نویں درجے پر تنزلی
[/pullquote]

5729dd2d896fe

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی ٹیسٹ درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم محدود اوورز میں مایوس کن کارکردگی کے سبب ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی رینکنگ میں نویں نمبر پہنچ گئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ نئی سالانہ رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم ایک درجہ تنزلی کے بعد نویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جس کے ساتھ ہی 1992 کی ورلڈ چیمپیئن کے 2019 کے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
آئی سی سی کے قوانین کے تحت 30 ستمبر 2017 تک میزبان انگلینڈ کے علاوہ عالمی درجہ بندی کی دیگر سات صف اول ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی جبکہ بقیہ ٹیمیں ایونٹ میں بچنے والی دو جگہوں کیلئے 2018 میں کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
اس نئی درجہ بندی میں مئی 2014 سے اپریل 2016 کے درمیان کھیلے گئے میچوں کے نتائج کو شامل کیا گیا ہے اور اگلے سال کے دوران انہیں کافی بہتر کھیل پیش کرنا ہو گا کیونکہ موجودہ نتائج کے اثرات 50 فیصد تک زائل ہو چکے ہوں گے۔

[pullquote]’اب کبھی ریسلنگ رنگ کا حصہ نہیں بنوں گا’
[/pullquote]

ریسلنگ کی دنیا کی بات ہو تو انڈرٹیکر کا نام ڈبلیو ڈبلیو ای سے دلچسپی رکھنے والے کسی بھی فرد کے لیے نیا نہیں ہوگا۔
لگ بھگ تین دہائیوں سے ریسلنگ کے میدان میں سرگرم اس لیجنڈ ریسلر کے دنیا بھر میں پرستاروں کی تعداد بلاشبہ کروڑوں میں ہوگی۔
مگر ایسی اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ اب وہ کبھی ریسلنگ کے رنگ میں کسی سے مقابلہ کرتے نظر نہیں آئیں گے اور اب وہ اس شعبے کو خیرباد کہنا چاہتے ہیں۔
برسوں سے انڈر ٹیکر ڈبلیو ڈبلیو ای میں بہت کم میچز میں ہی ایکشن میں نظر آرہے ہیں، جن میں ریسل مینیا کا مقابلہ یقینی ہوتا ہے تاہم گزشتہ سال وہ 4 ایونٹس میں مقابلے کرتے نظر آئے۔
رواں سال ریسل مینیا 32 میں شین میکموہن کو ہیل ان اے سیل میچ میں شکست دینے میں بھی کامیاب رہے جس کی شرط ہی یہ تھی کہ اگر انڈر ٹیکر کو شکست ہوگی تو اس وہ ایونٹ میں آئندہ کبھی ریسلنگ میچ میں حصہ نہیں.

[pullquote]شوبز [/pullquote]

[pullquote]’پاک ۔ ہند کے فنکاروں میں تعاون مزید بڑھے گا‘
[/pullquote]

5729a9377d626

نئی دہلی: پاکستان کے معروف گلوکار و فنکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں پاکستان اور ہندوستان کے فنکاروں کے درمیان مزید کئی مشترکہ پروجیکٹس ہوں گے۔
بولی وڈ انڈسٹری میں 2010 میں فلم ’تیرے بن لادن‘ سے قدم رکھنے والے علی ظفر، ان دنوں سرحد پار شوٹنگ اور اپنی ہدایت میں بننے والی پہلی پاکستانی فلم ’دیوسائی‘ کی ہدایت کاری میں مصروف ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق علی ظفر کا کہنا تھا کہ 2008 میں جب وہ ’تیرے بن لادن‘ کی شوٹنگ کے لیے ہندوستان آئے تو دونوں ممالک کے درمیان فنکاروں کا کوئی خاص تبادلہ نہیں ہوتا تھا اور نہ ہی ہندوستانی فلم میں کسی پاکستانی اداکار کو مرکزی کردار دیئے جانے کا تصور تھا۔
لیکن اب انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے کہ ’تیرے بن لادن‘ کے بعد بدلاؤ آیا اور انہوں نے اس کے بعد 6 فلموں میں کام کیا، جن میں سے آدھی فلمیں مشہور ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی میں ایک اور فلم میں کام کر رہا ہوں اور آگے بھی فلموں میں کام کرتا رہوں گا، جبکہ ساتھ ہی ساتھ میں پاکستانی فلموں میں بھی کام کر رہا ہوں۔
علی ظفر نے کہا کہ ان کے خیال میں مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان فنکاروں کی سطح پر تعاون مزید بڑھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ فنکاروں کی سطح پر عالمی تعاون بڑھ رہا ہے، دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا ہولی وڈ فلموں میں کام کر رہی ہیں، دنیا چھوٹی ہوتی جارہی ہے اس لیے فنکاروں کا تیزی سے تبادلہ شاندار بات ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے