پچھلی جیب میں بٹوہ رکھنے کے نقصانات

لاہور: اگر آپ جینز یا کوئی بھی پینٹ پہنتے ہیں اور اپنے بٹوے کو پچھلی جیب میں رکھتے ہیں، تو ایک مرتبہ پھر سوچ لیں۔ صرف چوری ہی کے حوالے سے نہیں، بلکہ یہ آپ کی صحت کے لیے بڑا خطرناک ہے۔

پرانی رسیدوں، کاغذی پرزوں، ضروری و غیر ضروری دستاویزات اور اگر آپ بڑے خوش قسمت ہیں، تو کچھ پیسوں سے بھرا یہ بٹوہ مردوں کے لیے بڑی کام کی چیز ہوتا ہے اور کوئی 99 فیصد افراد اسے پچھلی جیب میں رکھتے ہیں اور بیٹھنا ہو یا اٹھنا، اس کی جائے قرار وہی جگہ رہتی ہے۔

ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ آپ کی پچھلی جیب میں موجود موٹا سا بٹوہ آپ کی کمر اور کولہے کی ہڈی یہاں تک کہ گردن کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جب آپ اپنے بٹوے پر بیٹھتے ہیں ،تو یہ آپ کی کولہے اور دھڑ کے نچلے حصے کی ہڈیوں میں ایک عدم توازن پیدا کرتا ہے اور جب آپ بیٹھتے ہیں تو آدھا آپ ٹیڑھا بیٹھتے ہیں اور ایک ہڈی دوسری سے کچھ اونچائی پر ہو جاتی ہے، یعنی جتنا موٹا بٹوہ، اتنی زیادہ اونچائی اور یہی ان ہڈیوں میں مسئلے کو جنم دیتی ہے۔

برطانیہ کے ایک معروف ڈاکٹر کرس گڈ کا کہنا ہے کہ نہ صرف اس سے ریڑھ کی ہڈی میں خم پیدا ہوسکتا ہے بلکہ زیادہ عرصے تک بٹوہ پیچھے رکھنے سے جسم اس ٹیڑھے پن کا عادی بھی ہوسکتا ہے۔

اس سے ریڑھ کے ہڈی کے مہروں، پٹھوں اور جوڑوں میں درد ہو سکتا ہے، جو سخت تکلیف کا باعث بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر گڈ نے نہ صرف پچھلی جیب میں بٹوے بلکہ جینز میں بے تحاشا بٹنوں سے بھی پیدا ہونے والے مسائل کی نشاندہی کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اہم نسوں، پٹھوں اور وریدوں پر ان بٹنوں کی وجہ سے بھی دباؤ پڑتا ہے، مگر سوال یہ پیدا ہوسکتا ہے کہ پینٹ میں بٹوہ رکھنے کی درست پوزیشن بنتی ہی اس جگہ ہے جہاں سے منع کیا جا رہا ہے، تو پھر کیا کیا جائے؟

اس کا بہتر اور آسان حل یہ ہے کہ دفاتر یا طویل دورانیے تک کسی جگہ بیٹھنے والے افراد بٹوہ نکال کر دراز یاکسی محفوظ جگہ رکھ دیا کریں، تو اس مشکل سے بہت حد تک نجات مل سکتی ہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے