پہلے دن ہی کہہ دیا تھانہ استعفیٰ ہو گا نہ اسمبلیاں تحلیل ہوں گی: پرویز الہٰی

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے پہلے ہی روز کہہ دیا تھا کہ وزیراعظم کا استعفیٰ ہو گا اور نا ہی اسمبلیاں تحلیل ہو ں گی۔

گزشتہ روز جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما عبدالغفور حیدری نے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ویسے ہی اسلام آباد سے نہیں گئے ہمیں یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں اور ہمیں چوہدری برادران پر اعتماد ہے۔

عبدالغفور حیدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام باتیں وقت سے پہلے نہیں بتا سکتے لیکن وزیراعظم کا استعفیٰ بھی آئے گا اور اسمبلیاں بھی تحلیل ہوں گی۔

جے یو آئی رہنما کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پہلے دن ہی کہہ دیا تھا کہ وزیراعظم کا استعفیٰ ہو گا اور نا ہی اسمبلیاں تحلیل ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ضمانت بھی نہیں دی تھی کہ دھرنا ختم ہونے کے بعد اپوزیشن حکومت کے حق میں بولنا شروع کر دے گی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ مخلوق خدا کو معاف کرنا سیکھیں، یہ نبی کریمﷺ کی سیرت ہے اور اسی میں ہم سب کی بھلائی ہے۔

رہنما ق لیگ نے کہا کہ حکومت اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے متفقہ حکمت عملی پر عمل کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے دوران ق لیگ کے رہنماؤں چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین سے مذاکرات کے متعدد دور کیے تھے اور پھر 14 روز سے اسلام آباد میں جاری دھرنا 13 نومبر کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے