پیر : 28 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی یونین نے بریگزٹ میں اکتیس جنوری کی توسیع کر دی[/pullquote]

یورپی یونین نے بریگزٹ میں اکتیس جنوری تک توسیع پر اتفاق کر لیا ہے۔ قبل ازیں یہ مدت رواں ماہ کی اکتیسں تاریخ کو ختم ہو رہی تھی۔ توسیع کے فیصلے کا اعلان یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کی جانب سے سامنے آیا ہے۔ ٹسک کے مطابق برطانوی حکومت کی طرف سے توسیع کی درخواست کو منظور کر لیا گیا ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے دی جانے والی توسیع میں یہ بھی شامل ہے کہ لندن حکومت اگر پہلے پارلیمانی منظوری حاصل کر لیتی ہے تو وہ یونین سے علیحدگی اختیار کر سکے گی۔

[pullquote]چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس شروع ہو گیا[/pullquote]

چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا انیسواں اجلاس آج پیر سے شروع ہو گیا ہے۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں شروع ہوا جب چینی اقتصادیات کو سست روی کا سامنا ہے اور خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ میں گزشتہ کئی ہفتوں سے احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے عدم استحکام پایا جاتا ہے۔ اجلاس میں صدر شی جن پنگ نے سینٹرل کمیٹی کے اراکین کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا نے مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے تفصیلات بیان نہیں کیں۔ تاہم یہ ضرور بتایا ہے کہ اس اجلاس میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم میں بہتری لانے کو بھی زیر بحث لایا جائے گا۔

[pullquote]فرانس میں ٹرک سے آٹھ افغان مہاجر برآمد[/pullquote]

فرانس میں کالے کی بندرگاہ پر موجود ایک ریفریجریٹڈ ٹرک سے حکام کو آٹھ افراد ملے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ان میں سے چار بچے ہیں اور انہیں جسمانی درجہ حرارت میں کمی کی شکایت کے ساتھ ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس ٹرک میں درجہ حرارات منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ ان مہاجرین کا تعلق افغانستان سے تھا۔ پولیس نے رومانیہ سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔

[pullquote]شام میں اسلامک اسٹیٹ کا ترجمان المہاجر ہلاک[/pullquote]

شام میں امریکی کارروائی کے نتیجے میں اسلامک اسٹیٹ کا ایک اور اہم رہنما مارا گیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی اور سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کی ایک مشترکہ کارروائی میں اسلامک اسٹیٹ کے ترجمان ابوالحسن المہاجر کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ المہاجر کو داعش کے سربراہ البغدادی کا دائیاں بازو قرار دیا جاتا تھا۔ ابھی گزشتہ روز ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

[pullquote]شام میں ترک کارروائیاں، میرکل کی ایردوآن سے بات چیت[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے شمالی شام میں جاری ترک افواج کی کارروائیوں پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ٹیلیفون پر بات کی ہے۔ برلن حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے اس موضوع پر قریبی رابطے بحال رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس بات چیت کی مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ شمالی شام میں کُرد جنگجو تنظیم وائی پی جی کے خلاف ترک فوج کی کارروائیوں پر جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ جرمنی ترکی سے یہ آپریشن فوری طور پر روکنے کا مطالبہ بھی کر چکا ہے۔

[pullquote]کیلیفورنیا کی جنگلاتی آگ بے قابو [/pullquote]

امریکی ریاست کیلیفورنیا کی جنگلاتی آگ خشک موسم اور تیز جھکڑوں کی وجہ سے پھیلتی جا رہی ہے۔ صرف کنکاڈے کے علاقے میں تین ہزار فائر فائٹرز آگ کو قابو کرنے کی جد و جہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کنکاڈے کا اسی فیصد رقبہ آگ نے تباہ کر دیا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے آگ پھیلنے کے خطرے کے تحت ہیلڈز برگ اور ونڈسر کے ایک لاکھ اسی ہزار افراد کو فوری طور پر گھر بار چھوڑ دینے کی ہدایت کی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ آگ نے پچاس ہزار ایکڑ رقبے کو جلا کر خاکستر کر دیا ہے۔ آگ پھیلنے کی وجہ سے گیس اور بجلی کی فراہمی کو روک دیا گیا ہے۔ اس باعث تقریباً ساڑھے نو لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

[pullquote]مشرق وسطیٰ میں غیر مستحکم سیاسی حالات ترقی کی راہ میں حائل ہیں، آئی ایم ایف[/pullquote]

بین الاقوامی مالیاتی ادارے (IMF) نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں اقتصادی و سماجی ترقی میں غیر مستحکم سیاسی حالات حائل ہیں۔ اس کے علاوہ ترقی کی رفتار میں پائی جانے والی سست روی خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا نتیجہ بھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس خطے کے ممالک کی رواں برس ہونے والی پیدوار میں عدم تسلسل کی وجہ سے شرح نمو 0.5 فیصد رہنے کے امکانات ہیں۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ سن 2020 میں ترقی کی شرح 2.7 فیصد رہنے کا امکان ہے لیکن ماضی کی طرح اس میں کمی بیشی ہو سکتی ہے۔

[pullquote]ارجنٹائن: بائیں بازو کے امیدوار نے صدارتی الیکشن جیت لیا[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن کے صدارتی الیکشن بائیں بازو کے امیدوار البیرٹو فرنانڈس نے جیت لیا ہے۔ اتوار ستائیس اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں عوام نے موجودہ صدر ماریسیو ماکری کی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے اُن کے خلاف فیصلہ دیا۔ فرنانڈس کو اڑتالیس فیصد سے زائد ووٹ ملے جب کہ ماکری نے چالیس فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے۔ موجودہ صدر نے الیکشن میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔ نئے صدر رواں برس دس دسمبر کو منصبِ صدارت سنبھالیں گے۔ فرنانڈس کی نائب صدر سابقہ خاتون اول کرسٹینا فرنانڈس ڈی کیرشنر منتخب ہوئی ہیں۔ وہ دو مرتبہ صدر بھی رہ چکی ہیں۔ ارجنٹائنی تجزیہ کاروں کے مطابق کمزور معاشی حالات کی وجہ سے عوام نے بائیں بازو کے امیدوار کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

[pullquote]جرمن ریاست تھیورنگیا کے ریاستی انتخابات، ڈی لنکے سر فہرست[/pullquote]

جرمن ریاست تھیورنگیا کے ریاستی انتخابات میں بائیں بازو کی ڈی لنکے پارٹی سر فہرست رہی ہے۔ اس جماعت کو ریکارڈ 31 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ دوسرے نمبر پر 23.4 فیصد ووٹوں کے ساتھ عوامیت پسند اور مہاجرین مخالف جماعت اے ایف ڈی آئی ہے۔ چانسلر میرکل کی جماعت سی ڈی یو کو ملنے والے ووٹوں میں شدید کمی ہوئی ہے اور اسے 21.8 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ سوشل ڈیموکریٹس8.4 فیصد ووٹوں کے ساتھ اب تک کی اپنی نچلی ترین سطح پر آ گئے ہیں۔ ان نتائج کے بعد تھیورنگیا میں حکومتی سازی ایک پیچیدہ مسئلہ ثابت ہو گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے