کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آج بھی تعلیمی ادارے بند

آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے آج احتجاج اور ہڑتال کی کال کے پیش نظر کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

کراچی میں تمام نجی اسکولز آج بھی بند رہیں گے جس کا اعلان چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا۔

سندھ حکومت نے بھی آج کراچی میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہے کہ صرف کراچی میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور اندرون سندھ تدریسی عمل معمول کے مطابق بحال رہے گا۔

اس کے علاوہ کراچی کی شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء آج بند ہے جب کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں آج ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے لیے تحریری ٹیسٹ بھی ملتوی کردیے گئے اور آئی بی اے کے تحت جاب پورٹل کی آج ہونے والی تقریب ملتوی کردی گئی۔

رجسٹرار اقراء یونیورسٹی نے کہا ہے کہ اقراء یونیورسٹی میں آج ہونے والے امتحانات ملتوی کردیےگئے تاہم یونیورسٹی آج معمول کے مطابق کھلی رہے گی۔

کراچی کی وفاقی جامعہ اردو نے بھی آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے، ناظم امتحانات کے مطابق ہفتے کو تمام پرچے معمول کے مطابق ہوں گے۔

قائداعظم یونیورسٹی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سمیت پنجاب کی تمام یونیورسٹیاں اور کالجز بند
قائداعظم یونورسٹی اسلام آباد نے بھی آج چھٹی کا اعلان کردیا ہے جبکہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں آج تدریسی عمل معطل رہےگا۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے فاٹا، بلوچستان انڈر گریجویٹ اسکالرشپ امتحان ملتوی کردیا جو تین نومبر کو ہونا تھا، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق پنجاب کے تمام ثانوی تعلیمی بورڈز کے انٹر کے 2 اور 3 نومبر کے سپلیمنٹری پیپرز ملتوی کردیے گئے، ملتوی کیےگئے پیپرز کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

محکمہ ہائر ایجوکیش کے مطابق پنجاب کی تمام یونیورسٹیاں اور کالجز آج بند رہیں گے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جامعہ آج معمول کےمطابق کھلی رہے گی۔ ترجمان کے مطابق یو ایچ ایس کے تحت پریکٹیکل، تحریری امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، ایم بی بی ایس فورتھ ایئر کمیونٹی میڈیسن کا پرچہ آج صبح 10 بجے ہوگا۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے بھی پنجاب بھر کے اسکولوں میں آج چھٹی کا اعلان کیا ہے،گزشتہ روز صرف لاہور میں اسکولز کی چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب محکمہ اسکول ایجوکیشن نے پورے صوبے میں چھٹی کااعلان کیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل بحال
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری اسکول آج معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے بتایا کہ سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل معمول کے مطابق جاری رہےگا۔

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نے بھی آج اسکولز بند رکھنےکا اعلان کیا ہے۔

سوات یونیورسٹی میں بھی آج ہونے والے پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں ، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

کوئٹہ شہر میں تمام سرکاری و نجی اسکول اور کالجز بند ہیں، احتجاج کے پیش نظر شہر کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

ساتھ ہی آزاد کشمیر بھر میں سرکاری اسکولز میں جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق جامعہ کشمیر، نجی اسکولز اور کالجز بھی آج بند ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے