کراچی کے مسائل:صوبائی حکومت کا کام ہے: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی ممبران سندھ اسمبلی نے ملاقات کی جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزراء اعظم سواتی، خسرو بختیار، علی زیدی، فیصل واوڈا، معاون خصوصی ندیم بابر اور ممبر قومی اسمبلی اسد عمربھی موجود تھے۔

ممبران صوبائی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور مسائل سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے کراچی میں جاری اور زیر غور وفاقی منصوبوں پر بریفنگ دی جب کہ گورنر سندھ نے یقین دلایا کہ کے فور منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور وفاق کو کراچی میں پانی، ٹرانسپورٹ، ویسٹ منیجمنٹ اور دیگر مسائل کا مکمل ادارک ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں کراچی کے عوام اور کراچی کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا، سندھ کے معاشی حالات کرپشن کی وجہ سے ابتر ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے لیکن عوامی فلاح کے لیے وفاق اپنے وسائل کے مطابق کراچی کے مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ہماری حکومت کو تاریخ کا سب سے بڑا معاشی خسارہ ورثے میں ملا لیکن اب ملک کی معاشی صورتحال بہت حد تک بہتر ہو چکی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو کراچی کے ممبران اسمبلی سے رابطے مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایک وفد نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے