کنٹینر سے ملنے والی 39 لاشیں چینی شہریوں کی ہیں، برطانوی پولیس

برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ ایسکس میں ٹرک کنٹینر سے ملنے والی 39 لاشیں چینی باشندوں کی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ روز ایسٹرن ایوینیو کے واٹر گلیڈ پارک کے پاس کنٹینر سے ملنے والی لاشوں میں سے 8 خواتین اور 31 مرد ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان سب کا تعلق چین سے ہے۔

برطانیہ میں چینی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں اور برطانوی حکام سے رابطے میں ہیں۔

چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے ترجمان اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے اس خبر کی تصدیق کی ہے تاہم اس حوالے سے فی الوقت مزید کچھ نہیں کہا گیا۔

عرب میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ لاشیں چین کے مسلم اکثریتی علاقے سنکیانگ سے تعلق رکھنے والے یغور افراد کی ہیں جو کہ حکومت کے سخت اقدامات کے باعث سیاسی پناہ کیلئے مختلف راستوں سے یورپ میں داخل ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز برطانیہ کی کاؤنٹی اسیکس میں کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، برطانوی حکام کے مطابق ٹرک پر موجود کنٹینر بیلجیئم سے برطانیہ لایا گیا تھا۔

پولیس نے شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ ٹرک ڈرائیور کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس واقعے میں پولیس کو آئرش اسمگلنگ گروہ کے ملوث ہونےکا شبہ ہے۔

قتل کے شبے میں گرفتارکنٹینر کے ڈرائیور سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے جب کہ شمالی آئرلینڈ میں پولیس نے اس سلسلے میں دو گھروں پر چھاپہ بھی مارا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے