ہفتہ : 02 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میرکل کا دورہ بھارت مکمل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اپنا دورہ بھارت مکمل کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انڈو جرمن چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے میرکل نے کہا کہ جرمن سرمایہ کاروں کے لیے بھارت میں بہت سے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات موجود ہیں جن میں ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک کو وسعت دینا، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ پراجیکٹس وغیرہ شامل ہیں۔ جرمن چانسلر نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی زیر انتظام کشمیر کی موجودہ صورتحال میں بہتری لانا ضروری ہے اور یہ کہ جرمنی کی خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت اس تنازعے کو پر امن طریقے سے حل کریں۔

[pullquote]افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے نو بچے ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے شمالی صوبہ تخار میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے کے نتیجے میں نو بچے مارے گئے۔ صوبائی پولیس کے سربراہ کے مطابق یہ بم دھماکا ایک اسکول کے قریب ہوا اور ہلاک ہونے والوں کی عمریں 10 سے 15 برس کے درمیان تھیں۔ پولیس سربراہ کے مطابق اس بم کا ممکنہ ہدف افغان سکیورٹی فورسز تھیں جو اکثر اس سڑک کو استعمال کرتی ہیں۔ اس بم دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی۔ تاہم پولیس سربراہ نے اس کی ذمہ داری طالبان پر عائد کی ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ: مظاہرین کی چینی نیوز ایجنسی کے دفتر میں توڑ پھوڑ[/pullquote]

ہانگ کانگ میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران مظاہرین نے چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے مقامی دفتر میں تھوڑ پھوڑ کی ہے۔ گزشتہ پانچ ماہ سے جاری مظاہروں کے سلسلے کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ اس نیوز ایجنسی کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔ مظاہرین نے عمارت کے دروازے توڑ دیے، دیواروں پر سرخ پینٹ سے نعرے لکھے اور عمارت کے داخلی گزرگاہوں میں آگ بھی لگا دی۔ اسی دوران پولیس نے شہر کے کئی حصوں میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پانی کی تیز دھار اور آنسو گیس کا استعمال کیا ہے۔

[pullquote]مالی میں ایک ’دہشت گردانہ‘حملے میں 50 سے زائد فوجی ہلاک[/pullquote]

مغربی افریقی ملک مالی میں ایک فوجی اڈے پر حملے کے نتیجے میں کم از کم 53 فوجی مارے گئے ہیں۔ مالی کے وزیر اطلاعات یحیٰ سنگارے نے اسے ایک دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔ یہ حملہ نائجر کے قریب سرحدی علاقے میں موجود ایک فوجی اڈے پر کیا گیا۔ ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ سن 2012 میں علیحدگی پسندوں کی طرف سے مالی کی فوج پر متعدد حملے کیے گئے تھے جس کے بعد القاعدہ کے شدت پسند بھی مالی کی فوج کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

[pullquote]جرمن وزیر خارجہ کی یورپی ممالک سے متحد ہو جانے کی اپیل[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے یورپی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں اور مہاجرت جیسے عالمی چیلنجز کے مقابلے کے لیے متحد ہو جائیں۔ ایک جرمن اخبار میں شائع ہونے والے تجزیے میں ہائیکو ماس نے 30 برس قبل دیوار برلن کے انہدام اور جرمنی کے اتحاد کو ایک ایسا واقعہ قرار دیا جس میں عوام اور جمہوریت پسندوں نے اپنا اہم کردار ادا کیا تھا۔ جرمن وزیر خارجہ کے مطابق نو نومبر 1989ء کو پیش آنے والے واقعات اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ یورپی اتحاد کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور جرمنی اس کام کو آگے بڑھائے گا۔

[pullquote]ترکی اور روس نے شام کے شمالی حصے میں مشترکہ نگرانی شروع کر دی[/pullquote]

ترکی نے روس کے ساتھ مل کے شام کے شمالی حصے میں مشترکہ نگرانی اور گشت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کُرد فورسز معاہدے کے مطابق ترک سرحد سے 30 کلومیٹر تک ’سیف زون‘ سے نکل گئی ہیں۔ ترکی اور روس کے درمیان یہ معاہدہ سوچی میں طے پایا تھا جس کے بعد ترکی کے قریب شامی سرحدی علاقے سے کُرد فورسز کو نکلنے کے لیے دیے گئے وقت میں توسیع کی گئی تھی۔ روس کا کہنا ہے کہ کرد فورسز کے انخلاء کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

[pullquote]کشمیر کی موجودہ صورتحال ’اسی طرح نہیں چل سکتی‘، انگیلا میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھارتی زیر انتظام کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں لوگوں کے لیے موجودہ حالات ناپائیدار اور نا مناسب ہیں۔ پانچویں جرمن بھارتی حکومتی مشاورتی سمٹ کے بعد نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چانسلر میرکل نے کہا کہ ہم عدم استحکام اور تناؤ میں کمی کے لیے کوشش کر رہے ہیں، اور جرمنی کی خواہش ہےکہ بھارت اور پاکستان باہمی کشیدگی دور کرنے کے لیے مل کر ایک پرامن حل تلاش کرنے میں کامیاب ہوں۔ نئی دہلی میں میرکل نے صحافیوں کو اس حوالے سے مزید بتایا کہ کشمیر کی صورتحال پر وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا تفصیلی موقف بھی سننا چاہتی ہیں۔

[pullquote]’ایلان کُردی‘ پر موجود تارکین وطن کو یورپی ممالک قبول کرنے کو تیار[/pullquote]

تارکین وطن کی جانیں بچانے والے جرمن امدادی بحری جہاز ’ایلان کُردی‘ کے کئی دنوں تک سمندر میں پھنسے رہنے کے بعد اس پر موجود 88 تارکین وطن کو مختلف یورپی ممالک میں تقسیم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اطالوی وزارت داخلہ کے مطابق ان میں سے 60 تارکین وطن کو جرمنی اور فرانس اپنے ہاں جگہ دیں گے جبکہ پرتگال نے پانچ اور آئرلینڈ نے دو تارکین وطن کو قبول کرنے کی حامی بھری ہے۔ ایلان کردی اب لنگر انداز ہونے کے لیے اطالوی بندرگاہ تارانتو کی طرف بڑھ رہا ہے۔

[pullquote]امریکا: ہیلووین پارٹی میں فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک ہیلووین پارٹی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق سان فرانسسکو کے مضافاتی علاقے میں واقع ایک گھر میں ہیلووین کے سلسلے میں ہونے والی ایک پارٹی میں 100 کے قریب افراد جمع تھے جب وہاں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ ابھی تک کسی مشتبہ شخص کی شناخت یا گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ تاہم مقامی پولیس سربراہ کے مطابق اس واقعے کے بعد عوام کو کسی طرح کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ فائرنگ کی جگہ سے دو بندوقیں بھی ملی ہیں۔

[pullquote]بنڈس لیگا: ہوفن ہائم کی مسلسل چوتھی کامیابی[/pullquote]

جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں ہوفن ہائم نے مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی ہے۔ بنڈس لیگا کے دسویں گیم ڈے کے آغاز پر ہوفن ہائم نے ایس سی پاڈربورن کو تین گول سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ اس طرح ہوفن ہائم پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر پہنچ گیا ہے جبکہ پاڈر بورن سب سے آخری پوزیشن پر موجود ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے