ہفتہ : 18 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی یونین چھوڑنے پر برطانوی حکومت کا مختلف تقریبات کا اعلان[/pullquote]

رواں برس اکتیس جنوری کو برطانیہ کے یورپی یونین سے مکمل اخراج کے بعد لندن میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ ان میں وزیر اعظم بورس جانسن کا کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد خطاب بھی شامل ہے۔ اس دن برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ایک خصوصی گھڑیال بھی نصب کیا جائے گا جو یورپی یونین سے انخلا کے گھٹتے وقت کو ظاہر کرے گا۔ ایک خصوصی لائٹ شو کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ لندن حکومت ایک یادگاری سکے کا اجرا بھی کرے گی۔ پارلیمنٹ اسکوائر میں برطانوی جھنڈے بھی لہرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]لیبیا کے لیے ترک اقدامات کی یورپ حمایت کرے، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے یورپی اقوام سے کہا ہے کہ وہ جنگ زدہ ملک لیبیا میں امن قائم کرنے کے انقرہ حکومت کے فوجی اقدامات کی حمایت کریں۔ ترکی نے حال ہی میں لیبیا میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کو فوجی امداد و حمایت کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ترک صدر کا یہ بیان میں جرمن دارالحکومت برلن اتوار سے شروع ہونے والی اُس کانفرنس سے قبل آیا ہے، جو لیبیا میں امن کے قیام کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس میٹنگ میں جرمنی اور اقوام متحدہ اس شمالی افریقی ملک کے متحارب گروپوں پر زور دیں گے کہ وہ جنگی کارروائیوں کو ترک کر کے امن قائم کریں تا کہ تعمیر نو کے سلسلے کا آغاز ہو سکے۔

[pullquote]صومالیہ، ترک کنٹریکٹرز پر کار بم حملہ، دو ہلاک بیس افراد زخمی[/pullquote]

شورش زدہ افریقی ملک صومالیہ کی پولیس نے بتایا ہے کہ جمعہ سترہ جنوری کو ہونے والے ایک کار بم حملے میں چار ہلاک اور بیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں چھ ترک شہری بھی شامل ہیں۔ اس حملے کی ذمہ داری الشباب عسکریت پسند گروپ نے قبول کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق اس خودکش حملے کا نشانہ پولیس اہلکاروں اور ترک کنٹریکٹرزکا ایک گروپ تھا۔ دارالحکومت موغادیشو کے شمال مغرب میں واقع افگوئے نامی قصبے میں یہ افراد ایک عمارت میں دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے جب حملہ کیا گیا۔ کار بم حملے کے ساتھ فائرنگ کرنے والوں کو شدید جوابی کارروائی کی کے ذریعے پسپا کر دیا گیا۔ افگوئے کا قصبہ موغادیشو سے تیس کلومیٹر کی دوری پر ہے۔

[pullquote]نیپال: برفانی توے کے گرنے سے چار کوہ پیما لاپتہ[/pullquote]

نیپالی محکمہٴ سیاحت کے مطابق ایک بلند پہاڑی کو سر کرنے کی مہم کے دوران برفانی تودے کے گرنے سے چار جنوبی کوریائی کوہ پیما اور اُن کے ساتھ گئے ہوئے تین مقامی گائیڈز لاپتا ہو گئے ہیں۔ لاپتا کوہ پیماؤں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ اس واقعے میں تاہم دیگر پانچ کوہ پیماؤں کے محفوظ رہنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ کوہ پیماؤں پر گرنے والے تودے سے ایک چینی کوہ پیما زخمی بھی ہوا۔ اُسے دیگر ساتھیوں نے گرنے والی برف میں سے باہر نکالا۔ جنوبی کوریائی وزارت خارجہ کے مطابق چاروں کوہ پیما دس ہزار چھ سو فٹ (3230 میٹر) کی بلندی پر تھے جب اؑن پر برفانی تودہ گرا اور ان کی تلاش کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ کھٹمنڈو سے سیاحتی محکمے کے مطابق یہ برفانی تودہ کوہ اناپورنا کے ایک مشہور ٹریک پر گرا ہے۔

[pullquote]دنیا کا پست ترین قد کا حامل نیپالی شخص انتقال کر گیا[/pullquote]

پست ترین قد کے حامل کھاجیندرا تھاپا ماگر 27 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کا انتقال نیپال کے شہر پوکھارا کے ایک ہسپتال میں جمعہ 17 جنوری کو ہوا۔ محض 67.08 سینٹی میٹر (یہ دو فُٹ 2.4 انچ) قد کے حامل تھاپا ماگر گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق دنیا کے پست ترین قد کے حامل ایسے شخص تھے جو چل پھر سکتے تھے۔ فلپائن سے تعلق رکھنے والے جُنری بالاوِنگ بدستور دنیا کے پستہ ترین قد کے حامل ایسے شخص ہیں جو چل پھر نہیں سکتے۔ ان کا قد محض 59.93 سینٹی میٹر ہے۔

[pullquote]چینی صوبے میں نئے وائرس کے مریضوں کی مزید تشخیص[/pullquote]

چینی محکمہٴ صحت نے تصدیق کی ہے کہ وسطی صوبے وُوہان میں نمونیے کا باعث بننے والے نئے وائرس کے مزید مریضوں کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ اب تک اس وائرس میں مبتلا ہونے والے دو چینی مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ وُوہان کے حکام نے بتایا ہے کہ نئے مریضوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔ اس وبا کے پھیلنے سے اس وقت ہسپتال میں پچاس افراد نمونیے میں مبتلا ہیں۔ اسی وائرس کی نشاندہی تھائی لینڈ میں دو اور جاپان میں ایک مریض میں بھی کی جا چکی ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ یہ نیا وائرس وبائی صورت میں کئی اور علاقوں میں پھیل سکتا ہے۔ یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اگلے ہفتے لاکھوں چینی شہری نئے سال کی تعطیلات منانے کے لیے آبائی علاقوں اور بیرون ملک سفر اختیار کریں گے۔

[pullquote]جرمنی میں زرعی میلے کے موقع پر ماحول دوست مظاہرہ کریں گے[/pullquote]

ہزاروں افراد ماحول دوست پالیسیوں کے حق میں آج ہفتہ اٹھارہ جنوری کو جرمن دارالحکومت برلن میں مظاہرہ کریں گے۔ اس مظاہرے میں یہ افراد حکومت سے مزید ماحول دوست پالیسیوں اور فطرت کو محفوظ کرنے کے اقدامات کے مطالبے کریں گے۔ منتظمین کے مطابق پندرہ ہزار سے زائد افراد اِس مظاہرے میں شریک ہوں گے جو زرعی اور خوراک کے ایک بین الاقوامی فیسٹیول کے موقع پر کیا جا رہا ہے۔ یہ مظاہرہ ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب انٹرنیشنل گرین ویک بھی جاری ہے۔ یہ امر اہم ہے دوسری جانب جرمن کسان بھی سخت حکومتی پالیسیوں کے تناظر میں کئی شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کسانوں نے جمعہ سترہ جنوری کو برلن سمیت کئی شہروں میں سینکڑوں ٹریکٹروں سے کئی شاہراؤں کو بند کر کے احتجاج کیا۔

[pullquote]ایران امریکا کے ساتھ کشیدگی میں کمی چاہتا ہے، پاکستان[/pullquote]

ایران کشیدگی میں کمی چاہتا ہے، پاکستانی وزیرخارجہپاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق ایران امریکا کے ساتھ کشیدگی میں کمی چاہتا ہے۔پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ کشیدگی میں کمی کا خواہش مند ہے۔ جمعے کے روز واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کے بعد قریشی نے کہا کہ تہران حکومت امریکا کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتی۔ پومپیو سے ملاقات کے پانچ روز قبل شاہ محمود قریشی نے تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی سے بھی ملاقات کی تھی۔ پومپیو کے ساتھ اس ملاقات میں پاکستانی وزیرخارجہ نے افغانستان میں امن عمل سے متعلق بھی بات چیت کی۔

[pullquote]چینی صدر میانمار کے دو روزہ دورے پر[/pullquote]

چین کے صدر شی جن پنگ نے ہمسایہ ملک میانمار کا دو روزہ سرکاری دورہ جمعہ سترہ جنوری سے شروع کر رکھا ہے۔ میانمار کے دارالحکومت میں چینی صدر کے دورے کے دوسرے دن دونوں ملکوں کے درمیان بنیادی ڈھانچے کو بہتر کرنے اور تجارت کے کئی سمجھوتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ ان معاہدوں کی تعداد تیس سے زائد بتائی گئی ہے۔ معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی تقریب میں چینی صدر اور میانمار کی نوبل انعام یافتہ خاتون رہنما آنگ سان سوچی بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر شی جن پنگ نے واضح کیا کہ بیجنگ حکومت میانمار کے ساتھ کھڑی ہے۔ چینی صدر نے میانمار کی مالی امداد کو دوگنا کرنے کا بھی اعلان کیا۔

[pullquote]فلپائن: آتش فشاں سے راکھ اگلنے کا سلسلہ جاری[/pullquote]

فلپائنی دارالحکومت منیلا کے نواح میں واقع ٹال نامی آتش فشاں نے ہفتہ اٹھارہ جنوری کو پھر سے راکھ اگلنا شروع کر دی ہے۔ اس آتش فشاں سے دھوئیں اور راکھ کے اخراج کی وجہ سے قریبی علاقوں سے اب تک ایک لاکھ باسٹھ ہزار افراد بے گھر ہو کر عارضی پناہ گاہوں میں منتقل ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق سات روز سے راکھ اور بھاپ نکلنے کا عمل اب کسی حد تک کمزور دکھائی دیتا ہے۔ حکام نے انتباہ بھی جاری کیا ہے کہ منیلا سے پینسٹھ کلومیٹر دور واقع اس آتش فشاں سے مزید راکھ یا لاوا اگلے دنوں میں نکلنے کا قوی امکان ہے۔ آتش فشاں کے ارد گرد کے چودہ کلومیٹر میں رہنے والوں کو مزید احتیاط کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

[pullquote]جزائر فجی کو زورد دار سمندری طوفان کا سامنا، ہزاروں بے گھر[/pullquote]

بحر الکاہل میں سے اٹھنے والا ایک سمندری طوفان ٹینو جزائر فجی سے ٹکرا کر آگے بڑھ گیا ہے۔ اس طوفان نے ہزاروں افراد کو بے گھر کر دیا ہے۔ ایمرجنسی میں کم از کم تین ہزار افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا۔ حکام نے دو افراد کے لاپتہ ہونے کا بتایا ہے۔ اس وقت یہ طوفان فجی سے نکل کر جزیرہ ریاست ٹونگا کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ٹینو سمندری طوفان کے ساتھ ایک سو اسی کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کا طوفانِ باد و باراں بھی تھا۔ فجی کو دو برس قبل آنے والے سمندری طوفان جینا سے بھی شدید نقصان پہنچا تھا اور ابھی تک بحالی کا عمل مکمل نہیں ہو سکا ہے۔

[pullquote]امریکا میں فائرنگ کے واقعے میں چار افراد ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست یُوٹاہ میں ایک گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق گولیاں چلانے والے مبینہ شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ ریاستی دارالحکومت سالٹ لیک سٹی کے نواحی علاقے گرانٹس وِل میں جمعے کی شام پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے چاروں افراد آپس میں رشتہ دار ہیں ، جب کہ واقعے میں زخمی ہونے والے ایک شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے