ہفتہ : 24 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]لوئر اورکزئی میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی[/pullquote]

دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے گزشتہ روز پاکستان کے شمالی مغربی علاقے میں ایک مارکیٹ میں ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ اس دہشت گرد تنظیم کی زیرنگرانی چلنے والی نیوز ایجنسی العماق کے مطابق یہ خودکش دھماکا اس کے ایک جہادی نے کیا تھا۔ گزشتہ روز لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے کالایا میں اس بم دھماکے کے نتیجے میں تیس سے زائد افراد ہلاک جب کہ کم از کم چالیس زخمی ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے افراد میں تین ہندو تاجر بھی شامل تھے۔

[pullquote]بھارت میں بس نہر میں جا گری، 25 افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک بس نہر میں جا گری۔ اس واقعے میں 25 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بس کا یہ حادثہ بنگلور اور میسور شہروں کے درمیان پیش آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ بس ایک پل سے گر کر نہر کی تہہ سے ٹکرائی، جس کے بعد زخمی مسافر بس میں پھنس کر رہ گئے۔ فی الحال اس حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔

[pullquote]ادلب میں حکومتی گولہ باری سے تین بچے اور دو خواتین ہلاک[/pullquote]

شامی صوبہ ادلب میں حکومتی دستوں کے طرف سے گولہ باری کے نتیجے میں آج ہفتے کے روز تین بچے اور دو خواتین ہلاک ہوئے۔ شام میں انسانی حقوق کی صورتحال پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق یہ گولہ باری ادلب کے ایک گاؤں جرجناز میں کی گئی۔ آبزرویٹری نے مزید بتایا ہے کہ اس محصور علاقے پر اب بھی شامی باغی قابض ہیں۔

[pullquote]اسرائیل ’سرطان کا پھوڑا‘ ہے، ایران[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مغربی ممالک نے مشرق وسطیٰ میں اپنے مفادات کے حصول کے لیے اسرائیل جیسا ’سرطان کا پھوڑا‘ قائم کیا۔ ایرانی رہنما اسرائیل سے متعلق سخت بیانات دیتے رہتے ہیں، تاہم اعتدال پسند حسن روحانی کی طرف سے اس طرز کے سخت بیانات کم دیکھنے میں آتے ہیں۔ اسلامی یکجہتی کانگریس کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں روحانی نے کہا کہ اسرائیل ایک ’جعلی حکومت‘ ہے، جسے یورپی ممالک نے تخلیق کیا۔

[pullquote]پیرس میں اضافی ٹیکسوں کے خلاف مظاہرے، پولیس کی جانب سے طاقت کا استعمال[/pullquote]

پیرس کے مرکز میں پیلی جیکٹیں پہنے قریب تین ہزار افراد نے ملک میں ٹیکسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا۔ بتایا گیا ہے کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے تیز دھار پانی کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔ پولیس کے مطابق ان مظاہرین نے پولیس کی دی گئی حدود کو توڑنے کی کوشش کی، جس کے بعد کارروائی کی گئی۔ ان مظاہرین نے گزشتہ کئی روز سے دارالحکومت کی مختلف سڑکیں بند کر رکھی ہیں۔

[pullquote]سلامتی کونسل نے شمالی اور جنوبی کوریا میں ٹرین رابطہ بحال کرنے کی اجازت دے دی[/pullquote]

جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے ساتھ ٹرین رابطہ بحال کرنے کے لیے اپنی عائد پابندیوں میں چھوٹ دی ہے۔ اس طرح جنوبی کوریا شمالی کوریا تک ایندھن اور متعدد طرح کی مصنوعات پہنچا سکے گا اور اپنی گاڑیاں بھی وہاں ٹیسٹ کر سکے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس پروجیکٹ کے حوالے سے ایک تقریب رواں برس کے اختتام پر منعقد کی جائے گی۔ تاہم شمالی کوریا پر عائد امریکی پابندیوں کی وجہ سے اس سلسلے میں زیادہ پیش رفت پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]گولن سمیت 27 افراد کے خلاف روسی مندوب کے قتل کا مقدمہ[/pullquote]

ترک استغاثہ نے روسی مندوب کے قتل کے الزام میں 28 افراد کے خلاف مقدمہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان افراد میں جلاوطن ترک مبلغ فتح اللہ گولن کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ ان افراد پر دستوری حکم نامے کی خلاف وزری کرنے اور دہشت گردی کے مقصد کے لیے قتل کی منصوبہ بندی کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ رواں برس اپریل میں ترکی نے گولن کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔ دسمبر 2016ء میں روسی مندوب کو انقرہ میں ایک نمائش کے موقع پر قتل کر دیا گیا تھا۔ امریکا میں مقیم گولن ان الزامات کو رد کرتے ہیں۔

[pullquote]جبرالٹر پر تحریری معاہدہ نہ ہوا، تو بریگزٹ ڈیل ویٹو کر دیں گے، اسپین[/pullquote]

ہسپانوی حکومت کا اصرار ہے کہ وہ یہ اجازت نہیں دے گی کہ بریگزٹ معاہدے سے متنازعہ جبرالٹر کا خطہ متاثر ہو۔ ہسپانوی حکومت نے بریگزٹ معاہدے کو ویٹو کرنے کی دھمکی دی ہے۔ میڈرڈ کا مطالبہ ہے کہ لندن حکومت یہ ضمانت دے کہ بریگزٹ کے بعد جبرالٹر کے مستقبل کے بارے میں دونوں ممالک براہ راست بات چیت کر سکیں گے۔ ہسپانوی وزیراعظم پیدرو سانچیز نے کہا کہ اس سلسلے میں لندن حکومت کی جانب سے ملنے والی ضمانتیں ناکافی ہیں۔ اتوار کے روز بریگزٹ کے حوالے سے یورپی اجلاس میں یورپی یونین کی دیگر ریاستیں اسپین کی حمایت کے بغیر اس ڈیل کی منظوری دیتی نظر نہیں آتیں۔

[pullquote]موحولیاتی تبدیلیاں امریکی معیشت پر تباہ کن اثرات ڈالیں گی[/pullquote]

امریکی حکومت کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکا ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں نمایاں کمی نہیں کرتا، تو رواں صدی کے اختتام تک امریکی معیشت کو کھربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا ہو گا۔ فورتھ نیشنل کلائمیٹ اسیسمنٹ نامی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر اتفاقِ رائے اور خطے میں بڑے اقدامات نہ کئے گئے، تو ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے امریکی بنیادی ڈھانچے اور معیشت میں نمو کو زبردست نقصان ہو گا۔ امریکی کانگریس کی ایما پر 13 حکومتی اداروں نے مل کر یہ رپورٹ مرتب کی ہے۔

[pullquote]قونصل خانے پر حملے کے تناظر میں پاکستانی وزیرخارجہ کی چینی ہم منصب سے بات چیت[/pullquote]

پاکستان کے جنوبی شہر کراچی میں چینی قونصل خانے پر بلوچ علیحدگی پسندوں کے مسلح حملے کے بعد پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر یقین دلایا کے اس واقعے کی مکمل تفتیش کی جائے گی اور اس حملے میں معاونت فراہم کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ایک حکومتی عہدیدار کے مطابق یی نے اس بات چیت میں کہا کہ یہ حملہ پاکستان اور چین کے تعلقات اور سی پیک پر اثرانداز ہونے کی کوشش تھی۔ گزشتہ روز ہوئے اس حملے میں تینوں مسلح افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ دو پولیس اہلکار اور دو عام شہری بھی مارے گئے تھے۔

[pullquote]افغانستان میں ایک امریکی فوجی ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں ایک کارروائی کے دوران ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔ اس امریکی فوجی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ یہ افغانستان میں کس مقام پر ہلاک ہوا۔ رواں ماہ کے آغاز پر مشرقی افغانستان میں ایک داخلی حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا تھا۔ گزشتہ ماہ قندھار میں مقامی گورنر کے ایک کمپاؤنڈ پر حملے میں افغانستان میں تعینات امریکی جنرل کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھی، جب کہ اس واقعے میں افغانستان میں نیٹو فورسز کی کمان کرنے والے امریکی جنرل جنرل اسکاٹ ملر محفوظ رہے تھے۔

[pullquote]تین زیر قید سعودی شہریوں کے لیے متبادل نوبل انعاما[/pullquote]

انسانی حقوق کے تین زیرحراست سعودی شہریوں کوان کی غیرموجودگی میں ’متبادل نوبل انعام‘ دیا گیا ہے۔ رائٹ لائیولی ہُڈ فاؤنڈیشن کی یہ تقریب سویڈن میں منعقد ہوئی، جس میں عبداللہ الحامد، محمد فہد القحطانی اور ولید ابوالخیر کو ملک میں انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کے لیے کام کرنے پر یہ انعام دیا گیا۔ واضح رہے کہ ان تینوں افراد کو سعودی عرب نے طویل قید کی سزائیں سنا رکھی ہیں۔ رائٹ لائیولی ہُڈ فاؤنڈیشن نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جمہوریت اور شہری آزادیوں کے لیے آواز اٹھانے والے افراد کو دھمکانے اور قتل کرنے کا سلسلہ روکے۔

[pullquote]بریگزٹ معاملے پر ٹریزا مے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور سے ملیں گی[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے آج ہفتے کے روز برسلز میں یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹُسک اور یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر سے ملاقات کرنے والی ہیں۔ اس ملاقات کا مقصد یورپی سربراہ کانفرنس میں بریگزٹ سے متعلق مجوزہ معاہدے کو منظور کرانے کے لیے حمایت حاصل کرنا بتایا گیا ہے۔ چالیس برس تک یورپی یونین کا حصہ رہنے کے بعد برطانیہ اب اس بلاک سے نکل رہا ہے، تاہم کئی امور پر اتفاق کے باوجود شمالی آئرلینڈ کی سرحد اور جبرالٹر سمیت متعدد معاملات ابھی حل طلب ہیں۔ ٹریزا مے کے بقول انہوں نے جبرالٹر معاملے پر ہسپانوی وزیراعظم کے ساتھ بات چیت کی ہے۔

[pullquote]بحرین علاقائی اور پارلیمانی انتخابات کی ووٹنگ جاری[/pullquote]

خلیجی ملک بحرین میں ہفتے کے روز عوام علاقائی اور پارلیمانی نمائندوں کے چناؤ کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم اس ملک میں اپوزیشن نے انتخابات کے بائیکاٹ کی کال دے رکھی ہے۔ سن 2011ء میں بحرین میں جمہوریت اور زیادہ شہری آزادیوں کے لیے دیگر عرب ممالک کے طرح مظاہرے ہوئے تھے، تاہم ان مظاہروں کو حکومت نے طاقت کے ذریعے کچل دیا تھا۔ بحرین کو داخلی طور پر سیاسی کشیدگی کے علاوہ اقتصادی مشکلات کا سامنا بھی ہے۔

[pullquote]شام میں انسانی حقوق کے دو معروف کارکنوں کا قتل[/pullquote]

شام کے شمالی صوبے ادلب میں انسانی حقوق کے دو معروف کارکنوں کو قتل کر دیا گیا۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق شدت پسندوں کی مخالفت کرنے والے ان کارکنوں رعید الفارس اور حمود جنید کو جمعے کے روز گولیاں ماری گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان دونوں افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر یہ جان بر نہ ہو سکے۔ فی الحال کسی گروہ یا تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]سیاحت کے فروغ کی کوشش، ایران انٹری اسٹمپ نہیں لگائے گا[/pullquote]

ایران نے ملک میں داخل اور خارج ہونے کے وقت پاسپورٹ پر مہر نہ لگانے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد غیر ملکی سیاحوں کو ایران میں سیاحت کے لیے راغب کرنا ہے۔ سن 2015ء سے ایران، عراق، شام، لیبیا، صومالیہ اور یمن کا سفر کرنے والے افراد کو امریکا میں داخلے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ نیٹو کے سابق سربراہ خاویر سولانا تک کو ماضی میں ایران کا سفر کرنے پر امریکا میں داخلے سے روک دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ مہر سے استثناء اسرائیل سمیت متعدد ممالک میں رائج ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے